• 24 اپریل, 2024

آج کی دعا

فَقُطِعَ دَابِرُ الۡقَوۡمِ الَّذِیۡنَ ظَلَمُوۡا ؕ وَ الۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ۔

(سورۃ الانعام :46)

ترجمہ: پس کاٹ دی گئی اس قوم کی جڑ جنہوں نے ظلم کیا تھا۔ اور سب حمد اللہ ہی کے لئے ہے جو تمام جہانوں کا ربّ ہے۔

اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنْ جَھْدِ الْبَلَاءِ، وَ دَرْکِ الشَّقَاءِ، وَسُوْءِ الْقَضَاءِ، وَشَمَاتَةِ الأَعْدَاءِ

(صحیح بخاری كِتَابُ الدَّعَوَاتِ بَابُ التَّعَوُّذِ مِنْ جَهْدِ البَلاَءِ حدیث: 6347)

ترجمہ :حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا مانگا کرتے تھے ۔

’’اے اللہ! میں ابتلا کی مشکل سے، بدبختی کی پکڑ سے، تقدیر شر سے اور اپنے اوپر دشمنوں کی ہنسی سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔‘‘

رَبِّ اِنِّیْ مَظْلُوْمٌ فَانْتَصِرْ

(تذکرہ صفحہ:389)

ترجمہ:اے میرے رب العزت مجھ پر ظلم کیا گیاہے۔ میری مدد فرما۔

یہ دعائیں قرآنِ مجید کی (ظالم قوم سے نجات)، پیارے رسولِ اکرم حضرت محمدﷺ کی (مشکلات دور ہونے) اور حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کی (مددِ باری تعالیٰ) کی دعائیں ہیں۔

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز موجودہ حالات کے پیشِ نظر مسلسل احبابِ جماعت کو دعاؤں کی تحریک فرما رہے ہیں ۔آپ اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 29جنوری 2021 میں فرماتے ہیں:
’’دعاؤں کی طرف اب بھی میں توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ پاکستان کے حالات کے لئے خاص طور پر دعا کریں۔ گھروں کی چاردیواری میں بھی اب تو محفوظ نہیں ہیں۔ اپنی جگہوں پر بھی محفوظ نہیں ہیں۔ہر جگہ جہاں مولوی کہتا ہے پولیس والے پہنچ جاتے ہیں۔بعض شریف پولیس والے ایسے بھی ہیں جو کہتے ہیں ہماری ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ لیکن ہم کیا کریں کہ پریشر اتنا پڑتا ہے۔ تو اللہ تعالیٰ ایسے بد فطرت افسران سے بھی ہماری جان چھڑائے، ملک کی جان چھڑائے۔ ہر احمدی کو آزادی سے اور محفوظ طریقے پر اپنے وطن میں رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ خاص طور پر دعائیں کرتے رہیں۔ ان شاء اللہ یہ دعائیں اگر جاری رہیں تو ان شاء اللہ ہم دیکھیں گے کہ مخالفین کا انجام جو ہے وہ نہایت عبرتناک ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دعاؤں کی بھی توفیق دے اور انہیں قبول بھی فرمائے۔‘‘ آمین

(مرسلہ: مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 مارچ 2021