• 18 اپریل, 2024

نصف صدی سے زائد لجنہ اماء اللہ میں خدمات بجا لانے والی محترمہ شوکت گوہر وفات پاگئیں

احباب جماعت کو نہایت دکھ اور افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ کہ محترم مولانا عبدالمالک خان سابق ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ کی صاحبزادی ،محترم ڈاکٹر لطیف احمد قریشی سابق ایڈمنسٹریٹر فضل عمر ہسپتال کی اہلیہ اور نصف صدی سے زائد عرصہ تک لجنہ اماء اللہ میں خدمت دین کے فرائض سر انجام دینے والی بزرگ خاتون محترمہ شوکت گوہر مورخہ 5 جنوری 2020ء کو صبح سوا چھ بجے طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں بعمر77سال وفات پاگئیں۔ آپ ایک عرصہ سے بیمار چلی آرہی تھیں۔

محترمہ شوکت گوہر دسمبر 1942ء کو آگرا میں پیدا ہوئیں۔ ان دنوں آپ کے والد مولانا عبدالمالک خان بطور مربی سلسلہ آگرا میں متعیّن تھے۔کچھ عرصہ اپنے والدین کے ساتھ حیدرآباد دکن میں رہیں اور قیام پاکستان کے بعد اپنے والدین کےہمراہ کراچی شفٹ ہوگئیں۔

محترمہ شوکت گوہر نے ابتدائی تعلیم کے مراحل کراچی میں طے کئے اور اسی طرح کالج کی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی۔ہر تعلیمی امتحان آپ نے نمایاں پوزیشن سے پاس کیا۔ آپ کا شمار ہونہار طالبات میں ہوتا تھا۔

خدمتِ سلسلہ کا جذبہ آپ میں شروع سے ہی موجزن رہا۔چھوٹی عمر میں ہی سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ کراچی مقرر ہوئیں اور تین چار سال تک اس شعبہ میں احسن طریق پر خدمات انجام دیں اور اس عمدگی سے کام کیا کہ لجنہ اماء اللہ مرکزیہ کے تحت کراچی کی ناصرات دنیا کی ناصرات میں صفِ اوّل میں شامل ہوگئیں۔

محترم ڈاکٹر لطیف احمد قریشی کے ساتھ 1961ء میں نکاح ہوا۔ نکاح کے بعد کیونکہ ڈاکٹر صاحب موصوف اعلیٰ میڈیکل تعلیم کے لئے انگلستان چلے گئے تھے اس لئے انگلستان میں ہی رخصتی عمل میں آئی۔ ڈاکٹر صاحب کی تعلیم اور ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے ان کا تقرر فضل عمر ہسپتال ربوہ میں فرما دیا تو بڑی بشاشت سے آپ نے اپنے خاوند کے ساتھ انگلستان کو چھوڑ کر ربوہ میں رہائش اختیار کر لی۔آپ کو خدمت سلسلہ کا شوق تو شروع سے تھا اس لئے آپ کو ربوہ آکر حیرت انگیز خدمات سلسلہ کے مواقع میسّر آئے اور بزرگ خواتین کی رفاقت اور رہنمائی نصیب ہوئی۔ربوہ میں رہائش پذیر ہونے کے ساتھ ہی آپ کو دارالصدر شرقی الف کی صدر لجنہ اماء اللہ مقرر کر دیا گیا۔ باوجود اس کے کہ اس عہدہ کے لئے آپ کی عمر چھوٹی تھی اور محلہ میں بزرگ خواتین بھی تھیں، لیکن آپ نے بہت منظم طریق پر بطور صدر لجنہ محلہ کے امور سر انجام دئیے۔ مختلف گروپس بنا کر کام کا آغاز کیا اور بہت تھوڑے عرصہ میں آپ کا محلہ ربوہ کے بہترین محلوں میں گِنا جانے لگا۔

مرحومہ کی نماز جنازہ مورخہ 7 جنوری 2020ء بروز منگل مسجد مبارک میں بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔

مرحومہ کی لجنہ اماءاللہ میں فقید المثال خدمات کی تفصیل اور دیگر حالات آئندہ خبر میں بیان کئے جائیں گے۔

اللہ تعالیٰ مرحومہ سے مغفرت فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین

(لندن مانیٹرنگ ڈیسک)

پچھلا پڑھیں

کتاب ’’حرفِ مبشر‘‘ کی تقریب رونمائی

اگلا پڑھیں

ٹیلیویژن۔ ایجاد سے LCD اور LED تک