• 20 اپریل, 2024

ریجنل اجتماع لجنہ اماءاللہ با نفورا برکینا فاسوکا کامیاب انعقاد

محض الله تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو خلافت کے زیر سایہ ترقیات کی منازل طے کرنے کی توفیق مل رہی ہے ۔ امسال ریجن بانفورا کی لجنہ نے اپنا ریجنل اجتماع مورخہ 20 اور21 فروری 2021 کو منعقد کیا۔

اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے لجنہ کی ٹیم نے دورے کئے۔لوکل مشنری اور معلمین نے بھی اجتماع کو کامیاب بنانے میں مددکی۔ مقامی ریڈیو پر بھی اس اجتماع کا اعلان کروایا گیا۔

اس سال اجتماع کے انعقاد کے لئے Yongoloko (ینگولوکو) شہر کا انتخاب کیا گیا۔ یہ ریجنل ہیڈ کواٹرز سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ریجنل صدر صاحبہ لجنہ نے وہاں کا دورہ کیا اور مقامی لجنہ کے ساتھ میٹنگ کر کے اجتماع کا تمام پروگرام ترتیب دیا ۔مختلف شعبہ جات کی ٹیمیں بنائیں۔

اس ریجنل اجتماع میں نیشنل صدر لجنہ نے بھی اپنے وفد کے ساتھ شرکت کی ۔نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اور ریجنل عہدیداران کا وفد جب مقام اجتما ع پر پہنچا تو ناصرات احمدیہ اور لجنہ نے اھلاو سھلا و مرحبا کہہ کر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ نعرہائے تکبیر کی صداؤں سے فضا گونج اٹھی۔

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا بعد ازاں تما م لجنہ نے اپنا عہد دہرایا ۔نظم کے بعد نیشنل صدرصاحبہ لجنہ نے خطاب کیا اور افتتاحی دعا کروائی ۔

سب سے پہلے ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے جس میں ناصرات اور لجنہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔بعدازاں صدر صاحبہ نے لجنہ کے ساتھ میٹنگ کی اور ایک دوسرے ریجن کے اجتماع میں شرکت کے لئے روانہ ہوگئیں۔

رات کو لجنہ اور ناصرات کے علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔صبح کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس ہوا۔

صبح آٹھ بجے ریجنل صدر صاحبہ لجنہ کی زیر صدارت اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت کے بعد تمام لجنہ نے عہد دہرایا۔ پھر صدر صاحبہ نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی لجنہ و ناصرات میں انعامات تقسیم کیے۔

اس سال اجتماع کا تمام خرچ لجنہ نے خود اٹھایا تھا اور مرکز سے امداد نہیں لی۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ اللہ تعالیٰ آئندہ مزید مالی قربانی کی توفیق عطا فرمائے ۔اجتماع کی کل حاضری418 لجنہ اور112 ناصرات سمیت 530 رہی۔

اللہ تعالیٰ جماعت برکینا فاسو کی لجنہ کو مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے ۔ آمین

(رپورٹ ثمینہ اعجاز اہلیہ اعجاز احمد صاحب ریجنل مبلغ بانفورا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 اپریل 2021