• 19 اپریل, 2024

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی مسجد (بیت الرحمٰن) کا افتتاح

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی
تیرہویں مسجد (بیت الرحمٰن) کا افتتاح

مورخہ 17 اکتوبر 2021 کو اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ کو ساؤتومے میں تیرہویں مسجد کے افتتاح کی توفیق بخشی۔ یہ مسجد8 میٹر چوڑائی کے ساتھ Octagon کا ڈیزائن ہے جس میں تقریباً ساٹھ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ 23 ستمبر 2021 کو اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ یہ مسجد کاؤوے (Caué) ضلع کے گاؤں سولداد (Solidade) میں بنائی گئی۔ اس گاؤں میں مکرم سید حماد رضا صاحب ریجنل مبلغ ترینداد کے ذریعے 6 جون 2021 میں جماعت کا پودا لگا تھا۔

بیت الرحمٰن

شروع میں10 افراد عیسائیت (Nova Apostolica) چھوڑ کر اسلام احمدیت میں داخل ہوئے۔ مستقل تربیتی کلاس کا اہتمام کرنے کے نتیجے میں کچھ اور لوگ احمدی ہوئے۔ ان میں اس چرچ کے پادری مکرم اوشتیلو کوژمی (Ostilo Cosme) صاحب بھی جماعت میں داخل ہوئے۔ جو 16 سال نیشنل پارلیمنٹ کےممبر بھی رہ چکے تھے۔ کئی دفعہ وہاں تبلیغی نشستیں منعقد کی گئیں۔ بہت ساری بحث مباحثہ ہوا بالآخر شراب کی ممانعت پر بات اٹک گئی لوگ کہنے لگے کہ ہم شراب نہیں چھوڑ سکتے۔ بہرحال ہم تبلیغ کر کے چلے گئے۔ اگلے دن ایک شخص نے بہت ساری شراب پی اور اپنی بیوی سے جھگڑنے لگا۔ وہ عورت اپنی مدد کے لئے لوگوں کو بلانے لگی۔ اس پر اوشتیلو صاحب نے لوگوں کو کہا کہ کل ہی جماعت کے مبلغین نے ہمیں شراب سے منع کیا تھا۔ ہمیں اسلام میں داخل ہوجانا چاہئے۔

ان نومبائعین میں چونکہ ایک پادری صاحب بھی شامل تھے۔ اس لئے تمام عیسائی فرقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ کئی طریقوں سے انہیں واپس عیسائیت میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام لوگوں نے استقامت دکھائی اور مزید افراد جماعت میں شامل ہونے شروع ہو گئے۔ مکرم اوشتیلو صاحب کی ماں نے کہا کہ مسلمان لوگوں کو قتل کرتے ہیں۔ پادری کہتے ہیں کہ مسلمانوں نے تیرے بیٹے کو جو تیرا اکلوتا سہارا ہےماردینا ہے۔ اس لئے اس مذہب کو چھوڑ دیں۔ انہوں نے اپنی ماں کو سمجھایا جو 80 سال کی بوڑھی ہیں کہ احمدی مسلمان تو دوسروں کو زندگی دیتے ہیں۔ کسی کی زندگی چھینتے نہیں ہیں۔ اس عورت کو مسجد کے افتتاح پر بلایا گیا تھا۔ وہاں جماعتی تعلیمات سن کر بہت متاثر ہوئیں اور کہنے لگیں کہ میں پادریوں کی باتوں سے گھبرا گئی تھی۔ اب مجھے سمجھ آ گئی ہے کہ ہم سے جھوٹ بولا گیا تھا۔ یہ تو بہت اچھا پرامن مذہب ہے۔ یہاں سب سے مل کر مجھے اطمینان ہو گیا ہے۔

مبلغین کرام نے مسجد کو آباد کرنے کے متعلق احباب جماعت کو نصائح کیں۔

دعا کے بعد نمازظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں12جماعتوں سے 73 احباب شامل ہوئے۔ خداتعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل ساؤ تومے اینڈ پرنسپ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

وہ دعا کو ردّ نہیں کرتا