• 24 اپریل, 2024

بیت السبوح فرینکفرٹ میں اہم تبلیغی ورکشاپ

خدا تعالیٰ کے فضل سے جرمنی میں تبلیغ کے کام کو روز بروز نئی وسعتیں عطا ہو رہی ہیں۔ تبلیغی نشستوں کے انعقا د کے مواقع بھی ہر سال بڑھ رہے ہیں۔ 250 جماعتوں کے داعیان الی اللہ کی ٹریننگ اور منصوبہ بندی کےلئے شعبہ تبلیغ دوران سال ایک سے زائد ورکشاپس کا اہتمام کرتا ہے۔ جس میں داعیان الی اللہ کی تبلیغی امور پر ٹریننگ کے علاوہ میدان عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اُٹھانے کا موقع بھی میسر آجاتا ہے۔

اسی سلسلہ میں 25 جنوری بروزہفتہ بیت السبوح میں سال کی پہلی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جس میں صوبوں کو مدّنظر رکھتے ہوئے منتخب جماعتوں کو نمائندگی دی گئی تھی۔ اس ورکشاپ میں 200 سے زائد داعیان الی اللہ کو نمائندگی دی گئی تھی۔ 25 جنوری کو صبح 10 بجے ورکشاپ کا آغاز مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر امیر جماعت احمدیہ جرمنی کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم وجرمن ترجمہ کے بعد مکرم امیر صاحب جرمنی نے افتتاحی تقریر میں کہا کہ ہمارے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ اب نوجوان بکثرت تبلیغ میں متحرک ہورہے ہیں۔ یہاں جرمنی میں گزشتہ سالوں سے اسلام کے حوالے سے حالات بدل رہے ہیں۔اب اسلام جرمنی میں معمول کے موضوعات میں شامل ہے۔ اللہ کے فضل سے جماعت کو اسلام کی نمائندگی میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ اسلام کے مخالف لوگ جماعت احمدیہ کو اپنے عزائم میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ ہم نے جرمنی کی 250 جماعتوں کو تبلیغ کےلئے تیار کرنا ہے۔اس کےلئے ضروری ہے کہ ہر داعی الی اللہ اپنے دینی علم میں اضافہ کرے اور سلسلہ کے لٹریچر کو تفصیل سے پڑھے۔ جماعت نے جرمن زبان میں کافی لٹریچر مہیا کردیا ہے۔ جماعت نے بعض ایسے کتابچے بھی شائع کئے ہیں جو تبلیغ کرنے والوں کے لئے بہت کار آمد ثابت ہوں گے۔ اِن کا سال میں ایک بار ضرور مطالعہ کیا کریں۔

امیر صاحب کی تقریر کے بعد شعبہ تبلیغ کی طرف سے مکرم وحید خان نے تبلیغ میں حکمت کی اہمیت پر تقریر کی اور حضرت مصلح موعودؓ کے حکمت سے متعلق ارشادات بیان کئے۔ نمازوں کے وقفہ اور دوپہر کے کھانے کے بعد داعیان الی اللہ کی نیشنل سیکرٹری تبلیغ حافظ فرید احمد خالد کے ساتھ ایک نشست ہوئی۔ جس میں داعیان الی اللہ نے اپنے تجربات کی روشنی میں سوالات کر کے اُن کے جوابات حاصل کئے۔ شاملین کو لائحہ عمل کے طور پر مستقبل میں تبلیغی نشستوں کی تیاری کےلئے ضروری احکامات بیان کئے گئے اور تبلیغی اسٹالز کی نوعیت اور وہاں رکھے جانے والے لٹریچر سے آگاہی دی گئی۔ ورکشاپ کے آخری سیشن میں مکرم صداقت احمد مبلغ انچارج نے خطاب کیا۔ آپ نے تبلیغ کی ضرورت و اہمیت بیان کرنے کے علاوہ سابق مبلغین کے تبلیغی واقعات بیان کئے۔ خصوصاً حضرت مولانا غلام رسول راجیکیؓ کے واقعات کو مشعل راہ جانتے ہوئے حاضرین کو اُن کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس اہم اور کامیاب تبلیغی ورکشاپ کا اختتام اجتماعی دُعا سے ہوا۔


(عرفان احمد خان ۔نمائندہ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ