• 25 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

•مکرم مبشر احمد عابد لکھتے ہیں۔
مورخہ 7مئی 2022ء کے شمارہ الفضل میں، نئے انداز تحریر میں حضرت خدیجہ کی بابت بہت عمدہ مضمون شائع ہوا ہے۔جس میں عورت کو تجارت کرنے، خاوند کی خدمت اور اس کا معاون و مددگار ہونے اور اچھے انداز میں گھر بسانے کے حوالے سے باتوں کو نہایت اچھوتے انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ اللہ تعالی لکھنے والے کو جزا دے۔ آمین۔

•مکرمہ ثمرہ خالد۔ جرمنی سے لکھتی ہیں۔
رمضان المبارک کے حوالے سے تمام مضامین بہت معلوماتی اور معیاری تھے۔ تقریباً روزانہ ایک نئے اور منفرد عنوان کے تحت اداریہ پڑھنے کو ملتا رہا جو ناصرف اپنے اندر دلچسپ معلومات سموئے ہوتا تھابلکہ رمضان کو ایک نئے رنگ سے دیکھنے، سمجھنے اور عملی طور پر اس سے فیض اٹھا نے کی تحریک دِلاتا تھا۔ رمضان المبارک کے تینوں عشروں کی مناسبت سے ادعیہ ماثورہ کی اشاعت ہمارے لئے بہت قیمتی اور پیارا تحفہ تھا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین

مولانا عطاء المجیب راشد صاحب کا شاندار مضمون ’’علم و عمل‘‘ یہ درس لیے ہوئے تھا کہ جب ہمارے اسلاف نے اپنے علم کو عمل کے سانچے میں ڈھالا تو باخدا انسان بن کر زندہ، پائندہ اور قابلِ قدر وقابلِ تقلید مثالیں قائم کیں۔ اللہ کرے کہ ہم بھی اپنے علم کو عمل کے ساتھ زندہ رکھنے والے اور زندگیوں کو سنوارنے والے ہوں۔ آمین

•مکرمہ مغفورہ درانی۔ جرمنی سے لکھتی ہیں۔
’’میں آپ کی شکر گزار ہوں کہ آپ نے میرے عام سے الفاظ کو خوبصورت اور شُستہ انداز دے کر الفضل میں شامل کر لیا جو میرے لیے بہت سعادت کی بات ہے۔ جَزَاکُمُ اللّٰہُ تَعَالیٰ اَحْسَنَ الْجَزَآء۔ ’’اسلامی اصطلاحات کا درست استعمال‘‘ کے موضوع پر آپکی تحریر پڑھ کر مجھے بھی اپنی غلطی کی اصلاح کر نے کا موقع مل گیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور مضمون ’’بنیادی مسائل کے جوابات‘‘ بہت ہی معلوماتی اور عمدہ سلسلہ ہے جو پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جوابات سے مزین ہوتا ہے۔ اسے پڑھ کر روحانی تسکین حاصل ہوتی ہے۔‘‘

’’میں سوچ رہی تھی کہ روزنامہ الفضل کن کن مراحل سے گزرکر ہم تک پہنچتا ہے اور اس سلسلے میں تعاون کرنے والوں کے لیے رشک کے جذبات کے ساتھ ساتھ دل سے دعائیں نکل رہی تھیں۔ کہ کچھ ہی دیر میں الفضل کے نئے شمارہ میں آپکا تفصیلی اداریہ بابت ’’میرا مضمون کب شائع ہوگا‘‘ پڑھ کر دل چاہ رہا ہے کہ سب خدمت کرنے والوں کے لیے روزانہ دو نفل ادا کروں جن کی انتھک اور مسلسل محنت سے یہ اخبار اپنے روحانی مائدے سے بھرپور مضامین کے ساتھ ہمیں فیض پہنچا رہا ہے۔ جَزَاہُمُ اللّٰہُ تَعَالیٰ اَحْسَنَ الْجَزَآء‘‘

•مکرم سید طاہر شاہ لکھتے ہیں۔
مؤرخہ 9مئی 2022ء کے شمارہ میں آپ نے الفضل کی تیاری کے جو مراحل بیان کیے ہیں وہ پڑھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اللہ تعالیٰ آپکی محنت خلوص میں مزید اضافہ کرے اور اس اخبار کو مزید ترقیات سے نوازے۔ بہت شکریہ آپ الفضل شیئر کر دیتے ہیں۔ الفضل پڑھنے کا شوق تو مجھے بچپن سے ہے۔ جب یہ اخبار ربوہ سے شائع ہوتا تھا۔ اس کی بندش پر بہت دل دکھا تھا، پر آج الفضل آن لائن پوری دنیا کے لئے ایک مشعل راہ ثابت ہو رہا ہے۔

• مکرمہ سعدیہ طارق لکھتی ہیں۔
مؤرخہ 10مئی کے شمارہ میں مکرمہ منزہ ولی کے مضمون ’’بچوں میں نمازباجماعت کی عادت قائم کرنے میں ماؤں کا کردار‘‘ میں بہت مؤثر پیرائے میں ماں کی ذمہ داری کا احساس دلایا گیا ہے۔ جَزَاکُمُ اللّٰہُ

عزیزم حاشر کا مضمون ’’حضرت امام شافعی رحمہ اللہ‘‘ پڑھ کر بہت مزہ آیا۔ اللہ اس بچہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارے۔ آمین۔

آپ کے اداریے بعنوان ’’ہر نیا دن موت کے قریب کرتا ہے‘‘ میں ہمیشہ کی طرح منفرد انداز میں آپ نے اللہ کے حقوق کی ادائیگی اور زندگی کا دبے پاؤں تیزی سے گزرنے کا احساس دیا گیا۔

مکرم محمد عمر تماپوری کا مضمون ’’مکہ اور مدینہ میں دس دن‘‘ بہت ہی اچھا لگا پڑھتے ہوئے یوں احساس ہوا کہ میں ان مقامات پر ہی گھوم رہی ہوں۔ فَجَزَاکُمُ اللّٰہُ تَعَالیٰ اَحْسَنَ الْجَزَآء۔

• مکرمہ فوزیہ رفیق۔ناروے سے لکھتی ہیں۔
جس مضمون کا عنوان پر کشش ہو اسے فورا پڑھنے کو دل چاہتا ہے ماشاء اللہ۔ 14 مئی کے اداریہ ’’پھول یوں ہی نہیں کھلا کرتے بیج کو دفن ہونا پڑتا ہے عنوان اور مضمون دونوں بہترین ہیں۔ انڈیا سے جناب عمر تما پوری کا مضمون بعنوان ’’اردو صحافت کے 200 سال اور احمدیہ جماعت کی صحافتی خدمات‘‘ ماشاء اللہ ایک ہی نشست میں پڑھنے والا مضمون ہے۔

•مکرمہ غزالہ مبشر لکھتی ہیں۔
الفضل کی فراہمی پر اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر سے نوازے۔ یہ اتنا معلوماتی ہے کہ ایک بار پڑھنا شروع کردیں تو چھوڑنے کو دل نہیں کرتا۔

•نعمان احمد رحیم لکھتے ہیں۔
مورخہ 9مئی کی اخبار میں اداریہ لفظ لفظ پڑھا جس سے اس محنت اور مشقت اور جذبہ کا علم ہوا جو اخبار کے شائع ہونے تک کام کرتا ہے۔دعا کا موقع بھی ملا آپکی ساری ٹیم کے لیے اللہ تعالیٰ آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔

•مکرم اے آر بھٹی۔ برسبن آسٹریلیا سے لکھتے ہیں۔
روزنامہ الفضل آن لائن لندن مورخہ 9مئی 2022ء میرے سامنے ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ اور پیارے نبی ؐ کے فرمان پڑھنے سے روحانی تسکین ملتی ہے اور اسی طرح حضرت مسیح دوراںؑ کے اور پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات بھی ہمیں روحانی تسکین دیتے ہیں۔ اللہ تعالی ہمیں ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ روزنامہ الفضل آن لائن لندن کی تحریر ’’میرا مضمون کب چھپے گا‘‘ سے ہمیں الفضل کے بارےمیں مکمل گائیڈ لائن ملی۔ اس میں شک نہیں کہ بڑی محنت اور جانفشانی سے کارکنان اسے پایہٴ تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔ ہم تو بنی بنائی الفضل پڑھ لیتے ہیں اور جو اسے اخبار بناتے ہیں انہیں اللہ پاک اس کا اجر دے آمین۔ اس کی بدولت دنیا میں جماعت کی ترقی کے بارے میں آگاہی ملتی ہے۔ دعا ہےکہ خدا تعالیٰ وہ دن جلد لائے جب دنیا کا ہر ملک اس روحانی پانی کو پی سکے آمین۔ فقہی کارنر، آج کی دعا، دوستوں کی آراء غرض تمام تحریرات اپنی مثال آپ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان تمام لکھنے والوں کو اپنے فضلوں سے نوازے۔ آمین۔ ہمارے پیارے امام کو صحت و تندرستی سے رکھے اور پوری دنیا میں آپ کا فرمان یعنی حقیقی اسلام کا پیغام پھیلتا رہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ آپ کی نصائح پر عمل کی توفیق دے آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ