• 20 اپریل, 2024

تاریخ جلسہ ہائے سالانہ جماعت احمدیہ امریکہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ امریکہ کو ہر سال باقاعدگی کے ساتھ جماعت کی اعلیٰ روایات کے مطابق جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملتی رہی ہے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔ ذیل میں چند جلسہ ہائے سالانہ اور ان کے نمایاں واقعات کا ایک مختصر خاکہ پیش کیا جا رہا ہے۔

پہلا جلسہ سالانہ۔ 1948ء (ڈیٹن اوہائیو)

اس جلسہ سے تاریخِ احمدیت امریکہ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا۔ اس سال جماعتِ احمدیہ کو سر زمینِ امریکہ میں پہلا جلسہ منعقد کرنے کی سعادت ملی۔ حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسّلام نے جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد میں سے ایک مقصد یورپ اور امریکہ میں تبلیغ اسلام کی تدابیر سوچنا بھی بیان فرمایا تھا
’’اس جلسہ میں ایسے حقائق اور معارف سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں … اس جلسہ کی اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کی معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل اور توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو … پھر اس ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقاتِ اخوّت استحکام پذیر ہوں گے ماسوا اس جلسہ میں یہ بھی ضروریات میں سے ہے کہ یورپ اور امریکہ کی دینی ہمدردی کے لئے تدابیرِ حسنہ پیش کی جائیں کیونکہ یہ ثابت شدہ امر ہے کہ یورپ اور امریکہ کے سعید لوگ اسلام قبول کرنے کے لئے طیار ہورہے ہیں‘‘۔

(اشتہار 7 دسمبر 1892ء مجموعہ اشتہارات جلد اوّل، صفحہ340) (احمدیہ گزٹ 2004ء صفحہ7)

چنانچہ یورپ اور امریکہ میں اشاعتِ اسلام کے لئے جس خواہش کا اظہار حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسّلام نے فرمایا، اِس جلسہ کے انعقاد کے ذریعہ ابتدا میں سینکڑوں اور وقت کے ساتھ ساتھ ہزاروں سعید روحوں کو اسلام اور احمدیت کے حقیقی پیغام سے مستفید ہونے کا موقع ملا اور اسلام کی اشاعت کا سلسلہ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے تا حال جاری ہے۔

اس پہلے جلسہ سے 28 سال قبل حضرت خلیفۃ المسیح الثّانی رضی اللہ عنہ نے حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسّلام کے صحابی حضرت مفتی محمد صادقؓ کو امریکہ میں لوگوں کو اسلام اور احمدیت کی تبلیغ کے لیے بھیجا تھا۔ انہوں نے اپنے اس مشن کے لئے شکاگو میں مرکز بنایا۔ ایک چوتھائی صدی میں یہ ایک واحد آواز تھی جو اسلام کی سچائی کو ثابت کرنے کے لئے بلند ہوئی اور آج اس جلسہ میں کثیر تعداد میں امریکن احمدی اپنے دلوں میں سچا جذبہ لئے اس آواز اور اس امن کے پیغام کو دنیا میں پھیلانے کے لئے پُر جوش عہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

1948ء کا یہ پہلا جلسہ امریکہ کی مختلف جماعتوں کے باہمی تعاون سے ترتیب پایا۔ اس کا پروگرام تعلیمی، تربیتی، معاشرتی اور تبلیغی موضوعات پر مشتمل تھا۔ مرکزی سیکریٹریز کا بھی تعیّن ہوا تاکہ کاموں کو مختلف جماعتوں میں بانٹا جا سکے۔

دوسرا جلسہ سالانہ۔19-17ستمبر 1949ء (ڈیٹن، اوہائیو)

یہ جلسہ اس لئے اہمیت رکھتا ہے کہ اس کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الثّانی رضی اللہ عنہ نے اپنا پیغام بھیجا جو جلسے میں پڑھ کر سنایا گیا۔ اس پیغام میں آپؓ نے فرمایا
خدا تعالیٰ آپ کی، آپ کے مبلّغین اور آپ کے ملک کی تائید فرمائے تاکہ آپ خدا تعالیٰ کے فضلوں اور اپنے اس ملک سے برکتیں حاصل کرنے والے ہوں۔ اپنی انتھک محنت اور خدا تعالیٰ کے فضل سے پہلے لوگوں میں سے ہوں جو خدا تعالیٰ کے اس سچے مذہب کو مضبوطی سے تھامنے والے ہوں جس کی سچائی کو ہمارے وقت میں احمدیت کے ذریعہ پیش کیا گیا ہے۔

(ترجمہ از50th USA Jalsa Souvenir صفحہ 19)

چوتھا جلسہ سالانہ

یہ جلسہ یکم،2ستمبر1951ء کوکلیو لینڈ میں منعقد ہوا۔ جس میں دو سو احباب نے شرکت کی کنونشن میں تقاریر کے علاوہ گزشتہ سال کی کار گزاری اورآئندہ سال کے پروگرام پر بھی غوروفکر کیا گیا

(بحوالہ تاریخ احمدیت جلد 14ص43)

پانچواں جلسہ سالانہ۔ 31 اگست تا2ستمبر1952ء
(ڈیٹن، اوہائیو)

اس جلسہ کے بارے میں حضرت علی محمد صاحبؓ بی اے، بی ٹی ریویو آف ریلیجنز میں تحریر فرماتے ہیں
’’اس جلسہ میں جماعت کے سب مشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس کو دیکھ کر ایک عجیب خوشی کا احساس ہوتا ہےکہ کس طرح مشرق اور مغرب ایک اخوت کا جذبہ لئے ہوئے اورایک ہی مقصد کےساتھ اسلام کا پیغام غیر مسلموں کو پہنچا رہے ہیں۔ ایک نئی سکیم امریکہ میں اسلام پھیلانے کے لیے تشکیل دی جارہی ہے۔اس میں محترم خلیل احمد ناصراس کے روحِ رواں نظر آتے ہیں‘‘۔

نواں جلسہ سالانہ، یکم ستمبر 1956ء

اس جلسہ میں دو سو افراد نے شرکت کی اور خلافت سے وابستگی اور اس کی خاطر قربانی دینے کا عہد کیا۔ متعدد سب کمیٹیوں کی تشکیل ہوئی۔ لجنہ، خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ کے اجلاس بھی ہوئے۔ عام اجلاس میں نہایت ایمان افروز تقاریر ہوئیں مقامی اخبارات میں کانفرنس کی کارروائی شائع ہوئی

(بحوالہ تاریخ احمدیت جلد 19 صفحہ 383)

دسواں جلسہ سالانہ۔31 اگست تا 2 ستمبر 1957ء (ڈیٹن، اوہائیو)

اس جلسہ میں وکیل التبشیر صاحب کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا آئندہ سال کے منصوبہ جات اور بجٹ بھی زیر بحث لائے گئے۔ دو ممبران ِجماعت نے اپنی پراپرٹی مشن ہاؤس کے لیے پیش کی۔

سولہواں جلسہ سالانہ 1963ء

جماعت احمدیہ کی سالانہ کانفرنس اس سال 30۔31اگست اور یکم ستمبر کو کلیو لینڈ میں ہوئی جس میں سولہ جماعتوں (واشنگٹن، بالٹی مور، پٹس برگ، فلاڈلفیا، نیویارک، باسٹن، ینگس ٹاؤن، کیونگٹن، ولیمسک، ولیمزیے، ڈیٹرائیٹ، شکاگو، ملواکی، انڈیاناپولس، سینٹ لوئیس، ڈیٹن) کے دو سو نمائندے شامل ہوئے۔ صوفی عبدالغفور صاحب نے جلسہ کا افتتاح کیا۔ مقررین میں امریکہ کے مبلغین کے علاوہ سید عبدالرحمٰن صاحب، ابوالکلام صاحب پٹس برگ، سردار حمید صاحب کینیڈا، خلیل محمود صاحب باسٹن، احمد حیات پٹس برگ، احمد ریاض صاحب پٹس برگ، پریذیڈنٹ خدام الاحمدیہ امریکہ، منیر احمد صاحب سینٹ لوئیس، محمد صادق صاحب نیو یارک، احمد شہید صاحب، پٹس برگ اور بشیر افضل صاحب نیویارک شامل تھے۔ اس موقع پر خدام الاحمدیہ، انصاراللہ اور لجنہ اما ء اللہ کے اجلاسات بھی ہوئے۔

(تاریخ احمدیت جلد22 صفحہ347)

ستارہواں جلسہ سالانہ 1964ء

یہ جلسہ بھی کلیو لینڈ میں ہوا۔ جلسہ میں واشنگٹن، بالٹی مور، فلاڈلفیا، نیویارک، ولمنسٹک، پٹس برگ، ینگس ٹاؤن، ڈیٹرائیٹ، شکاگو، ملواکی، سینٹ لوئیس اور کینیڈا کی جماعتوں میں سے دو سو نمائندگان شامل ہوئے۔ مجاہدینِ احمدیت اور ممبرانِ جماعت نے اسلام اور عیسائیت کے مختلف موضوعات پر تقاریر فرمائیں۔ دوران جلسہ لجنہ اما ء اللہ، خدام الاحمدیہ اور انصاراللہ کی تنظیموں کے اجلاسوں کے علاوہ مشاورتی بورڈ کا بھی اجلاس ہوا۔

(تاریخ احمدیت جلد22 صفحہ710)

انیسواں جلسہ سالانہ۔30 اگست تا یکم ستمبر 1966ء (ڈیٹن،اوہائیو)

وہاں کی نئی تعمیر شدہ مسجد میں منعقد ہوا۔ اس میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ اور وکیل التبشیر صاحب کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس جلسہ میں مختلف مذاہب و ممالک اور رنگ و نسل کے لوگوں نے شرکت کی۔

بائیسواں جلسہ سالانہ۔ 30تا31 اگست1969ء (ڈیٹن،اوہائیو)

اس جلسہ میں کثیر تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔

پچیسواں جلسہ سالانہ۔ یکم تا3/ستمبر 1972ء (لیک فوریسٹ، Illinois)

اس جلسہ کے پروگرام میں اہم موضوعات پر تقاریرشامل تھیں۔ ذیلی تنظیموں کے اجلاسوں اور پہلی مجلسِ شوریٰ کا انعقاد بھی ہوا۔ یہ جلسہ اس لحاظ سے بھی منفرد حیثیت کاحامل تھا کہ اس میں مجلسِ شوریٰ امریکہ کاپہلا اجلاس بلایا گیا۔ اس میں خاص منصوبوں پر گفتگو اور اظہارِ رائے ہوا جس میں اسکول کمیٹی، مساجد کی تعمیراتی کمیٹی، تبلیغ و اشاعت، وصیت اور قادیان سروس کی کمیٹی شامل تھی۔ اس جلسہ کی ایک اور نمایاں بات یہ تھی کہ اس کے پروگرام میں شاملین جلسہ کا زائن شہر کا دورہ بھی شامل تھا جس کا انتظام جماعت کی طرف سے کیا گیا تھا۔

اس سال لجنہ اماء اللہ امریکہ کے قیام کی پچاس سالہ تقریب کی خوشی میں لجنہ امریکہ نے سالانہ کنونشن کے موقع پر جو پروگرام شائع کیا اس کا نام American Lajna Ima’illah Commemorative Program رکھا گیا۔ اس میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی فوٹو بھی شامل کی گئی۔

(بحوالہ تاریخ احمدیت جلد28 صفحہ144)

چھبیسواں جلسہ سالانہ۔ 1973ء
(لیک فوریسٹ، Illinois)

صاحبزادہ مرزا مظفر احمد صاحب کے خطاب سے اس جلسے کا افتتاح ہوا۔

اٹھائیسواں جلسہ سالانہ۔29تا31اگست1975ء
(وِلبرفورس سنٹرل سٹیٹ یونیورسٹی، اوہائیو)

اس جلسہ کے پروگرام میں تقاریر اور مختلف رپورٹس پڑھ کر سنائی گئیں۔ اسی جلسہ کے دوران مقررہ وقت کے لیے لجنہ اما ء اللہ کا علیحدہ اجلاس بھی ہوا۔

انتیسواں جلسہ سالانہ۔ 1976ء
(میڈیسن، نیو جرسی)

یہ جلسہ نیو جرسی کی ڈریو یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ اس جلسہ کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ اس میں پہلی بار حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تشریف لائے۔ یہ حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے کسی بھی خلیفہ کا امریکہ اور کینیڈا کی جماعتوں کا پہلا دورہ تھا۔ مقامی اخبار ڈیلی ریکارڈ مورس کاؤنٹی (Daily Record Morris County) نے 8؍اگست 1976ء کے اخبار میں جماعت احمدیہ کے عقائد، جلسہ اور خلیفۃ المسیحؒ کے دورہ کا مقصد بیان کیا۔ جماعت احمدیہ کے افراد کا جوش و ولولہ تو دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا جنہوں نے بہت گہری محبت، عاجزی اور خلوصِ دل سے پیارے حضور رحمہ اللہ کو خوش آمدید کہا۔

پنتیسواں جلسہ سالانہ۔ 14-12اگست 1983ء (ڈیٹرائٹ، مشی گن)

یہ جلسہ Lower Huron Metropark, Belleville, MI میں ہوا۔ یہ جلسہ روچیسٹر مشی گن میں اوک لینڈ یونیورسٹی میں ہونا تھا۔ اس سے چار دن پہلے ایک مخلص احمدی ڈاکٹر مظفر احمد صاحب کو مشی گن میں شہید کردیا گیا۔ اسی رات ایک اور گھر میں آگ لگادی گئی اور ڈیٹرائٹ جماعت کے مشن ہاؤس کو بھی آگ لگائی گئی۔ اوک لینڈ یونیورسٹی نے خوف کی وجہ سے جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے یہ خبر سننے کے بعد ہدایت فرمائی کہ یہ جلسہ ملتوی نہ کریں۔ اس وجہ سے اس سال کا جلسہ Huron Metropark ڈیٹرائیٹ مشی گن میں انہی تاریخوںمیں منعقد کیا گیا۔

اکتالیسواں جلسہ سالانہ،1989ء
(یونیورسٹی ا ٓف میری لینڈ، بالٹی مور)

حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی تشریف آوری سے اس جلسہ کو چار چاند لگ گئے۔ جماعت احمدیہ مسلمہ کی صد سالہ جوبلی 23ء مارچ 1989ء کو منائی گئی اور جماعت امریکہ نے اس سلسلہ میں بہت سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے۔

بیالیسواں اور تنتالیسواں جلسہ سالانہ 1990ء اور 1991ء (ڈیٹرائیٹ، مشی گن)

یہ ہر دو جلسے ایسٹرن مشی گن یونیورسٹی کے احاطےمیں منعقد ہوئے۔ 1991ء کے جلسہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے شرکت فرمائی۔ اس جلسہ کے اختتام پر انہوں نے امریکہ میں بھی لنگر خانہ چلانے کی ہدایت دی۔

چوالیسواں جلسہ سالانہ 1992ء
(لانگ آئی لینڈ یونیورسٹی سٹی پوسٹ کیمپس، نیویارک)

اس جلسہ میں امریکہ میں لنگر خانہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا آغاز ہوا۔

چھیالیسواں جلسہ سالانہ1994ء
(مسجد بیت الرحمٰن، سلورسپرنگ، میری لینڈ)

اس سال حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے مسجد بیت الرحمٰن کا افتتاح فرمایا۔

اس سال کے جلسہ سالانہ میں جماعت اور غیر از جماعت اور مختلف ممالک کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اسٹیج کو Love For All, Hatred For None محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کے بینر سے سجایا گیا تھا۔ مسجد کے احاطہ میں مختلف شعبہ جات کی مارکیز لگائی گئیں۔

اڑتالیسواں اور انچاسواں جلسہ سالانہ
(مسجد بیت الرحمٰن، سلور سپرنگ، میری لینڈ)

بالترتیب 1996ء اور 1997ء میں مسجد بیت الرحمٰن میں ہوئے۔ انچاسویں جلسہ سالانہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ رونق افروز ہوئے۔ اگلے دو سال بھی اسی مسجد میں جلسے ہوئے، الحمدللہ۔

پچاسواں جلسہ سالانہ 1998ء

اس سال جماعتِ احمدیہ امریکہ نے جلسہ سالانہ کی پچاس سالہ جوبلی منائی جس میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ بھی تشریف لائے۔ (یہ حضور رحمہ اللہ کا امریکہ کا آخری دورہ تھا)۔ اس جلسہ میں 30 سے زیادہ ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سات ہزار احمدی احباب اور ایک کثیر تعداد میں غیر از جماعت مہمانوں نے شرکت کی۔

50th USA Jalsa Souvenir شائع کیا گیا اور اسلام اور احمدیت کی تاریخ کی نمائش کا انتظام کیا گیا۔ حضور رحمہ اللہ نے مجلسِ عرفان کے علاوہ بہت سے امریکن رہنماؤں اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے احمدی امراء سے ملاقات کی اور ان کی تقاریر بھی ہوئیں۔

اکاون واں جلسہ سالانہ 1999ء
(ڈلس ایکسپو کانفرنس سنٹر،شنٹلی ورجینیا)

3000سے زائد افراد نے امریکہ اور دیگر ممالک سے شرکت کی۔

باون واں جلسہ سالانہ، 25,24,23؍جون2000ء
(مسجد بیت الرحمٰن، سلور سپرنگ، میری لینڈ)
تریپن واں جلسہ سالانہ، 24,23,22؍جون 2001ء
(مسجد بیت الرحمٰن، سلور سپرنگ، میری لینڈ)

صاحبزادہ مرزا مظفر احمد صاحب نے اختتامی خطاب فرمایا۔

چوّن واں جلسہ سالانہ۔جون 2002ء

4ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان اللہ ظفر صاحب نے بحیثیت قائمقام امیر افتتاحی اور اختتامی خطاب فرمایا۔ مہمانوں میں ہفتہ کے روز جلسہ کے ایک سیشن میں غیر مذاہب سے تعلق رکھنے والے اڑھائی سو مہمانوں نے شرکت کی۔

اسی سال امیر جماعت احمدیہ صاحبزادہ مرزا مظفر احمد وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔

پچپن واں جلسہ سالانہ، 29, 28, 27؍جون 2003ء
(مسجد بیت الرحمٰن، سلور سپرنگ، میری لینڈ)

امیر جماعت امریکہ ڈاکٹر احسان اللہ ظفر صاحب نے جلسہ کی صدارت کی۔

چھپن واں جلسہ سالانہ۔ 5-3ستمبر 2004ء (مسجد بیت الرحمٰن، سلور سپرنگ، میری لینڈ)

اس سال حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کی کینیڈا میں تشریف آوری کی وجہ سے جلسہ سالانہ امریکہ

27-25 جولائی کی بجائے 5-3؍ستمبر منعقد ہوا۔

ستاون واں جلسہ سالانہ، 4-2ستمبر 2005ء (ڈلس ایکسپو کانفرنس سنٹر، شنٹلی ورجینیا)

یہ جلسہ امیر جماعت یو ایس اے، محترم ڈاکٹر احسان اللہ صاحب ظفر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جلسہ کا مرکزی خیال عبادات تھا۔

اٹھاون واں جلسہ سالانہ، 3-1 ستمبر 2006ء (ڈلس ایکسپو کانفرنس سنٹر، شنٹلی ورجینیا)

اس سال حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہٖ العزیز کا دورۂ امریکہ ملتوی ہوگیا لیکن آپ نے بذریعہ MTA اس جلسہ کا اختتامی خطاب فرمایا۔ اس جلسہ میں اندازاً 6,916 افراد نے شرکت کی جس میں ایک کثیرتعداد کینیڈا کے احبا ب کی بھی تھی۔

انسٹھ واں جلسہ سالانہ، 31 اگست تا 2 ستمبر 2007ء
(ڈلس ایکسپو کانفرنس سنٹر، شنٹلی ورجینیا)

جلسہ گاہ میں دو بڑی ڈسپلے اسکرینیں لگائی گئیں جس پر جلسہ کی تمام کارروائی دیکھی جاسکتی تھی۔MTA کی ٹیم نے نمایاں شخصیات کے انٹرویوز کیے۔ وہ بھی ان اسکرینز پر وقتاً فوقتاً دکھائے جاتے رہے۔

ساٹھ واں جلسہ سالانہ، 22-20 جون2008ء
(پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ ٗاللہ تعالیٰ اس جلسہ میں تشریف لائے۔

27/ مئی 2008ء کو خلافت احمدیہ کی نئی صدی کے آغاز میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے امریکہ کا تاریخی دورہ فرمایا۔ آپ نے فرمایا :
’’امریکہ کا تو میرا پہلا سفر ہے۔ اللہ تعالیٰ یہ سفر ہر طرح اپنی تائیدونصرت کے نظارے دکھاتے ہوئے بہتر فرمائے۔ اور یہ سفر جماعت کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت ہو اور اللہ تعالیٰ ان تمام مقاصد کا حصول آسان فرمائے جن کے لیے یہ سفر کیا جارہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ساری دنیا کے احمدیوں میں یہ نئی روح پیدا فرمائے‘‘ (بحوالہ احمدیہ گزٹ 2008ء) امریکہ میں واشنگٹن ڈَلس ایئر پورٹ پر آپ کا پُر تپاک استقبال کیا گیا اور وہاں سے حضور انور بیت الرحمٰن تشریف لے آئے۔ یہاں حضورِ انورنے ایم ٹی اے اَرتھ سٹیشن کا معائنہ فرمایا اور مسجد بیت الرحمٰن کی توسیع کے منصوبے کا بھی جائزہ فرمایا۔ اجتماعی، انفرادی اور فیملی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ گھانا اور سیرالیون کے سفیر اور امریکہ میں بینن (Benin) ایمبسی کے قونصلر سے ملاقات فرمائی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا یہ دورہ اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کے غیر معمولی نظارے لیے ہوئے تھا۔ 19/جون کی سہ پہر کو حضور انور مقام جلسہ سالانہ، ہیرس برگ کے لیے روانہ ہوگئے۔ وہاں پر آپ نے نمائش، بک سٹال اور دیگر شعبوں، شعبہ تعمیرات، ڈیکوریشن، روشنی، سمعی و بصری، ایم ٹی اے، الاسلام ویب سائٹ، پارکنگ، وقفِ نَو، شعبہ بازار، سٹیج اور لنگر خانہ کا معائنہ فرمایا۔

جلسہ کے دیگر پروگراموں کے علاوہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ نے واقفینِ نَو بچوں کی کلاس میں ان کو وقت دیا، تقریبِ آمین اور تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم فرمائے۔ خواتین سے اور واقفاتِ نَو بچیوں سے بھی ملاقات کی۔اس جلسہ میں شرکت کرنے والوں کی تعداد قریباً دس ہزار تھی۔

جماعتِ احمدیہ امریکہ کے اس تاریخ ساز جلسہ سالانہ کو پہلی مرتبہ اخبارات نے وسیع پیمانہ پر کوریج دی اور حضرت مرزا مسروراحمد ایدہ اللہ تعالیٰ کی امریکہ میں پہلی بار آمد کا مقصد امن اور اتحاد پر زور دینا بیان کیا۔ اخبارپکسٹن ہیرلڈ The Paxton Herald نے اپنے 11جون 2008ء کے شمارہ میں جلسہ سالانہ اور حضورانور کی آمد کا ذکرکرتے ہوئے یہ عنوان لگایا:
’’مسلمان برائے امن کانفرنس‘‘ اخبارلینکا سٹر انٹیلی جنسر جرنل Lancaster Intelligencer Journal نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کا انٹرویو شائع کرتے ہوئے لکھا:
(حضرت) مرزا مسرور احمد (ایدہ اللہ) نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’تم اپنے خالق کو پہچان سکتے ہو جب تم اس کی مخلوق سے محبت کرتے ہو۔ اور یہ پیغام خاص طورپر صرف امریکیوں کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ پیغام ساری دنیا کے لیے مسیح الزمانؑ لائے ہیں۔۔۔ اگر ہرکوئی اس پیغام کو یاد رکھے اور اس پر عمل کرے تو دنیا میں دشمنی باقی نہیں رہے گی۔ لوگوں کے دِل کینہ سے پاک ہوجائیں گے۔ دنیا میں امن قائم کرنے کا یہی ایک طریقہ ہے۔ دنیا میں ایٹم بموں کی ضرورت نہیں۔‘‘

24/جون کو حضور ایدہ اللہ تعالیٰ واشنگٹن سے ٹورانٹو تشریف لے گئے۔ بورڈنگ کارڈ پر خلافت جوبلی کا نشان Logoبنا ہوا تھا اور ایک طرف منارۃالمسیح کی تصویر تھی۔ بورڈنگ کارڈ پر خلافت فلائٹ Khilafat Flight لکھا ہوا تھا۔

اکسٹھ واں جلسہ سالانہ،21-19 جون 2009ء (ڈلس ایکسپو کانفرنس سنٹر، شنٹلی ورجینیا)

اس موقع پرحضور انور ایّدہ ٗ اللہ نے جماعت امریکہ کے نام اپنے پیغام میں ان کے محبت اور محنت کے جذبہ کو سراہا جو آپ نے اپنے 2008ء کے دورۂ امریکہ کے دوران محسوس کیا تھا۔

باسٹھ واں جلسہ سالانہ،18-16 جولائی 2010ء (ڈلس ایکسپو کانفرنس سنٹر، شنٹلی ورجینیا)

اس جلسہ پر سٹیج کو کلمہ طیبہ کے بینر سے آراستہ کیا گیا۔

تریسٹھ واں جلسہ سالانہ، یکم۔3 جولائی 2011ء (پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

اس جلسہ میں 5779 افراد نے شرکت کی۔

چونسٹھ واں جلسہ سالانہ، 31-29 جون2012ء
(پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ تشریف لائے اور اس جلسہ کی صدارت فرمائی۔

اسی طرح کیپٹل ہِل واشنگٹن ڈی سی میں 27 جون کو گولڈن روم رےبرن بلڈنگ میں ایک تاریخی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے

‘‘امن کا راستہ۔ مختلف قوموں کے درمیان تعلقات’’

کے عنوان پر ایک تاریخی خطاب فرمایا۔ اس تقریب کے شرکاء میں امریکہ کے نمایاں کانگریس مین، سینیٹرز، وائٹ ہاؤس اور سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اسٹاف، این جی او کے لیڈرز، مذہبی رہنما، پروفیسرز، پالیسی ایڈوائزرز، پالیسی ایڈوائزرز، بیوروکریٹس،، پینٹاگون، تھنک ٹینکس کے نمائندگان اور میڈیا کے جرنلسٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آنریبل Nancy Plosi بھی شامل تھین جو کہ ہاؤس آف ریپریزینٹیٹو میں ڈیمو کریٹ لیڈر ہیں۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خطاب کے بعد کیپیٹل ہِل کی عمارت کا دورہ کروایا گیا۔ اس کے بعد ہاؤس آف ریپریزینٹیٹو تشریف لے گئے جہاں ان کے دورۂ امریکہ کے اعزاز میں قرارداد پڑھ کر سنائی گئی۔

یہ اپنی طرز کی ایک پہلی میٹنگ تھی جس میں امریکہ کے نمایاں لیڈرز کو اسلام کاامن کا پیغام براہِ راست سننے کا موقع ملا۔

پینسٹھ واں جلسہ سالانہ 30-28 جون 2013ء (پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

اسی سال 4/مئی کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہٗ اللہ تعالیٰ نے ویسٹ کوسٹ کا پہلا تاریخی دورہ فرمایا۔ اس موقع پر کیلیفورنیا میں 11/مئی کو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اعزاز میں مانٹیگ ہوٹل بیورلی ہلز Beverly Hills میں Global Peace Lunchکا اہتمام کیا گیا جہاں پر آپ نے پریس کانفرنس سے دنیا میں امن کے لیے اسلامی حل Islamic Solution for World Peace کے موضوع پر خطاب فرمایا۔

حضورِ انور نے خصوصی طورپر جرمنی سے جلسہ امریکہ کا اختتامی خطاب فرمایا جو براہِ راست نشر ہوا۔

یہ جلسہ محترم احسان اللہ صاحب ظفر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کُل حاضری 6,467 افراد تھی۔

چھیاسٹھ واں جلسہ سالانہ، 17-15 اگست2014ء
(پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

اس جلسہ کا مرکزی خیال سَابِقُوۡۤا اِلٰی مَغۡفِرَۃٍ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ (سورۃ الحدید 22) تھا۔ جلسہ کی تقاریر کا پروگرام اس موضوع کی روشنی میں تشکیل دیا گیا۔

سڑسٹھ واں جلسہ سالانہ، 16-14اگست2015ء
(پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

اس جلسہ میں 8,000سے زائد احباب نے شرکت کی۔

اڑسٹھ واں جلسہ سالانہ،31-29 جولائی2016ء
( پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

یہ جلسہ امیر جماعت امریکہ صاحبزادہ مرزا مغفور احمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس جلسہ کا مرکزی خیال ’’اَلْھَادِیْ‘‘ تھا۔

انہترواں جلسہ سالانہ،16-14 جولائی 2017ء (پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

جلسہ کا مرکزی عنوان ’’اَلْعَلِیْمُ‘‘ تھا

اس میں اندازاً 9200 لوگ شریک ہوئے۔

سترواں جلسہ سالانہ 15-13جولائی 2018ء (پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

اس میں 9920 لوگوں نے شرکت کی۔ ماہ اکتوبر 2018ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے گوئٹے مالا اور امریکہ کا دورہ فرمایا اوراس بابرکت دورے کے دوران مختلف مساجد کا افتتاح بھی فرمایا۔

71واں جلسہ سالانہ 14-12 جولائی 2019ء (پنسلوینیا فارم شو کامپلیکس، ہیرس برگ)

یہ جولائی میں منعقد ہوا اوراس میں شامل ہونے والوں کی تعداد 9200 سے زائد تھی۔ اسی طرح اس سال دسمبر میں ویسٹ کوسٹ کے جلسہ میں 1800 افراد نے شرکت کی۔ حالیہ جلسوں میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خاص پیغامات بھی دکھائے جاتے ہیں اور چند مواقع پر ان کا براہِ راست خطاب بھی MTA کے ذریعہ جلسہ کے دوران دکھایا گیا۔ علاوہ ازیں جلسہ کی مختلف تقاریر کا ترجمہ بھی مختلف زبانوں میں ہوتا ہے۔

حاضرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر جلسہ کا انتظام وسیع پیمانہ پر کیا جاتا ہے۔ اس میں علمی پروگرامز، ٹیلنٹ ایوارڈز، تقسیم انعامات برائے جماعتی و علمی مقابلہ جات، تقریبِ آمین، لجنہ اماء اللہ کا مقرّرہ وقت پر علیحدہ پروگرام اور امراء، مقامی میئر، سیاستدانوں اور مختلف مذاہب کے لوگوں کو اظہارِ خیال کے لئے وقت دیا جاتا ہے۔ جلسہ کے وسیع انتظامات ایک عرصہ پہلے سے شروع ہوجاتے ہیں اور ایک کثیر تعداد میں رضاکار ڈیوٹی پر انتہائی جوش و جذبہ اور محبت سے سر گرمِ عمل دکھائی دیتے ہیں۔ ان انتظامات میں رجسٹریشن، جلسہ گاہ کی آرائش، لنگرخانہ اور مہمانوں کا قیام شامل ہے۔ جلسہ سالانہ کے دوران پرچم کشائی، نمائش، کتابوں کا سٹال، ہومیو پیتھی، فرسٹ ایڈ، اور ہیومینٹی فرسٹ کے سٹال بھی لگائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ احمدیہ میڈیکل، پیرا میڈیکلز، وکلاء، سائنسدان اور انجینیٔر، آرکیٹیکٹ کی ایسوسی ایشنزکے اجلاس بھی ہفتہ کے روز ہوتے ہیں۔

نیشنل تبلیغ ڈیپارٹمنٹ اور رشتہ ناطہ کے مختلف دفاتر مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ میں کھولے جاتے ہیں۔ کیریئر اورینٹیشن اورہفتہ کی شام مشاعرہ ہوتا ہے۔ اسی طرح وقفِ نو کا پروگرام بھی ہوتا ہے۔

غیر از جماعت اور دیگر خاص مہمانوں کے لئے باقاعدہ عشائیہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جلسہ کے موقع پر ضیافت اور لنگر خانہ ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 1992ء میں لنگر خانہ کے آغاز سے لے کر سالہا سال تک ڈاکٹر صلاح الدین صاحب مرحوم اپنی ٹیم کے ساتھ بہت محنت اور دعاؤں کے ساتھ اس ڈیوٹی کو نبھاتے رہے اور ان کی تربیت یافتہ ٹیم تا حال اس کارِ خیر میں ہمہ تن مصروف ہے۔ محترم طاہر چودھری صاحب آف ورجینیا، محترم کریم داد صاحب اور محترم امتیاز احمد راجیکی صاحب کی خدمات بھی قابلِ ذکر ہیں۔

افسرانِ جلسہ سالانہ میں محترم خلیل احمد ناصر صاحب اور چند احباب جن میں محترم مبشر احمد صاحب، محترم ملک مسعود احمد صاحب، محترم عبدالشکور صاحب، محترم وسیم حیدر صاحب، محترم عبدالہادی صاحب اور پچھلے چند سالوں سے محترم بشیر ملک صاحب بہت کامیابی اور لگن سے افسر جلسہ سالانہ کے فرائض بخوبی نبھا رہے ہیں۔ ان سب ڈیوٹی دینے والوں کی انتھک لگن اور محنت کا اندازہ ہمیں اس جلسہ کے انتظامات دیکھ کر بخوبی ہو جاتا ہے جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ وسیع اور بہتر ہوتے جارہے ہیں اوران کی بے لوث خدمت حضرت مسیحِ موعود علیہ الصّلوٰۃ والسلام کی لنگر خانہ کے ذریعہ مہمان نوازی کی روایت کو امریکہ کے جلسوں میں برقرار رکھے ہوئے ہے۔

چنانچہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جلسہ سالانہ کے انعقاد کا سلسلہ 1948ء سے لے کر اب تک جاری ہے اور حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسّلام کا الہام ’’یَاْتُوْنَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمِیْقٍ‘‘ اپنی پوری شان سے پورا ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

ویسٹ کوسٹ امریکہ کے جلسہ سالانہ کا آغاز

امریکہ میں 1948ء سے ہر سال کامیابی سے جلسہ سالانہ کا انعقاد ہورہا ہے لیکن امریکہ کے ویسٹ کوسٹ کے علاقے سے جلسہ کے لیے آنا مشکل ہوتا تھا۔ اس صورتِ حال کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے امیر جماعت محترم مولانا عطاء اللہ کلیم صاحب اور مشنری انچارج محترم میر محمود احمد ناصر صاحب نے 1982ء میں ویسٹ کوسٹ میں جلسہ سالانہ کا آغاز کیا۔ یہ جلسہ سان فرانسسکو کے ایک کرائے کے ہال میں منعقد ہوا۔ اس پہلے جلسہ میں 75 افراد نے شرکت کی۔ 1990ء تک یہ سالانہ جلسہ کرائے پر لی گئی عمارتوں میں کیا جاتا تھا لیکن مسجد بیت الحمید کی تعمیر کے بعد یہ جلسہ دسمبر کے مہینہ میں لاس اینجلیس میں ہونے لگا اور عام طور پر قادیان کے جلسہ کی تاریخوں میں ہی منعقد ہوتا ہے۔ 1997ء میں اس جلسہ میں شامل ہونے والوں کی تعداد 600 تھی۔ اس میں محترم امیر جماعت امریکہ صاحبزادہ مرزا مظفر احمد، نیشنل عاملہ ممبرز اور غیر ممالک سے آنے والے احمدی احباب نے شرکت کی۔

جلسہ میں گورنمنٹ کے افراد، امراء، ممبرانِ کانگریس، ممبرانِ اسمبلی، مشیر اور نامور مصنّفین وغیرہ کو مدعو کیا جاتا ہے اور ان کی تقاریر بھی شامل کی جاتی ہیں۔

ویسٹ کوسٹ کا جلسہ خدا تعالیٰ کے فضل سے ہر سال مسجد بیت الحمید لاس اینجلس میں کامیابی سے منعقد ہوتا ہے۔ 2019ء میں ویسٹ کوسٹ کے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والوں کی تعداد اٹھارہ سو تھی۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے دنیا میں ہونے والے سب جماعتی جلسوں کی طرح یہ بھی اخوّت، تنظیم اور یک جہتی کی مثال قائم کئے ہوئے ہے۔

(ثمینہ آرائیں ملک۔امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 اگست 2021