• 19 اپریل, 2024

سچے خدا کے ذریعہ آسمانی نشانوں کے انعام …

سچے خدا کے ذریعہ آسمانی نشانوں کے انعام،محبت الٰہی و عشق رسولؐ اور قرآن شریف کی برکات حضرت مسیح موعود ؑ کے خداتعالیٰ اور آنحضرت ﷺ کے عشق و محبت میں ڈوبے ہوئے اور دلوں کو گرما دینے والے پُر معارف ارشادات

محبت الٰہی کی خاص تجلی

فرمایا:میرا ذاتی تجربہ ہے کہ آنحضرت ؐ کی سچے دل سے پیروی کرنا اور آپ ؐ سے محبت رکھنا انجام کار انسان کو خدا کا پیارا بنا دیتا ہے۔اس طرح پر کہ خود اس کے دل میں محبت الٰہی کی ایک سوزش پیدا کردیتا ہے ۔تب ایسا شخص ہر ایک چیز سے دل بر داشتہ ہو کر خدا کی طرف جھک جاتا ہے اور اس کا انس و شوق صرف خدا تعالیٰ سے باقی رہ جاتا ہے۔تب محبت الٰہی کی ایک خاص تجلی اس پر پڑتی ہے اور اس کو ایک پورا رنگ عشق اور محبت کا دے کر قوی جذبہ کے ساتھ اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔تب جذبات نفسانیہ پر وہ غالب آجاتا ہے اور اس کی تائید و نصرت میں ہر ایک پہلو سے خدا تعالیٰ کے خارق عادت افعال نشانوں کے رنگ میں ظاہر ہوتے ہیں۔

(حقیقیۃ الوحی روحانی خزائن جلد 22 ص 67)

قرآن شریف کے ذریعہ خدا کی کشش کا حصول

فرمایا: اس لئے میں ہر ایک پر یہ بات ظاہر کرتا ہوں کہ وہ کتاب جو ان ضرورتوں کو پورا کرتی ہے وہ قرآن شریف ہے اس کے ذریعہ سے خدا کی طرف انسان کو ایک کشش پیدا ہو جاتی ہے اور دنیا کی محبت سرد ہو جاتی ہے ۔اور وہ خدا جو نہاں در نہاں ہے اس کی پیروی سے آخر کار اپنے تئیں ظاہر کرتا ہے اور وہ قادر جس کی قوتوں کو غیر قومیں نہیں جانتیں قرآن کی پیروی کرنے والے کو خود دکھا دیتا ہے اور عالم ملکوت کا اس کو سیر کراتا ہے اور اپنے انا الموجود ہونے کی آواز سے آپ اپنی ہستی کی اس کو خبر دیتا ہے ۔

(چشمہ معرفت ۔روحانی خزائن جلد 23 ص 307)

قرآن شریف اور معرفت تامہ

’’اب جب ہم قرآن شریف کو دیکھتے ہیں تو ہم اس میں کھلے طور پر وہ وسائل پاتے ہیں جن سے خدا تعالیٰ کی معرفت تامہ حاصل ہو سکے اور پھر خوف غالب ہو کر گناہوں سے رک سکیں۔کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ اس کی پیروی سے مکالمہ مخاطبہ الٰہیہ نصیب ہو جاتا ہے اور آسمانی نشان ظاہر ہوتے ہیں۔اور انسان خدا سے علم غیب پاتا ہے اور ایک محکم تعلق اس سے پیدا ہو جاتا ہے اور دل خدا کے وصال کے لئے جوش مارتا ہے اور اس کو ہر ایک چیز پر مقدم کر لیتا ہے اور دعائیں قبول ہو کر اطلاع دی جاتی ہے اور ایک دریا معرفت کا جاری ہو جاتا ہے جو گناہ سے روکتا ہے‘‘

(لیکچر لاہور۔روحانی خزائن جلد 20 ص 167)

خدا سرچشمہ نجات ہے

«واضح رہے کہ مذہب کے اختیار کرنے سے اصل غرض یہ ہے کہ تا وہ خدا جو سرچشمہ نجات کا ہے اس پر ایسا کامل یقین آجائے کہ گویا اس کو آنکھ سے دیکھ لیا جائے ۔کیونکہ گناہ کی خبیث روح انسان کو ہلاک کرنا چاہتی ہے اور انسان گناہ کی مہلک زہر سے کسی طرح بچ نہیں سکتا جب تک اس کو اس کامل اور زندہ خدا پر پورا یقین نہ ہو۔

(نسیم دعوت۔روحانی خزائن جلد 19 ص 447)

خدا تک پہنچانے کی حقیقت

’’ہم اس بات کے گواہ ہیں اور تمام دنیا کے سامنے اس شہادت کو ادا کرتے ہیں کہ ہم نے اس حقیقت کو جو خدا تک پہنچاتی ہے قرآن سے پایا ہم نے اس خدا کی آواز سنی اور اس کے پُرزور بازو کے نشٍان دیکھے جس نے قرآن کو بھیجا۔سو ہم یقین لائے کہ وہی سچا خدا اور تمام جہانوں کا مالک ہے۔ہمارا دل اس یقین سے ایساپُر ہے جیسا کہ سمندر کی زمین پانی سے ۔سو ہم بصیرت کی راہ سے اس دین اور اس روشنی کی طرف ہر ایک کو بلاتے ہیں ہم نے اس نور حقیقی کو پایا جس کے ساتھ سب ظلمانی پردے اٹھ جاتے ہیں اور غیر اللہ سے درحقیقت دل ٹھنڈا ہو جاتا ہے ۔یہی ایک راہ ہے جس سے انسان نفسانی جذبات اور ظلمات سے ایسا باہر آجاتا ہے جیسا کہ سانپ اپنی کینچلی سے۔‘‘

(کتاب البریہ۔روحانی خزائن جلد 13 ص 65)

بے شمار برکتوں، قدرتوں اور حسن والا سچا خدا

’’اس قادر اور سچے اور کامل خدا کو ہماری روح اور ہمارا ذرہ ذرہ وجود کا سجدہ کرتا ہے۔ جس کے ہاتھ سے ہر ایک روح اور ہر ایک ذرہ مخلوقات کا مع اپنی تمام قویٰ کے ظہور پذیر ہوا۔ اور جس کے وجود سے ہر ایک وجود قائم ہے۔ اور کوئی چیز نہ اس کے علم سے باہر ہے اور نہ اس کے تصرف سے۔ نہ اس کے خلق سے۔ اور ہزاروں درود اور سلام اور رحمتیں اور برکتیں اس پاک نبی محمد ﷺ پر نازل ہوں جس کے ذریعہ سے ہم نے وہ زندہ خدا پایا ۔جو آپ کلام کر کے اپنی ہستی کا آپ ہمیں نشان دیتا ہے اور آپ فوق العادت نشان دکھلا کر اپنی قدیم اور کامل طاقتوں اور قوتوں کا ہم کو چمکنے ووالا چہرہ دکھاتا ہے۔ سو ہم نے ایسے رسول کو پایا جس نے خدا کو ہمیں دکھلایا۔ اور ایسے خدا کو پایا جس نے اپنی کامل طاقت سے ہر ایک چیز کو بنا یا۔ اس کی قدرت کیا ہی عظمت اپنے اندر رکھتی ہے جس کے بغیر کسی چیز نے نقش وجود نہیں پکڑ ا۔ اور جس کے سہارے کے بغیر کوئی چیز قائم نہیں رہ سکتی۔ وہ ہمارا سچا خدا بےشمار برکتوں والا ہے۔ اور بے شمار قدرتوں والا اور بے شمار حسن والا، احسان والا اس کے سوا کوئی اور خدا نہیں۔‘‘

(نسیم دعوت۔روحانی خزائن جلد19 ص363)

ہمیشہ کی روحانی زندگی والا نبی ؐ

«اے تمام وہ لوگو جو زمین پر رہتے ہو !اور اے تمام وہ انسانی روحو جو مشرق اور مغرب میں آباد ہو!میں پورے زور کے ساتھ آپ کو اس طرف دعوت کرتا ہوں کہ اب زمین پر سچا مذہب صرف اسلام ہے اور سچا خدا بھی وہی خدا ہے جو قرآن نے بیان کیا ہے۔اور ہمیشہ کی روحانی زندگی والا نبی اور جلال اور تقدس کے تخت پر بیٹھنے والا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ ہے جس کی روحانی زندگی اور پاک جلال کا ہمیں یہ ثبوت ملا کہ اس کی پیروی اور محبت سے ہم روح القدس اور خدا کے مکالمہ اور آسمانی نشانوں کے انعام پاتے ہیں»

(تریاق القلوب۔روحانی خزائن جلد15 ص141)

(ایف شمس)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 03 اگست 2020ء