• 23 اپریل, 2024

سیرالیون کے لُنسر ریجن میں مسجد بیت العافیت اور مشن ہاؤس کا بابرکت افتتاح

محض اللہ تعالی کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو 16؍ دسمبر 2020ء کو لُنسر ریجن کی جماعت ماموسا (Mamusa) میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 2009ء میں ہوا تھا۔ اس مسجد اور اس سے ملحقہ مشن ہاؤس کی تعمیر کا تمام خرچ مکرم چوہدری جہاں خان صاحب مرحوم و مکرمہ رابعہ بیگم صاحبہ مرحومہ آف 87 شمالی، سرگودھا ، پاکستان کی طرف سے ان کے بیٹوں اور بیٹیوں جو کہ پاکستان، جرمنی، کینیڈا، اور یوکے میں مقیم ہیں ، نے ادا کیا۔ اس بارہ میں ان کی بیٹی مکرمہ ناصرہ نذیر صاحبہ کی تحریک پر جملہ خاندان نے اس قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اس مسجد کا نام مسجد بیت العافیت عطا فرمایا ہے۔ یہ مسجد لُنسر ریجن میں فری ٹاؤن ہائی وے پر واقع ہے۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 30؍نومبر 2019 کو مکرم عبدالکریم کروما صاحب، ممبر آف پارلیمنٹ نے ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا اور اس مسجد کی تعمیر کے کام کی مکمل نگرانی کی سعادت مکرم رانا بابر شہزاد صاحب ، ریجنل مبلغ لُنسرکو حاصل ہوئی۔ مسجد کا کل مسقف ایریا 3040 فٹ ہے اور اس میں 200 افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ جبکہ مشن ہاؤس کا مسقف احاطہ 1635 فٹ ہے۔ دونوں تعمیرات پر 105 ملین لیون سے زائد کی رقم خرچ ہوئی۔ مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر میں علاقہ کے لوگوں نے بہت سے وقار عمل کئے اور اس طرح تعمیر کے خرچ میں کافی بچت ہوئی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن 11 بجے مکرم محترم مولانا سعیدالرحمن صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ و نظم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیرصاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا ۔ آپ نے اپنے خطاب میں قرآن پاک کی اہمیت و عظمت بیان کی اورا مام مہدی کی آمد اور نشانات کے بارے میں بتایا۔ اس کے علاوہ آپ نے سیرالیون اور دنیا بھر میں جماعت احمدیہ کی اسلامی خدمات کا تذکرہ فرمایا ۔جس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں ایک ریجنٹ چیف، ایک چیفڈم سپیکر، دو سیکشن چیفس سمیت کل آٹھ چیف شامل ہوئے۔ چیفڈم امام، چیئرمین امام کونسل مرامپا چیفڈم سمیت 22 امام، سکولوں کے پرنسپل، ٹیچرز، ایک عیسائی پادری سمیت کل 472 احمدی و غیراحمدی احباب اس بابرکت تقریب میں شامل ہوئے۔ پروگرام میں لُنسر ریجن کی 31 جماعتوں کی نمائندگی ہوئی۔

دعا ہے کہ یہ مسجد ہمیشہ نمازیوں سے آباد رہے۔ آمین

٭…٭…٭

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (سیرالیون))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جنوری 2021