• 23 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ سیرالیون کے صد سالہ جشن تشکر کی تقریبات کا بابرکت انعقاد

19؍فروری کادن جماعت احمدیہ سیرالیون کی تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آج سے سو سال پہلے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولانا عبدالرحیم نیر صاحبؓ غانا جاتے ہوئے راستہ میں 19؍ فروری 1921 ء کو سیرالیون اترے اور مسلسل تین دن یہاں تبلیغ کرنے کے بعد آگے روانہ ہوئے۔ یہ دن سیرالیون کے مسلمانوں کے لئے انتہائی خوشی کے دن تھے۔ مولانا عبدالرحیم نیر صاحب نے اس مختصر قیام میں کئی لیکچر دئے اور سرکردہ مسلمان نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ہر ممکنہ طور پر اسلام احمدیت کا پیغام یہاں کے لوگوں کو پہنچایا۔ اس بابرکت موقع کے سو سال پورے ہونے پر ملک بھر میں تین روزہ صد سالہ جشنِ تشکر کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ (سیرالیون میں جماعت کا پیغام بذریعہ لٹریچر تو 1915 ؍ میں ہی پہنچ گیا تھا اور 1916 ء میں ایک مقامی شخص Pa Musa Gerber نے بذریعہ خط بیعت کی سعادت حاصل کی تھی۔)

محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مؤرخہ 19 فروری 2021 کو جماعت احمدیہ سیرالیون کو ایک سو سال مکمل ہوئے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔

اس موقع کی مناسبت سے ایک پروگرام بنایا گیا جو تین روز پر مشتمل تھا۔یہ پروگرام سارے ملک کی جماعتوں میں بھجوایا گیا تا کہ سارے ملک میں ایک ہی طرز کے پروگراموں کا انعقاد ہو۔ان پروگراموں کا باقاعدہ آغاز مؤرخہ 18 فروری 2021 کو ہوا۔جمعرات کے روز سارے ملک میں احمدی احباب کو خصوصی طور پر نفلی روزہ رکھنے کی تحریک کی گئی اور موصولہ رپورٹس کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے 5202 افراد نے روزہ رکھا۔جبکہ اسی موقع کی مناسبت سے ملک کے تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز اور مساجد کو رنگ وروغن کیا گیا اور جھنڈیوں ، جوبلی بینرز اورجوبلی سٹکرز سے ان کو مزین کیا گیا اور کئی مساجد و مشن ہاؤسز کی تزئین کیلئے آرائشی لائٹس بھی لگائی گئیں۔اسی روز احباب جماعت نے حضور انور کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط بھی لکھے جن کی تعداد 1,966 تھی۔

مؤرخہ 19 فروری 2021 کو احباب جماعت کو خصوصی طور پر نماز جمعہ اپنی اپنی مساجد میں باجماعت ادا کرنے کی تحریک کی گئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے مساجد نمازیوں سے بھری رہیں۔جماعت احمدیہ کے سو سال پورے ہونے کی مناسبت سے جماعت احمدیہ سیرالیون کی تاریخ پر مبنی ایک مختصر خطبہ جمعہ تیار کر کے ملک کی تمام جماعتوں میں بھجوایا گیا اور تمام مساجد میں جمعہ کے روز وہی خطبہ دیا گیا۔اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے جماعت احمدیہ سیرالیون کے نام ازراہ شفقت بھجوایا گیا پیغام بھی اس خطبہ جمعہ کے حصہ کے طور پر شامل کیا گیا تا کہ تمام احباب جماعت پیارے آقا کے پیغام کو سن سکیں اور اس پر عمل بھی کر سکیں۔اسی طرح اس پیغام کا ترجمہ ملکی لوکل زبانوں میں بھی کیا گیا اور اسے بار بار ریڈیو پر پڑھ کر سنایا گیا تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے سمجھ بھی سکیں۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کا اردو ترجمہ

سعیدالرحمن صاحب
امیرو مبلغ انچارج
احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون اپنے سو سال مکمل ہونے کی تقریبات منا رہی ہے۔ ماشاءاللہ

اس عرصہ کے دوران جماعت نے سیرالیون میں تمام میدانوں میں بہت کامیابیاں حاصل کیں۔ لیکن ابھی آپ کے سامنے ایک لمبا سفر ہے جسے آپ نے مکمل کرنا ہے۔ اوراس کے لئے آپ کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سیرالیون کے تمام لوگوں تک پہنچانی ہوں گی۔ آپ کو ان کو آگاہ کرنا ہوگا کہ انسان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے ایک قریبی تعلق پیدا کرے۔ انسان کو اپنے خالق سے متعلق آگاہی حاصل کرنی ہوگی۔ اور یہی حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد کا مقصد تھا، جن کے آنے کی واضح پیشگوئی حضرت محمد ﷺ نے فرمائی تھی۔ آپ کے آنے کا ایک بنیادی مقصد یہ تھا کہ انسان کو یہ پتہ چلے کہ ہماراخالق اللہ ہے جو ایک ہے، جو تمام جہانوں کا رب ہے اور تمام طاقتوں کا مالک ہے۔

اس مقصد کے لئے حضرت مسیح موعود ؑ نے اپنی تمام زندگی ہمیں یہ سکھانے میں وقف کی کہ ہمیں اپنے آپ کو مکمل طور پر ، واحد و یگانہ اور حقیقی طاقتوراللہ کے سپرد کردینا چاہئے اور اس کے سامنے جھکنا چاہئے۔

مولانا عبدالرحیم نیر صاحب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلے مبلغ تھے جنہوں نے 19 ؍ فروری 1921 ء کو سیرالیون کے ساحل پر قدم رکھے۔ آپ کے بعد کے ابتدائی مبلغین میں مولانا حکیم فضل الرحمن صاحب اور مولانا نذیر احمد علی شامل ہیں جنہوں نے اسلام کے لئے بڑی قربانیاں دیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو ان کو قربانیوں کی حقیقی روح کو سمجھنے کا موقع دے اور آپ کو اپنے آپ میں ایک خالص تبدیلی لانے کی توفیق دے تاکہ آپ ان کے روشن نقوشِ قدم پر چلتے ہوئے اسلام کا حقیقی پیغام اس زمین میں رہنے والے ہر ایک تک پہنچا سکیں اور ان کو حضرت محمد ﷺ کے جھنڈے تلے لے آئیں تا وہ خدائے واحد و یگانہ کے عبادت گذار بندے بن جائیں۔ اللہ آپ کو یہ ذمہ داری ادا کرنے کی توفیق دے آمین۔

جیسا کہ میں نے پہلے کہا ہے کہ آپ کے سامنے ایک لمبا سفر ہے۔ اب جب کہ پہلے سو سال مکمل ہوچکے ہیں ، آپ کو اب ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے آپ کو جماعت کی خدمت کے لئے وقف کردینا چاہیئے۔ آپ کو صرف اس بات پر اکتفا نہیں کرنا چاہئے اور خوش ہونا چاہئے کہ سیرالیون میں جماعت کو قائم ہوئے سو سال مکمل ہوگئے ہیں۔ بلکہ آپ کو ایک سچا تجزیہ کرنا چاہئے کہ آپ نے ان گذرے ہوئے سو سالوں میں کیا کیا ہے؟ آپ کو اپنے آپ سے پوچھنا چاہئے کہ آپ نے کیا کامیابیاں حاصل کیں ہیں؟ اور کس طرح آپ زیادہ رفتار کے ساتھ مزید کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں؟ اور کس طرح اپنی کمزوریوں کو دور کرسکتے ہیں؟ صرف وہی قومیں کامیاب ہو رہی ہیں جو مسلسل اپنی کارکردگی میں بہتری لارہی ہیں اور نئے منصوبے بناتی ہیں کہ کس طرح مزید آگے بڑھا جاسکے۔ اس لئے آپ کو تبلیغ اور احبابِ جماعت کی تربیت کے لئے ملکی سطح پر نئی حکمتِ عملی اپنانی ہوگی تاکہ آپ اس قدر مسلسل آگے بڑھتے چلے جائیں کہ آنے والے سالوں میں جماعت کی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہو۔ سب سے ضروری یہ ہے کہ یہ صرف عہدےداران کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ ضروری ہے کہ تمام احبابِ جماعت اس میں مکمل طور پر شامل ہوں اور ان پروگراموں کو نافذ کریں اور ان عظیم مقاصد کو حاصل کریں۔ اللہ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق دے۔ اللہ آپ پر فضل فرمائے۔

آپ کا مخلص
دستخط
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

19 فروری 2021ء کے روز تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں ایک ایک بکرا بطور صدقہ ذبح کیا گیا اور ایک احمدی خادم مکرم موسیٰ میوا صاحب کی طرف سے 4 گائیں بھی بطور صدقہ ذبح کی گئیں اور ان کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا گیا۔

اسی روز مختلف ریڈیو چینلز پر 31 خصوصی پروگرامز کئے گئے اور 3 ٹی وی چینلز پر بھی لائیو پروگرام کئے گئے جن میں جماعت احمدیہ کے تعارف، تعلیمات اور خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت بڑی تعداد میں جماعت کا تعارف لوگوں تک پہنچا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے بذریعہ فون و سوشل میڈیا جماعت احمدیہ کے سو سال پورے ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

19 فروری کی رات کو احمدیہ ریڈیو فری ٹاؤن، BOاور مکینی پر ایک مختصر لائیو پروگرام کیا گیا جس میں جماعت احمدیہ کی سو سالہ تاریخ اور خدمات پر مختصر روشنی ڈالی گئی اور اس کے آخر میں مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی جس میں سارے ملک سے احمدی و غیر احمدی احباب شامل ہوئے۔سارے ملک سے لوگوں نے مبارکباد کے پیغامات بھجوائے جن میں سےکچھ ریڈیو پر پڑھ کر بھی سنائے گئے۔

مؤرخہ20 فروری2021ء کی صبح سارے ملک میں باجماعت نماز تہجد کی تحریک کی گئی۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل سےبڑی تعداد میں احباب جماعت نے مساجد اور گھروں میں باجماعت نماز تہجد ادا کی۔

20 فروری کی مناسبت سے سارے ملک میں خصوصی طور پر یوم مصلح موعودؓ کے حوالہ سے اجلاسات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ان پروگراموں میں اطفال، خدام اور انصار نے سیرت و سوانح حضرت مصلح موعوؓد کے حوالہ سے مختلف تقاریر تیار کیں اور بھرپور جوش و جذبہ سے ان پروگراموں کو کامیاب بنایا۔الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اس کے علاوہ کئی ریجنز میں ممبران جماعت نے مارچ پاسٹ کیا اور نعرہ ہائے تکبیر بلند کئے۔شاملین نے جماعتی تعارف، پیغامات اور جماعتی خدمات کے متعلق بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ مختلف مقامات پر جوبلی کی مناسبت سے خصوصی پروگراموں کا انعقاد بھی ہوا جس میں اطفال، ناصرات، لجنہ، خدام اور انصار نے حصہ لیا۔ ان پروگراموں میں خدام، انصار، لجنہ، ناصرات اور اطفال نے اپنے اپنے تنظیمی عہد بآواز بلند دہرائے اور بچوں وبچیوں نے مختلف نظمیں پڑھیں اور شاملین کو ان پروگرامز کے بعد کھانا بھی پیش کیا گیا ۔ خدام نے مختلف ریجنز میں خصوصی وقار عمل کا بھی اہتمام کیا جس میں بچوں اور بڑوں نے یکساں شوق سے حصہ لیا۔ Mile 91 ریجن میں پروگرام کا انعقاد کیا اور اس میں وہاں کے ریجنٹ چیف کو بھی مدعو کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ٹھیک طرح سے جماعتی تعلیمات کا علم نہیں تھا اسلئے سوچا آج خود جا کر دیکھتا ہوں۔میں نے بڑی اچھی طرح مشاہدہ کیا ہے کہ جماعت احمدیہ قرآن و سنت پر عمل کرتی ہے اور رسول کریم ﷺ سے بےانتہا محبت بھی رکھتی ہے۔ آج میں بہت متاثر ہوا ہوں اورمجھے پختہ یقین ہے کہ جماعت احمدیہ ہی صحیح اور حقیقی معنوں میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرتی ہے۔

جامعۃ المبشرین سیرالیون کو اس موقع پر نہایت سادگی کے ساتھ رنگ و روغن، جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا گیا۔ مجوزہ پروگرام کے مطابق جملہ طلباء جامعہ نے مؤرخہ 18؍فروری کو نفلی روزہ رکھا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے۔ مورخہ 19؍فروری بروز جمعہ باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا اور جامعہ کی طرف سے ایک بکرا صدقہ کیا گیا۔ دن کے وقت جامعہ کے طلباء کے درمیان ایک فٹ بال میچ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مقامی جماعت بو ریجن کی طرف سے ایک مارچ پاسٹ کا انتظام کیا گیا تھا جس میں جامعہ کے جملہ طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی۔ شام کو اساتذہ اور طلباء کے درمیان ایک نمائشی والی بال میچ ہوا جسے طلباء نے باآسانی جیت لیا۔

مؤرخہ 20؍فروری کو نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ اسی دن شام کو طلباء نے ناصر احمدیہ سنٹرل مسجد میں ریجنل طور پر ہونے والی صد سالہ تقریبات کے پروگرام میں شرکت کی۔

مؤرخہ21؍فروری کو جامعۃ المبشرین میں یوم مصلح موعودؓ اور صد سالہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز بعد نماز عصر مولانا سعیدالرحمن صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد ایک طالب علم نےصدسالہ جوبلی کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارشاد فرمودہ پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر طلباء نے صد سالہ جوبلی سے متعلق ایک نظم انگریزی زبان میں پڑھ کرسنائی۔ پروگرام کی آخری تقریرمکرم امیر صاحب نے کی جس میں آپ نے ابتدائی مبلغین کی کوششوں کا ذکر فرمایا اور تبلیغ کے میدان میں ان کی انتھک کوششوں اور قربانیوں کا ذکر کیا اور طلباء کو نصیحت فرمائی کہ وہ اپنے عہد بیعت اور عہد وقف کو بہترین طور پر پورا کرنے والے ہوں۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد نماز مغرب اور عشاء جمع کرکے ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد طلباء اور مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری مساعی میں برکت ڈالے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (سیرالیون))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 اپریل 2021