• 24 اپریل, 2024

اجتماع خدام الاحمدیہ بانفورہ برکینا فاسو

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو ملک کے مختلف ریجنز میں اجتماعات کروانے کی توفیق ملی۔ چنانچہ اسی سلسلہ میں ریجن بانفورہ میں بھی 11تا 12 ستمبر 2021ء کو اجتماع خدام الاحمدیہ منعقد کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریجن بانفورہ میں ایک بہت مضبوط جماعت قائم ہوچکی ہے۔ بانفورہ شہر میں جماعت کی ایک خوبصورت مسجد، مشن ہاؤس، دو پرائمری سکول قائم ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ریجن کے دور دراز علاقوں تک بھی جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچ چکا ہے اور خوبصورت مساجد تعمیر ہوچکی ہیں اور یہ سلسلہ دن بدن ترقی کرتا چلا جارہا ہے۔ الحمدللّٰہ علی ذلک۔

اجتماع سے پہلے Tinderbego Seydou صاحب ریجنل قائد کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جن کے ذمہ اجتماعا ت کے مختلف کام سپرد کیے گئے۔ ریجنل قائد صاحب بانفورہ نے 20 سے زائد جماعتوں کے دورے کیے اور خدام کو اجتماع کے لیے تیار کیا۔ نیز کمیٹی نے متعدد میٹنگز کر کے اجتماع کے کاموں کو خوش اسلوبی سے سرانجام دیا۔

اجتماع کا آغاز11 ستمبر کو بعد نماز ظہر و عصر بانفورہ شہر میں اعجاز احمد صاحب ریجنل مشنری بانفورہ کی سربراہی میں ہوا۔ افتتاحی تقریب میں تلاوت قرآن کریم، عہد، نظم کے بعد ریجنل مشنری صاحب نے اپنی تقریر میں اجتماعات کی غرض و غایت بیان کی اور دعا کروائی۔

افتتاحی تقریب کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔ ورزشی مقابلہ جات میں دوڑ100 میٹر، فٹبال، رسہ کشی، ثابت قدمی، اور پنجہ آزمائی کے مقابلہ جات شا مل تھے۔ یہ تمام مقابلہ جات خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ کے الگ الگ کروائے گئے۔ افتتاحی تقریب کے بعد شدید بارش شروع ہو گئی تھی لیکن اس کے باوجود خدام و اطفال نے بڑے شوق سے تمام مقابلہ جات میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء ادا کی گئی۔ نمازوں کے بعد رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ بعد ازاں خدام لاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کے الگ الگ علمی مقابلہ جات کا ا ٓغاز کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، اذان، حفظ قرآن، دینی معلومات، پیغام رسانی اور تقاریر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ علمی مقابلہ جات بھی خدام و اطفال کے الگ الگ کروائے گئے۔

12ستمبرکا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد مالی قربانی کے موضوع پر درس دیا گیا۔ بعد ازاں بقیہ ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اور ناشتہ پیش کیا گیا۔ اختتامی تقریب کے لیے کونے داؤدا صاحب صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو بنفس نفیس دارالحکومت واگہ سے سینکڑوں کلو میٹر کا سفر کر کے شامل ہو ئے۔ چنانچہ اختتامی تقریب صدر صاحب خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے خدام سے عہد لیا، بعد ازاں نظم پڑھی گئی اور Tinderbego Seydou صاحب قائد ریجن نے رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے پوزیشن لینے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے اور نصائح کیں۔ اور اجتماع کا اختتام دعاسے ہوا۔ اختتامی تقریب کے بعد نماز ظہر و عصر پڑھائی گئی اور شاملین کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اجتماع میں 30سے زائد جماعت و مقامات سے 145 خدام و اطفال نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ اجتماع خدام الاحمدیہ بانفورہ کو ایمان و عرفان میں بڑھانے والا اور خلیفہ وقت سے ان کا ایک مضبوط تعلق قائم کرنے والا ثابت ہو۔ آمین

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔مبلغ سلسلہ برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ