• 20 اپریل, 2024

عہدِ سالِ نو

نئے اس سال کے آغاز میں یہ عہد کرنا ہے
کہ جینا ہے اطاعت میں ، اطاعت میں ہی مرنا ہے

نہیں ہم کو خیال اب تو کسی سود و زیاں کا بھی
امام وقت جو چاہیں وہی کچھ کر گزرنا ہے

دعاؤں ہی میں گزریں گے ہمارے روز و شب اب تو
ان آنکھوں سے تو اشکوں کا رواں پہلے ہی جھرنا ہے

سفر ہے کلفتوں سے رہوں بہ جانب منزل
کہ میر کارواں کا تھام کے ہی ہاتھ بڑھنا ہے

نہیں اپنا بھروسہ تیر اور تلوار پہ ہرگز
ہر اک دل کو فتح ہم نے دعاؤں سے ہی کرنا ہے

ہمیں نفسانیت کو قید رکھنا ہے ہر اک لمحہ
خدا کی رحمتوں سے جھولیوں کو اور بھرنا ہے

دلوں میں بت چھپے ہیں جو غرور و کبر و نخوت کے
دعا اور صبر کے ہتھیار لے کر ان سے لڑنا ہے

یہی اک کلید کامیابی زندگانی میں
کہ حبل اللہ کو ہمت سے ہم نے پکڑے رکھنا ہے

دلوں کی دور کر کے ہرکجی محمود پھر ہم کو
خلوص و الفتوں کے زیوروں سے اب سنورنا ہے

(محمود انور ایم۔اے ۔تھائی لین)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

فرمانِ رسول ﷺ