• 23 اپریل, 2024

اجتماع خدام الاحمدیہ ریجن کدگو برکینا فاسو

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس سال خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو ریجنل سطح پر تمام ریجنز میں اجتماعات کروانے کی توفیق ملی۔ چنانچہ اسی سلسلہ میں کدگو ریجن میں بھی اس سال اجتماع خدام الاحمدیہ منعقد کیا گیا۔

اجتماع کی تیاری کے لیے سعادت احمد صاحب اور Sidibe Idrissaصاحب ریجنل قائد کدگو نے مختلف جماعتوں کے دورہ جات کر کے خدام کو اجتماع کے لیے تیار کیا۔ نیز ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جن کو تمام ذمہ داریاں سونپی گئیں اور اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے متعددمینٹگز کی گئیں۔

یہ اجتماع 29 تا 30 ستمبر 2021 کو کدگو شہر میں منعقد ہوا۔ افتتاحی تقریب 29 ستمبر شام تین بجے کدگو شہر میں سعادت احمد صاحب ریجنل مشنری کی زیر صدارت منعقد کی گئی۔ بعدازاں ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں فٹ بال، دوڑ، کلائی پکڑنا اور ثابت قدمی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ تمام مقابلہ جات اطفال الاحمدیہ اور خدام الاحمدیہ کے الگ الگ کروائے گئے۔

نماز مغر ب و عشاءکے بعد رات کا کھانا پیش کیا گیا اور علمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔ ان میں تلاوت قرآن کریم، اذان، دینی معلومات، حفظ قرآن اور قصیدہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ تمام مقابلہ جات خدام اور اطفال کے الگ الگ کروائے گئے۔

30ستمبر کے دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے کیا گیا۔ فجر کی نماز کے بعد درس دیا گیااور اس کے بعد فٹ بال کے فائنل میچز کروائے گئے۔ بعد ازاں ناشتہ پیش کیا گیا اور اختتامی تقریب کی تیاری کی گئی۔

اختتامی تقریب کونے داؤدا صاحب صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ کے بعد ریجنل قائد صاحب نے رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے پوزیشن لینے والے خدام او راطفال میں انعامات و اسناد تقسیم کیں۔ اجتماع میں 5 مجالس کے 96 خدام و اطفال نے شرکت کی۔ نیز دس مہمانان نے خاص طور پر شمولیت اختیار کی جن میں نمائندہ گورنر ریجن، نمائندہ ہائی کمشنر اور پولیس کے ایک نمائندہ شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ اجتماع خدام الاحمدیہ میں نئی روح پھونکنے والا ہو اور جماعت احمدیہ کدگو دن دگنی رات چگنی ترقی کرتی چلی جائے آمین

(رپورٹ : مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

وہ دعا کو ردّ نہیں کرتا