• 19 اپریل, 2024

سیرالیون کے کینیما ریجن میں مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو کینیما کے ریجن کے گاؤں Mano Kotuhun میں ایک مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔

اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ مکرم الحاجی نذیر احمد علی مرحوم کے ذریعہ ہوا جب یہاں ایک مخلص احمدی Pa Aruna Jah مرحوم نے بیعت کی۔ ابتداء میں لوکل جماعت نے اپنی مدد آپ کے تحت یہاں مسجد کی تعمیر شروع کی اور جماعتی طور پر بھی ان کی مدد کی گئی۔ اب ان ابتدائی احمدی کے صاحبزادے محترم Harun Jah نے 108 ملین لیونز کی رقم سے اس مسجد کی تعمیر نو کی اور سہولیات میں اضافہ کیا۔ ان سہولیات میں مسجد کی ٹائلز، اور سولر سسٹم شامل ہیں۔ مسجد کا کل مسقف احاطہ 30×50 فٹ ہے اور اس میں 300 نمازیوں کی گنجائش ہے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم ڈاکٹر شیخوتومو نائب امیر اول کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و مینڈے ترجمہ سے ہوا جو عزیزم اسماعیل کروما نے پیش کی۔ ٹاؤن چیف نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔

نائب امیر صاحب نے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور حاضرین نے مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ اپنے خطبہ میں مکرم منیر حسین نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔اور اس گاؤں میں جماعت کی مختصر تاریخ بیان کی۔ حاضرین میں بعض غیر از جماعت احباب بھی شامل تھے۔

اس تقریب میں اس چیفڈم کی بعض نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی اور جماعت کی کارکردگی اور مسجد کی تعمیر کو سراہا۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں مرکزی مبلغین، اساتذہ جامعہ، سرکٹ مشنریز، معلمین، بو اور کینیما ریجن سے آئے لجنہ، خدام اور انصار سمیت 350 افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں ایک پر تکلف کھانا پیش کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی اس مسجد کے ذریعہ اس علاقہ میں تبلیغ کے مزید مواقع فراہم فرمائے اوریہ نمازیوں سے ہمیشہ آباد رہے۔ آمین۔

(عبدالہادی قریشی۔سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

جماعت سُرینام کی مذہب کے عالمی دن کے پروگرام میں شرکت

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 فروری 2020