• 20 اپریل, 2024

سسکاٹون کینیڈا میں برفانی طوفان کے دوران خدمت خلق کی کوششیں

سسکاٹون کینیڈا میں برفانی طوفان کے دوران
خدمت خلق کی کوششیں

اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں مومنین کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ:
اور اللہ کى عبادت کرو اور کسى چیز کو اس کا شرىک نہ ٹھہراؤ اور والدین کے ساتھ احسان کرو اور قریبی رشتہ داروں سے بھى اور یتیموں سے بھى اور مسکین لوگوں سے بھى اور رشتہ دار ہمسایوں سے بھى اور غیررشتہ دار ہمسایوں سے بھى اور اپنے ہم جلیسوں سے بھى اور مسافروں سے بھى اور ان سے بھى جن کے تمہارے داہنے ہاتھ مالک ہوئے یقیناً اللہ اس کو پسند نہیں کرتا جو متکبر (اور) شیخی بگھارنے والا ہو۔

(النساء: 37)

رسول اللہﷺہر طرح کے لوگوں کی مدد کرتے تھے خواہ وہ کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں ۔آپؐ نے مدینہ شہر میں ایک معاہدہ قائم کیا، جہاں مختلف عقائد کے لوگ رہتے تھے اوررسول اللہﷺ نے لوگوں کے درمیان ان کے عقیدے کی بنیاد پر تفریق نہ کر کے بین المذاہب رواداری کا خاکہ پیش کیا۔ آپ کی رحمت سب کے لیے تھی اور آپ نے جانوروں کے ساتھ حسن سلوک کا درس دیا نیز فرمایا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔لہذا مسلمانوں میں رحمت کا جذبہ اسی مقدس ہستی کی تعلیمات کی وجہ سےہے۔

گزشتہ اتوار کو کینیڈا کے شہرسسکاٹون Saskatoon میں ایک بڑا برفانی طوفان آیا۔ کرسمس کے موقع پر اور کرسمس کے دن Saskatchewan کے کئی علاقوں کو سردی کی شدید لہر نے بہت متاثر کیا۔ سسکاٹون میں ہفتہ کی رات سے کرسمس کے دن تک متوقع 10سے15سینٹی میٹر تک برفباری کی وارننگ جاری کر دی گئی تھی۔ زیادہ تر لوگ اپنے گھروں سے برف ہٹانے کے لئے مدد کے لیے مختلف ویب سائٹس پر دیکھ رہے تھے۔تعطیلات کی وجہ سے زیادہ تر لوگ اپنے گھروں سے برف ہٹانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور کچھ معمر افراد، اکیلی مائیں اور معذور افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

مجلس خدام الاحمدیہ جو اپنے خیراتی اقدامات کے لیے بانی اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مثال سے تحریک لیتی ہے ۔ قرآن پاک میں آپؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت کہا گیا ہے اور یہ آپ کی تعلیمات اور عمل سے ظاہر ہوتا ہے۔

مجلس خدام الاحمدیہ سسکاٹون کی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ ضرورت مندوں ،بوڑھوں ،حاملہ خواتین یا کسی ایسے شخص کو برف ہٹانے کی خدمات پیش کی جائیں جو ابھی اس مشکل وقت سے گزر رہےہوں۔

ہم نے مختلف سوشل میڈیا کے ذریعے اس خیراتی پیغام کو کثرت سے پھیلایا۔ ہمارے برف ہٹانے کی خدمت کا پیغام مقامی MLA Bronwyn Eyre نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا تھا۔ الحمدللّٰہ۔ سال کے اس اہم وقت میں ان کے بارے میں سوچنے پر ہمیں کمیونٹی کے ارکان کی جانب سے بہت پذیر ائی ملی۔

اللہ کے فضل سے خدام برادران منفی 20 ڈگری موسم کے باوجود برفانی طوفان کے بعد سسکاٹون اور قریبی علاقوں میں کئی سڑکوں اور پیدل چلنے کے رستوں سے برف صاف کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ برف اتنی زیادہ تھی کہ ہماری اپنی گاڑیاں جو کہ لوگوں کی مدد کے لیے نکلیں تھیں، راستے میں پھنس گئیں۔ اللہ کی مدد اور پیارے حضور کی دعاؤں سے خدا م بھائی بغیر کسی مشکل کے برف ہٹانے میں کامیاب ہو گئے۔

بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر ہماری کوششوں کو سراہا۔ چنانچہ ذیل میں بعض نمایاں پیغامات ہیں۔

Sheila Parent (غیر احمدی رکن) نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ یہ ایک شاندار اقدام ہے۔ انسانیت پر میرا اعتماد بحال کرنے کے لئے آپ کا شکریہ۔

Lester Gardiner فرسٹ نیشن کمیونٹی لیڈر کا کہنا ہے کہ ’’یہ ہمیشہ ایک نعمت ہے جب ہمارے نوجوان دوسروں کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کے لئے ان کے سامنے رکھی گئی چیزوں کی پیروی کرتے ہیں…. سب سے پہلے انسانیت‘‘

Philip (غیراحمدی رکن) نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ آپ لوگوں کی بہت مہربانی ہے میں ان مہربان بچوں کو اپنے ریسٹورنٹ کے کچھ گفٹ کارڈ دینا پسند کروں گا۔

Colleen Grieman (غیراحمدی ممبر) کہتے ہیں کہ آپ کی کمیونٹی کی طرف سے دیکھ بھال کا اتنا خوبصورت تحفہ !اس سے محبت کرو۔

(مترجم: غزالہ نرگس۔ برکینا فاسو)

(راشد احمد ۔سسکا ٹون کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی