• 25 اپریل, 2024

رپورٹ جلسہ سیرت النبی ﷺ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ونوالیو جماعت احمدیہ نادرن ریجن فجی کو جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقدکرنے کی توفیق ملی ۔ جلسہ سیرت النبی ﷺ میں شرکت کے لیے مکرم و محترم ماہندرا ریڈی صاحب (Hon.Mahindra Reddy) وزیر زراعت فجی کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی جو انہوں نے منظور کی ۔ اس کے علاوہ سکولز اساتذہ اور مختلف گورنمنٹ آفیشلز کو بھی جلسہ میںشمولیت کی دعوت دی گئی۔ محترم امیر و مشنری انچارج فجی سے جلسہ کے پروگرام کی منظوری کے بعد جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف ذرائع سے احباب جماعت کو اطلاع دی گئی۔ یہ جلسہ سیرت النبی ﷺ مؤرخہ 2 نومبر 2020ء کو احمدیہ مسلم کالج ولودہ کے ہال میں منعقد کیا گیا ۔جلسہ کے لیے ہال کو مختلف جماعتی بینرز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ 10.15 بجے صبح لوائے فجی مکرم مہمان خصوصی صاحب نے اور لوائے احمدیت خاکسار (سیف اللہ مجید) نے لہرایا۔ 10.30 بجے تلاوت ِقرآن مجید سے جلسہ کا آغاز ہواجو مکرم ماسٹر فیض صاحب نے کی ۔نظم مکرم محمد شمیم صاحب نے پیش کی ۔ مکرم محمد امین صاحب صدر ولودہ نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہااور جلسہ سیرت النبی ﷺ کی اہمیت بیان کی۔جلسہ کی پہلی تقریر مکرم عفیف احمد شاہ صاحب نے ’’حضرت محمد ﷺ امن کا شہزادہ‘‘ کے عنوان پر انگلش میں کی۔ جلسہ کی دوسری تقریر مکرم پاسٹر نند صاحب نے کی جن کا تعلق عیسائیت کے ایک فرقہ اسمبلی آف گاڈ سے ہے۔ جنہوں نےاس بات کا اظہار کیا کہ میرے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ میں آپ کے پروگرام میں شریک ہورہا ہوں جس میں نبی حضرت محمدﷺ کی سیرت بیان ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرا پروگرام میں شامل ہونا یہ بات ظاہر کرتا ہے کہ اسلام کتنا امن پسند مذہب ہے اور وہ دوسروں کے مذہب کا کتنا احترام کرتا ہے ۔اس کے بعد ایک اور نظم مکرم مرزا ناصر احمد صاحب نے پیش کی ۔اس کے بعد مکرم و محترم ماہندرا ریڈی صاحب مہمان خصوصی نے تقریر کرتے ہوئے بیان کیا کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے اور حضرت محمد ﷺ نے بھی اپنے ماننے والوں کو امن کی ہی تعلیم دی ہے ۔اور ہم اپنے ملک میں بسنے والے ہر مذہب کااحترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سب اپنے اپنے مذہب پر عمل کرتے ہوئے امن قائم کرنے میں کردار ادا کریں اور ملک کی ترقی میں حصہ لیں ۔اس کے بعد خاکسار (سیف اللہ مجید مربی سلسلہ) نے پیارےآقا حضرت محمد ﷺ کے حجۃ الوداع کے موقع پر بیان فرمودہ خطبہ کو اپنا عنوان بناتے ہوئے عرض کیا کہ آج اگردنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے تو صرف اور صرف آنحضور ﷺ کے اس خطبہ میں بیان فرمودہ نکات پر عمل کر کے۔ جس میں آپ نے ہر طبقہ کے حقوق کو کھول کر بیان کر دیا ہے اور بیان کیا کہ آج جماعت احمدیہ ہی ہے جو پیارے آقا حضرت محمد ﷺ کی اس تعلیم کو پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں عملی طور پر دنیا میں پھیلا رہی ہے ۔مکرم مشہود علی صاحب پرنسپل احمدیہ مسلم کالج ولودہ نے کہا کہ مجھے اس کالج میں کام کرتے ہوئے 5 سال ہو گئے ہیں اور میں نے ہمیشہ ہی جماعت احمدیہ کو ان کے اس موٹو محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں پر عمل کرتے ہوئے دیکھا ہے ۔مکرم حامد حسین صاحب صدر جماعت نسروانگا نے آنے والے مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔آخر پر خاکسار نے دعا کروائی ۔دعا کے بعد مہمانوں اور احباب جماعت کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا ۔اس پر وگرام کی کل حاضری 177 رہی جس میں 38 مہمان شامل تھے ۔مہمانوں میں وزیر تجارت کے ساتھ ساتھ پولیس کمشنر نادرن ،پادری، سکولوں کے اساتذہ اوردیگر احباب شامل ہوئے ۔ اس موقع پر ریڈیو سرگم نے خاکسار کا اور مکرم حامد حسین صاحب کا انٹر یو بھی لیا ۔جسے بعد میں آن ایئر بھی کیا گیا ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کے ایمان و ایقان میں اضافہ فرمائے اور ہم سب کوحضرت محمدؐکے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

٭…٭…٭

(رپورٹ: سیف اللہ مجید مبلغ سلسلہ لمباسہ فجی ،نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن)

پچھلا پڑھیں

رپورٹ تربیتی کلاس أطفال الاحمدیہ، خدام الاحمدیہ، ناصرات و لجنہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 دسمبر 2020