• 20 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 18؍جنوری 2023ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائیں۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم ڈاکٹر عبد المنان صاحب (لندن)

5؍جنوری 2023ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کی پیدائش قادیان میں ہوئی اور 1956ء میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پربیعت کر کے سلسلہ احمدیہ میں شامل ہوئے۔ ہجرت کے بعد فیصل آباد منتقل ہوئے اور اپنے گھر کے ساتھ والے پلاٹ میں دارالحمد کے نام سے مسجد بنوائی۔ 2015ء میں یوکے شفٹ ہو گئے اور حضور انور کی اجازت سے ہومیو پیتھی ڈیپارٹمنٹ میں خدمت کا موقعہ ملا۔ کووڈ کے دوران بھی ادویات تیار کر کے دیا کرتے تھے۔ مرحوم نماز اور روزہ کے پابند، خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک ہمدرد، نیک، دیندار مخلص بزرگ تھے۔ چندوں میں باقاعدہ اور ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم نعمان ہادی صاحب (مربی سلسلہ۔وکالت تصنیف یوکے) کے نانا تھے۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم میاں محمد صدیق صاحب ابن مکرم میاں قربان حسین صاحب (ربوہ)

6؍ستمبر 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے تین مرتبہ اپنے حلقہ میں زعیم انصار اللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، ایک نیک، مخلص اور غریب پرور انسان تھے۔

-2 مکرمہ مومنہ مبشر صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری مبشر احمد صاحب (ہالینڈ)

23؍دسمبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے پڑدادا حضرت حافظ احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ، دادا حضرت عبد القادر صاحب رضی اللہ عنہ اور نانا حضرت حاجی محمد الدین تہالوی صاحب رضی اللہ عنہ تینوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحومہ لجنہ ہالینڈ کی فعال رکن تھیں۔ مختلف شعبہ جات میں نیشنل اور لوکل سطح پر خدمت کی توفیق پائی۔ کمزوروں اور مظلوموں کے لئے غیر معمولی ہمدردی کا جذبہ رکھتی تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم طلحہ احمد صاحب (مربی سلسلہ) آجکل سلووینیا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-3 مکرمہ شریفاں بی بی صاحبہ (ربوہ)

30؍دسمبر 2022ء کو 93سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ نے اپنے میاں کے ساتھ فرقان بٹالین میں خدمت کی توفیق پائی اور مجاہدین کے کھانے کا انتظام کرتی رہیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، صابرہ وشاکرہ، بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم شمس اقبال صاحب (مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ جرمنی) کی نانی تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 فروری 2023

اگلا پڑھیں

اولاد کو خدا تعالیٰ کے فرماں بردار بنانے کی سعی اور فکر کریں