• 19 اپریل, 2024

تربیتی کلاسز جماعت احمدیہ تنزانیہ

تبلیغ و تربیت دونوں باہم لازم و ملزوم امور ہیں۔ حضرت مصلح موعودؓ نوجوانوں کی تربیت کے حوالہ سے فرماتے ہیں:

’’قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر ممکن نہیں۔‘‘

اسی ضمن میں جماعت احمدیہ تنزانیہ کو امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ مکرم طاہر محمود چوہدری کی نگرانی میں ماہ دسمبر میں ملک بھر میں تربیتی کلاسز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جس میں ریجنل مبلغین کرام نے تنظیموں کے تعاون سے خدام، اطفال، لجنہ اماءاللہ و ناصرات کے لئے مختلف تربیتی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔

ریجن دارالسلام

ریجنل مبلغ دارالسلام مکرم ندیم احمد سعید نے خدام الاحمدیہ کے تعاون سے سہ روزہ تربیتی کلاس کا اہتمام کیا۔ اللہ تعالی کے فضل سے 97 خدام اور 55 اطفال نے شرکت کی۔ دارالسلام شہر سے تقریباً 30 کلومیٹر دور جلسہ گاہ میں اس تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوا۔ جہاں تمام شرکاء نے مقررہ پروگرام کے مطابق تینوں دن گزارے۔ تربیتی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ 20 دسمبر کو جمعۃ المبارک کی نماز سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ تمام شرکاء نے اکٹھے حضور انور ایدہ اللہ تعالی کےخطبہ جمعہ کا سواحیلی زبان میں ترجمہ براہ راست ایم ٹی اے افریقہ کے توسط سے دیکھا۔

تینوں روز ہر سیشن کا آغاز تلاوت و نظم سے کیا گیا۔ ہفتہ اور اتوار کے روز باجماعت نماز تہجد کا اہتمام بھی ہوا۔ دوسرے روز کے پروگرامز میں درج ذیل عناوین پر تقاریر کی گئیں:

(1) دین کو دنیا پہ مقدم رکھنا

(2) نماز کے بارے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاےٴ احمدیت کے ارشادات

(3) خلافت سے محبت بڑھانے کے طریق
(4) خلیفہ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کو خط لکھنے کی اہمیت

(5) چندہ جات کا نظام اور گزشتہ خطبہ جمعہ میں بیان فرمودہ نکات دہراےٴ گئے۔ اس کے علاوہ مقابلہ حفظ اور مجلس سوالوجواب کا اہتمام بھی ہوا۔

تربیتی کلاس کے تیسرے روز شرکاء کو عہدیداران کے فرائض اور احباب جمات کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ شادی بیاہ اور دیگر رسومات کے حوالہ سے ہدایات دی گئیں۔ مزید برآں مقابلہ نماز کا انعقاد بھی ہوا۔

ریجن موروگورو

موروگورو ریجن میں27تا29 دسمبر تین روزہ تربیتی کلاس کا اہتمام کیا گیا۔ ریجن کی تقریبا تمام جماعتوں کے 69خدام و اطفال نے شرکت کی۔دوران کلاس مختلف عناوین پر تقاریر کے ساتھ ساتھ شاملین کی ذہنی استعدادوں کو صیقل کرنے کے لئے متعدد علمی مقابلہ جات کا انعقاد کروایا گیا۔

اس تربیتی کلاس کے آخری روز مکرم و محترم طاہر محمود چوہدری امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے خدام و اطفال سے بذریعہ ٹیلفون خطاب کرتے ہوئے سامعین کو پنجوقتہ نماز کے قیام کی تلقین کی۔ مزید برآں آپ نے احباب کو نصیحت کی کہ جماعتی ماٹو “ محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں” کو اپنی زندگی کاحصہ بنائیں اور ہر دم اپنی علمی استعدادوں کو بڑھانے کی کوشش کریں۔ آخر میں امیر صاحب تنزانیہ نے اس تربیتی پروگرام کے منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ نے تربیتی کلاس کا اختتام دعا کے ساتھ کروایا۔

ریجن ڈوڈوما

مکرم خواجہ مظفر احمدریجنل مبلغ ڈوڈوما کو 29، 28 ،27 دسمبر کو تربیتی کلاس کے اہتمام کی توفیق ملی۔کل 4جماعتوں سے 42 خدام و اطفال نے شرکت کی۔اس کلاس کا باقاعدہ آغاز خطبہ جمعہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ہوا۔دوران تربیتی کلاس درج ذیل عناوین پر تقاریرولیکچرز کا اہتمام کیا گیا:

(1) خلافت کی اہمیت و ضرورت

(2)مالی قربانی کی اہمیت و ضرورت

(3)دین کو دنیا پر مقدم کرنا

(4) خدام و اطفال کے فرائض

(5)شادی بیاہ کے مسائل اور نماز وعبادت کی ضرورت و اہمیت۔

3 مجالس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں روزانہ باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔مزید بر آں ایک مثالی وقار عمل کروایا گیا جس میں مسجد اور ملحقہ علاقہ کی صفائی کی گئی۔ 2 انصار کی زیر نگرانی خدام نے کھاناپکا نے کا انتظام خود کیا۔

تربیتی کلاس کا اختتام بروز اتوار بعد از نماز ظہر و عصر ہوا۔امیر صاحب تنزانیہ نے ٹیلیفونک خطاب کے ذریعہ شاملین کو نصائح سے بھی نوازا۔

ریجن مٹوارا اور لنڈی

مٹوارا اور لنڈی ریجنز میں ریجنل مبلغ مکرم علی ڈنو طاہر نے ناچنگویا جماعت میں تربیتی کلاس کااہتمام کیا۔ 15 سے 22 دسمبر 2019 تک یہ سات روزہ کلاس جاری رہی۔ 176 اطفال و ناصرات نے حصہ لیا۔ ریجنل مبلغ اور مقامی معلمین نے اطفال و ناصرات کو مختلف موضاعات پر لیکچرز دیئے۔ جن میں اسلامی بنیادی تعلیمات کا تعارف، انبیاء کرام، خلفاء راشدین اور خلفاء احمدیت کا تعارف کروایا گیا۔ اس کے علاوہ بنیادی فقہی مسائل اور سوال و جواب کی مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تربیتی کلاس کے دوران اطفال و ناصرات کے مابین الگ الگ مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔ نمازسادہ،نماز باترجمہ (سواحیلی) اور دینی معلومات کے 200 سوال و جواب، حضوراکرم ﷺ کی 80 دعائیں، حفظ قرآن (پارہ نمبر 30) کے مقابلے کروائے گئے۔

امیر صاحب تنزانیہ 22 دسمبر 2019 کو تقریباً500 کلومیٹر کاسفرکر کے ناچنگویا جماعت تشریف لائے اورتربیتی کلاس کے اختتامی سیشن کی صدارت کی۔آپ نے تربیتی کلاس کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام، اطفال اور ناصرات میں انعامات تقسیم کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور قیمتی نصائح سے نوازا۔

ریجن ٹانگا

محترم افضل بھٹی ریجنل مبلغ ٹانگا نے خدام الاحمدیہ کے تعاون سے 2 روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا۔ محترم رمضان ناؤجا صدر مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ نے 28 دسمبر کو تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔ دوران پروگرام خدام و اطفال کی علمی و عملی تعلیم کے لئےمتعدد تقاریر ومقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ تربیتی کلاس کا اختتام ریجنل مبلغ صاحب کی نصائح اور دعا سے مورخہ 29دسمبر کو ہوا۔

ریجن موانزہ

موانزہ ریجن میں ریجنل مبلغ مکرم اہتشام لطیف کو خدام کی تربیتی کلاس واجتماع منعقدکروانے کی توفیق ملی۔20 دسمبر 2019 بروز جمعۃ المبارک اس اجتماع کا آغاز ہوا۔ 14 خدام اور 9 اطفال نے شرکت کی۔ جمعرات کا نفلی روزہ بھی اس اجتماع کا حصہ رہا جس میں 11 خدام نے شرکت کی۔ اس اجتماع کا آغاز بعد از جمعۃ المبارک تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں نظم پڑھی گئی اور قائد مجلس خدام الاحمدیہ مکرم یٰسین احمدنے عہد خدام الاحمدیہ اور عہد اطفال الاحمدیہ دہروایا۔ بعد ازاں محترم ریجنل مبلغ موانزہ نے چند ابتدائی کلمات اور دعا کروائی۔ تمام خدام نے خطبہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد میں سنا۔ بعد از خطبہ نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئی اور تمام احباب نے کھانا کھایا ۔ بعد ازاں مکرم یٰسین احمد نے انسانی اخلاق کے حوالہ سے تقریر کی اور اس کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس کے بعد پہلےدن کا اختتام ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا۔ بعد از نمازِ فجر تمام خدام و اطفال نے مسجد میں بیٹھ کر قرآن کریم کی تلاوت کی۔ بعد ازناشتہ تلاوتِ قرآن اور نظم کے سیشن کا آغاز ہوا ۔ اس سیشن میں 3 تقاریر بعنوان (1) تعلیم نظام ِ جماعت کشتیٔ نوح کی روشنی میں (2) مالی قربانی اور تاریخ اسلام (3) حقیقی فلاح جماعت احمدیہ کی گئیں۔ بعد ازاں اطفال الاحمدیہ کے مابین مقابلہ نماز سادہ، مقابلہ اذان ، مقابلہ دعا اور مقابلہ ادعیۃ القرآن منعقد کروایا گیا۔ جس میں اول،دوم اورسوم آنے والے اطفال میں انعامات تقسیم کئے گئے۔نیزاطفال الاحمدیہ کی روحانی تربیت کے لئے نماز پڑھنے کا احسن طریق عملی انداز میں سمجھایا گیا۔

اس سیشن کے دوران نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں اور نماز مغرب سے پہلے اس اجتماع کا اختتام مکر م احتشام لطیف ریجنل مبلغ موانزہ نے اختتامی کلمات اور دعا سے کیا۔ اس کے بعد تمام خدام و اطفال نے سپیکر میں لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ کا ورد کیا۔

اس اجتماع کی رونق کو دیکھتے ہوئے 6 غیر از جماعت نے بھی شرکت کی اور 2 دن مسلسل خدام و اطفال کی معیت میں گزارے۔ مزید سپیکر میں لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ کے ورد سے اہلِ علاقہ پر بھی گہرا اثر ہوا اور وہ بھی ایک کثیر تعداد میں اس کو سننے مسجد میں تشریف لائے۔اس طرح اس تربیتی پروگرام کے ذریعہ جہاں احمدی خدام و اطفال کی روحانی ترقی ہوئی وہیں 13 کے قریب اہلِ علاقہ میں تعارفِ احمدیت کی توفیق ملی۔

ریجن ارنگا

مکرم ریاض احمد ڈوگرریجنل مبلغ ارنگاتحریرکرتے ہیں کہ
’’تنزانیہ میں بچوں کا تعلیمی سال نومبر کے آخر میں ختم ہوتا ہےاوردسمبرکامہینہ سکول بندہوتے ہیں۔ان چھٹیوں کافائدہ اٹھاتے ہوئے امسال بھی ہر سال کی طرح 15 روزہ تربیتی کلاس کا انتظام کیا گیا۔

یہ کلاس 20 دسمبر 2019ء تا 3 جنوری 2020ء جاری رہی۔ کلاس میں 72 طلباء نے شرکت کی۔اس دوران طلباء کے کھانے پینے اور سونے کا انتظام مسجد میں ہی کیا گیا۔ نماز فجر سے پہلے بچوں کو جگایا جاتا۔ نماز فجر کے بعد درس القرآن ہوتا ، بعد ازاں ناشتے سے قبل ماحول کی صفائی اور مسجد کی صفائی کے لئے وقار عمل کیا جاتا۔ 9 بجے سے 12 بجے تک تدریس ہوتی۔ 12 بجے سے 2 بجے تک نماز ظہر اور کھانے کا وقفہ ہوتا۔پھر 2 بجے سے 4 بجے تک تدریسی عمل جاری رہتا۔

نماز عصر کے بعد طلباء مختلف کھیلوں یا جسمانی ورزشوں میں شامل ہو تے تھے۔ مغرب سے عشاء تک پھر درس و تدریس ہوتی تھی۔ کھانے اور نماز عشاء کے بعد 9بجے تک طلباء سونے کی تیاری کرتے اور اگلے دن پھر اسی طرح دوبارہ پروگرام جاری ہوتا۔

دوران کلاس بچوں کو کلمہ طیبہ،نماز سادہ اور نماز باترجمہ، چہل احادیث، قرآن کریم کی آخری 10 سورتیں حفظ،اذان، بنیادی دینی معلومات، وغیرہ سکھائی گئیں۔کلاس کے آخر میں بچوں کے درمیان علمی اور ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اور نمایاں کارکردگی کے حامل طلباء کے ساتھ ساتھ دوسرے تمام بچوں کو بھی انعام دیئے گئے۔

3 جنوری 2020 کو اختتامی تقریب ہوئی اور بچوں کے والدین کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں احباب جماعت بھی بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے شریک ہوئے۔تقریب کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیاگیا۔

درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ حقیر کاوش قبول فرمائے اور شامل طلباء کو روحانی،اخلاقی، ذہنی، جسمانی، دینی اور دنیاوی ترقیات سے نوازے۔ (آمین)

(ڈاکٹر فضل الرحمٰن بشیر۔تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 فروری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 فروری 2020