• 21 ستمبر, 2020

مخالف باپ کے لئے دعا اور خدمت کی نصیحت

بٹالہ کے سفر کے دوران حضرت اقدس شیخ عبدالرحمان صاحب قادیانی سے ان کے والد صاحب کے حالات دریافت فرماتے رہے اور نصیحت فرمائی کہ :۔
ان کے حق میں دعا کیا کروہر طرح اور حتی الوسع والدین کی دلجوئی کرنی چاہئے اور ان کو پہلے سے ہزارچند زیادہ اخلاق اور اپنا پاکیزہ نمونہ دکھلا کراسلام کی صداقت کا قائل کرو۔اخلاقی نمونہ ایسا معجزہ ہے کہ جس کی دوسرے معجزے برابری نہیں کرسکتے۔ سچے اسلام کا یہ معیار ہے کہ اس سے انسان اعلیٰ درجہ کے اخلاق پر ہوجاتا ہے اور وہ ایک ممیز شخص ہوتا ہے۔شاید خداتعالیٰ تمہارے ذریعہ ان کے دل میں اسلام کی محبت ڈال دے۔ اسلام والدین کی خدمت سے نہیں روکتا۔ دنیوی امور جن سے دین کا حرج نہیں ہوتا ان کی ہر طرح سے پوری فرمانبرداری کرنی چاہئے دل وجاں سے ان کی خدمت بجالاؤ۔

(ملفوظات جلد دوم صفحہ 492)

ظہر کے وقت حضورؑ نے ایک نووارد صاحب سے ملاقات کی اور ان کو تاکید کی کہ وہ اپنے والد کے حق میں جو سخت مخالف ہیں دعا کیا کریں انہوں نے عرض کی حضور میں دعا کیا کرتا ہوں اور حضور کی خدمت میں بھی دعا کے لئے ہمیشہ لکھا کرتا ہوں ۔حضرت اقدس نے فرمایا کہ :۔
توجہ سے دعا کرو۔ باپ کی دعا بیٹے کے واسطے اور بیٹے کی باپ کے واسطے قبول ہوا کرتی ہے اگر آپ بھی توجہ سے دعا کریں تو اس وقت ہماری دعا کا بھی اثر ہوگا۔

(ملفوظات جلد دوم صفحہ 502)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 اگست 2020

اگلا پڑھیں

عالمی اپڈیٹ – Covid-19