• 18 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ لائبیریا کی بومی کاؤنٹی میں مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کوبومی کاؤنٹی کی ایک جماعت Jarwejah میں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذلک۔

اس جگہ پرپہلی مرتبہ احمدیت کا پیغام 2018ء میں پہنچا اور125 احباب نے احمدیت قبول کرنے کی سعادت پائی۔

احباب کی تعلیمی و تربیتی ضروریات کے پیش نظرمؤرخہ14 جنوری 2021ء کو مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ انچارج بومی کاؤنٹی نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کا کل احاطہ 1846مربع فٹ ہے اور بیک وقت 150 افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

مورخہ3 دسمبر 2021 کو مسجد کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب مقرر کی گئی۔ جس میں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیرومشنری انچارج لائبیریا نے بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت مکرم حافظ ابراہیم صاحب کیزولو صاحب کو حاصل ہوئی۔اور نظم بھی پیش کی۔

اس پروقارتقریب میں مختلف ٹاؤنزکے چیفس اوراماموں نے بھی شمولیت کی جنہوں نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئےجماعت احمدیہ کی خدمت اسلام وانسانیت کو سراہا۔

اس تقریب کےآخرپرمکرم نویداحمدعادل صاحب امیرومشنری انچارج لائبیریا نے احباب سے خطاب میں احمدی اور غیر احمدی مسلمانوں کےعقائد میں بنیادی فرق کا ذکر کرتے ہوئے فرمایاچونکہ احادیث میں امت محمدیہ کی اصلاح کے لئے آنے والے وجود کو مسیح کےنام سے ملقب کیا گیا لیکن عوام الناس صحیح علم نہ ہونے کی وجہ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو ہی اس امت کا مصلح سمجھ کران کا انتظار کر رہے ہیں جبکہ احمدی مسلمان قرآن کریم کی روشنی میں ان کو وفات یافتہ تسلیم کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے بانئ سلسلہ احمدیہ حضرت مرزا غلام احمد صاحب قادیانی علیہ السلام کوآنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں اس امت کی اصلاح کے لئے امام مہدی اور مسیح بناکر بھیجا ہےاور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی بیعت کا حکم دیا ہےاور یہی امر ان کے ماننے والوں کو دوسروں مسلمانوں سے ممتاز کرتا ہے۔

خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب نے فرمایا کہ یہ مسجد خداتعالیٰ کی طرف سے ہمارے لئےایک انعام ہے اور اس کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اس کو پنجوقتہ آباد رکھیں اوراپنے بچوں کو قرآن کریم سیکنھے کے لئے مسجد سے جوڑدیں۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعداحباب جماعت کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس بابرکت تقریب میں 200 افراد نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس مسجدکوجماعت کے لئے مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے اور احباب جماعت کو اس کا حقیقی حسن برقرار رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ:فرخ شبیرلودھی۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لائبیریا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ