• 20 اپریل, 2024

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ 2021

اَلْحَمْدُلِلّٰہِ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا ایک اور تعلیمی سال اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس ضمن میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد اور تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت اور نظم بزبان اردو و سواحیلی کے بعد مکرم عزیز احمد شہزاد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ نے دفتر پرنسپل کی جانب سے بزبان اردو کارگزاری رپورٹ پیش کی، اور سواحیلی رپورٹ کے لئے مکرم شمعون جمعہ صاحب معلم سلسلہ و استاد جامعہ تشریف لائے۔اس دوران میں حاضرین مجلس کی خدمت میں تصویری جھلکیاں بھی پیش کی گئیں۔ بعد ازاں درجہ ثالثہ کے ایک فارغ التحصیل طالبعلم نے سپاس نامہ پیش کیا۔ اورپھر مہمان خصوصی محترم امیر و مبلغ انچارج صاحب تنزانیہ نے طلبہ، اساتذہ اور مہمانان میں انعامات و اسناد تقسیم کیں اور نصائح سے نوازا۔ آپ نے طلبہ کو اللہ تعالیٰ سے گہری محبت پیدا کرنے کی تلقین کی، جسکے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کا قرب اور اسکی حفاظت نصیب ہوتی ہے۔ آپ نے فرمایا:
’’ہم سب یہاں واقف زندگی ہیں، اللہ کی راہ میں ہم نے اپنی زندگی وقف کرنے کا عہد کیا ہے۔ ہمارا یہ فرض ہے کہ ہر لمحہ ہم وقف کی حقیقت کے بارے میں غوروفکر کرتے رہیں، کہ وقف کیا ہے؟ کیونکہ ہم اپنی زندگی اپنا سب کچھ اللہ کی راہ میں قربانکرنے کا عہد کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ کوئی عام فیصلہ نہیں، یہ فیصلہ تا حیات استقامت چاہتا ہے۔ اس لئے وقف کی حقیقت کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔‘‘

قارئین الفضل کی خدمت میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے تعلیمی سال 2021 کی مختصر کارگزاری رپورٹ پیش ہے:۔
جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا آغاز 1984ء میں ہوا۔اس وقت جامعہ موروگورو ریجن کے علاقہ کیہونڈا میں واقع ہے۔ جامعہ ایک تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے۔ جہاں طلبہ کی تعلیم کااصل محور قرآنِ مجید ہے۔ اور باقی علوم اس کی شاخیں ہیں۔ان تدریسی مضامین میں تجوید، ناظرہ قرآن مجید، ترجمہ و تفسیر، حدیث، فقہ، کلام، موازنہ، حساب، سواحیلی ا ور تاریخ و سیرت شامل ہیں۔ نیز طلبہ کو عربی، اردو اور انگریزی بھی پڑھائی جاتی ہے۔دور جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے طلبہ کو کمپیوٹر بھی سکھایا جاتا ہے۔ اور آخری سال کےطلبہ ایک مختصر ریسرچ پیپر بھی لکھتے ہیں۔جامعہ کا تعلیمی سال دو سمیسٹر ز پر مشتمل ہے۔اور دونوں سمیسٹرز کے اختتام پر باقاعدہ ہرمضمون کا امتحان لیا جاتا ہے۔اور سالانہ رزلٹ دونوں سمیسٹرز میں طلبہ کی مجموعی کارکردگی پر مشتمل ہوتا ہے۔

ابتداء میں تین سالہ معلم کلاس کا نصاب پڑھایا جاتا تھا، لیکن گزشتہ کچھ سالوں سے بعد از منظوری چار سالہ تعلیمی نصاب جاریہے۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں مشرقی افریقہ کے بیشتر ممالک کے طلبہ تحصیل علم کے لئے آتے ہیں، جن میں تنزانیہ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک کینیا، ملاوی، برونڈی اور کانگو شامل ہیں۔

امسال فارغ التحصیل طلبہ کی تعداد 10 ہے جو تنزانیہ اورکانگو سے تعلق رکھتے ہیں۔ ا ن کے نام ذیل میں درج ہیں۔

1 ABDUL-RAHMAN EM-MASANJA MAPOLU
2 KASONGA BIDUAYA ROBERT
3 ALLY MUHAMMAD KASWEZI
4 YASIN ABDALLAH MTEBEA
5 MBWILU SULEMAN FANNY
6 KAMBALE FIRDAUS RAMAZAN
7 HAMISI MPENDA OMARAI
8 IRFAN MABUMA- MALAMO
9 QASIM OMARY KIMWAGA
10 IDRIS TSHIBUABUA JUMA

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے بعض منتخب طلبہ کو بعد از منظوری جامعہ انٹرنیشنل گھانا بھجوایا جاتا ہے۔ اس طرح اب تک جامعہ تنزانیہ سےجامعہ گھانا جانے والے طلبہ کی تعداد 17 ہے۔

جن طلبہ کا امسال جامعہ انٹرنیشنل گھانا کے لیے انتخاب کیا گیا ہے ان کے نام ذیل میں ہیں۔

  1. HUSSEIN MPENDA OMARY
  2. SHABAN IDD SHAHABN

جامعہ میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت پر بھی زور دیا جاتا ہے۔ اور تربیت کے تعلق میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ چنانچہ طلبہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰٰ کے تمام خطبات براہ راست دیکھتے اور سنتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی و تربیتی جلسہ جات کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جن میں جلسہ سیرت النبیﷺ، جلسہ یوم مصلح موعودؓ، جلسہ یوم مسیح موعودؑ اور جلسہ یوم خلافت شامل ہیں۔نیز گاہے بگاہے دیگر ضروری تربیتی امور پر ٹیوٹوریل سیشنز اور تعلیمی و تربیتی لیکچرز بھی دیئے جاتے ہیں۔ نیز درس قرآن کریم، درس حدیث اور درس کتب سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔جامعہ کے آخری سال کےطلبہ کے لیے رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنا بھی تربیتی سرگرمیوں کا لازمی حصہ ہے۔ امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو جلسہ سالانہ یوکے 2021 کے موقع پر لایو سٹریمنگ کے ذریعے ایم ٹی اے کی وساطت سے براہ راست شرکت کی توفیق بھی ملی۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ

طلبہ کی جسمانی صحت ا ور نشوونما کے پیش نظر کھیل بھی جامعہ کی روزمرہ کی روٹین کا ایک لازمی جزو ہے۔روزانہ نمازِ عصر کے بعدکھیل ہوتی ہے۔ جن میں فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور دیگر ورزشی کھیلیں شامل ہیں۔ طلبہ کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جن کے نام امانت، شجاعت اور شفقت ہیں۔ ان گروپس کے مابین ابتدائی مقابلہ جات کروا کر سپورٹس ڈے پر ان کے فائنلز کروائے جاتے ہیں۔ امسال سالانہ ورزشی مقابلہ جات 20 اور 21 اکتوبر 2021ء کو منعقد ہوئے۔

ورزشی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ علمی مقابلہ جات بھی کروائے جاتے ہیں۔ جن میں تلاوت قرآنِ مجید، اذان، ادعیۃ القرآن، ادعیۃالرسول ﷺ، نظم اردو، نظم سواحیلی اور تقریر سواحیلی، تقریر انگلش، تقریر اردو اور تقریر عربی کے مقابلہ جات شامل ہیں۔

جامعہ کی غیر نصابی سرگرمیوں میں وقار عمل ایک اہم اور بہت بنیادی تربیتی جزو ہے۔ جس کے ذریعے تربیت کے ساتھ ساتھ جماعتی اموال کے احساس اور ان کے استعمال میں غیر معمولی احتیاط کی روح پیدا کرنا بنیادی مقصد ہے۔ امسال وقار عمل کی تعداد 50 سے زائدہے۔ جن میں جامعہ اور اس سے منسلکہ احاطہ، مسجد اور اس سے منسلکہ احاطہ، جامعہ گراواٴنڈ اور احمدیہ پری انیڈپرائمری سکول کے احاطہ میں وقار عمل کیا گیا۔ اور ان وقار عمل کے ذریعے 3 ملین شیلنگز سے زائدرقم کی بچت ہوئی۔ نیز جامعہ کو امسال لوکل یونین کونسل کے ہسپتال میں 2 بار وقار عمل کرنے بھی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ سیکنڈری سکول کیہونڈا میں نئی کلاسز کی تعمیر کے موقعہ پر جامعہ کو وہاں بھی وقار عمل کرنے کی توفیق ملی۔ نیز جامعہ نے اپنی مدد آپ کے تحت جامعہ کے احاطہ میں سبزیاں، پھل اور دیگر اجناس بھی اگائی ہوئی ہیں۔ اس پروگرام سے بھی جامعہ کو کھانے کی مد میں 2 ملین شیلنگز کے قریب رقم کی بچت ہوئی۔ان تمام سرگرمیوں سے 5 ملین شیلنگز سے زائد کی رقم کی بچت ہوئی۔ علاوہ ازیں جامعہ میں موجود باغ احمد میں 100 نئے پھل دار پودے بھی لگائے گئے۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ۔

تبلیغ بھی جامعہ کی ایک بنیادی سرگرمی ہے۔ امسال 11 تبلیغ ڈے منائے گئے اور 19 بار لوکل اتوار بازار saba saba میں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ان سرگرمیوں سے 4 ملین شیلنگز کے قریب جماعتی لٹریچر فروخت ہوا اور چھے ہزار سے زائد افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ نیز امسال 26 طلبہ کو تنزانیہ کے مختلف ریجنز میں وقف عارضی کرنے کی بھی توفیق ملی۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو حسب استظاعت مالی قربانی کی بھی توفیق ملتی رہتی ہے۔جامعہ کو مالی سال 2020ء۔ 2021ء میں اپنے چندہ جات کے بجٹ جو کہ /-17,948,100 تھا، کو مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ اسی طرح چندہ تحریک جدید اور وقف جدید کے وعدہ جات کی تکمیل کی بھی توفیق ملی۔ چنانچہ جامعہ کو جولائی 2020 تا جون 2021 مختلف مدات کی مد میں کل /-24,525,200 شیلنگز کی مالی قربانیکی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ اپنے ملک و قوم کی خد مت میں اپنا کردار بھی ادا کرتا ہے۔امسال عید الفطر کے موقعہ پر جامعہ کو اپنی لوکل یونین کونسل میں 120 کے قریب گھرانوں میں عید گفٹس کی تقسیم کی توفیق ملی۔اس تقریب میں موروگورو کے ڈسٹرکٹ کمشنر بطورمہمانِ خصوصی شامل ہوئے۔ مہمان ِ خصوصی کو قرآن مجید کا سواحیلی ترجمہ بطور تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

نیز بقر عید کے موقعہ پر جامعہ کو 29 بکرے قربان کرنے کی توفیق ملی۔اس قربانی کے گوشت کا تحفہ جامعہ کے ورکرز، جامعہ سٹاف،طلبہ جامعہ اور احباب جماعت، سکول سٹاف اور قرب و جوار کے افراد میں تقسیم کیا گیا۔نیز جامعہ انتظامیہ نے ایک وفد کی صورت میں جا کر قربانی کے عید گفٹس موروگورو ریجن کے ریجنل کمشنر اور سٹاف، ریجنل ایدمنسٹریٹو سیکریٹری اور سٹاف، ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو اور سٹاف، ڈسٹرکٹ ایدمنسٹریٹو سیکریٹری اور سٹاف، ریجنل پولیس آفیسر اور سٹاف، ڈسٹرکٹ سی آئی ڈی آفیسراور سٹاف، ریجنل امیگریشن آفیسر اور سٹاف، میڈیکل آفیسر آف موروگورو ریجنل ہاسپٹل، مئیر آف موروگورو اور سٹاف، میونسپل ڈائیریکٹر اور سٹاف، آفیسر آف ایجوکیشن، یونین ناظم اور لوکل یونین آفس، SOBER HOUSE (نشے کے عادی افراد کی نگہداشت کا ادارہ)، دو بینکوں کے عملہ، ڈیوٹی پر معمور ٹریفک پولیس اہل کاروں اور موٹر رکشہ ڈرائیورز میں تقسیم کیے۔ جامعہ کے ان پروگرامز کی خبریں الیکٹرانک، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی شائع ونشر ہوئیں۔

اس کے علاوہ جامعہ کو اپنی لوکل یونین کونسل میں موجودگورنمنٹ سیکنڈری سکول کے نئے بلاک کی تعمیر کے موقع پر 25 سیمنٹ کی بوریاں بھی پیش کرنے کی توفیق ملی۔یونین کونسل کے ہسپتال اور سیکنڈری سکول میں وقار عمل کرنے کا ذکر اوپر ہو چکا ہے۔ نیزموروگورو کی میونسپل کونسل کے میڈیا سیکشن CHOMBO HURU کو جامعہ کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ شیلنگز کی مالیت کی شرٹس کاعطیہ بھی دیا گیا۔ علاوہ ازیں سولر واٹر پروجیکٹ کے ذریعہ روزانہ اوسطاً 75 سے 100 گھرانے پانی کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

جامعہ انتظامیہ،جامعہ میں خدمت کے ساتھ ساتھ احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول میں بھی خدمت سر انجام دیتی ہے۔ اور سکول کےجملہ امور میں رضاکارانہ خدمت بجا لاتی ہے۔ امسال سکول میں ہال کی تعمیر عمل میں آئی۔ امسال احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول کی ساتویں کلاس کو پہلی بار نیشنل امتحانات میں بیٹھنے کی توفیق ملی۔ اور اَلْحَمْدُلِلّٰہِ تمام طلبہ نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔ اسٹینڈرڈ سیون کی گریجویشن جامعہ ہال میں منعقد ہوئی۔ امسال سکول میں 3 نئے اساتذہ کا اضافہ ہوا۔ اس وقت سکول میں کل 16 اساتذہ پر مشتمل سٹاف کام کر رہا ہے۔ جن میں 14 فل ٹائم اور 2والنٹیئرز اساتذہ ہیں۔ علاوہ ازیں 5 کارکنان کا عملہ بھی ہے۔

اسی طرح جامعہ کے اساتذہ و طلبہ کو ایم ٹی اے افریقہ میں پروگرام ریکارڈ کروانے کی بھی توفیق ملتی رہتی ہے۔اس طرح امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰٰ نے جامعہ گھانا سے فارغ التحصیل ہونے والے مبلغ سلسلہ مکرم ایاز احمد ڈوگر صاحب کی جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں بطور استاد تقرری منظور فرمائی۔ بَارَکَ اللّٰہُ لَہٗ

امسال نئے ہونے والے کاموں میں جامعہ کے احاطہ اور سکول کے احاطہ میں IAAAE کے تعاون سے 10 سولر سٹریٹ لائٹس لگیں۔ نیز جامعہ میں موجود سولر واٹر پروجیکٹ کے پمپ کی خرابی کے بعد IAAAE کے تعاون سےہی BORE HOLE کی فلشنگ اور اس میں نئے پمپ کی INSTALLATION عمل میں آئی۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء۔

علاوہ ازیں جامعہ کے احاطہ میں سیکیورٹی کو بہتر بنانے کی غرض سے CCTV کیمرے بھی نصب کیے گئے جن کے ذریعے آن لائن بھی جامعہ کے احاطہ کی نگرانی کی جا سکتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ جامعہ کے احاطہ میں PAVING TILES بھی لگائیں گئیں۔ PAVING TILES کے کام میں جامعہ کے بعض اساتذہ و طلبہ نے دن رات انتھک محنت کرکے اس کام کو بڑی دلجمعی سےسرانجام دیا۔اور جامعہ کے ماحول کوصاف ستھرا اور مزید خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس سرگرمی سے 1.6 ملین شیلنگزکی بچت ہوئی۔ یہ بچت وقار عمل کے ذریعے ہونے والی بچت کے علاوہ ہے۔ مزید برآں جامعہ کی MAIN ENTRANCE والے روڈکے دونوں اطراف RAOD EDGES کی تعمیر کرکے اس پر رنگ و روغن کیا گیا۔ جس سے جامعہ کے ماحول کی خوبصورتی میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔ امسال جامعہ کی کمپیئوٹر لیب کو اپ گریڈ کرکے اس میں 2مزید کمپیئوٹرز اور ایک لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ایک عدد بڑی فوٹو کاپی مشین کا اضافہ بھی ہوا۔

نیز ایک مشن ہاؤس کی REHABILITATION بھی ہوئی۔ جامعہ میس کے سٹور میں نئے شیلف کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح جامعہ اور سکول میس میں 10 نئے ڈائنگ ٹیبلز اور 20 نئے بینچز کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ لائبریری جامعہ احمدیہ میں تقریباً ڈیڑھ ملین شیلنگزکی نئی ریفرنس بکس کا اضافہ بھی کیا گیا۔ جامعہ کے سائن بورڈ کو نئے ڈیزائن سے آراستہ کیا گیا۔۔ اسی طرح جامعہ کی MAIN ENTRANCE پر نیا گیٹ نصب کیا گیا۔

جامعہ گریجویشن کی اس تقریب میں تنزانیہ کے مختلف ریجنز سے مبلغین اور دیگر مہمانان نے بھی شرکت کی، جن میں مکرم بکری عبیدی کلوٹا صاحب نائب امیر، مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب ریجنل مبلغ ڈوڈوما، مکرم ریاض احمد ڈوگر صاحب ریجنل مبلغ ارینگا، مکرم کریم الدین شمس صاحب ریجنل مبلغ مبیا و کٹاوی ریجنز، مکرم فضل الرحمٰن بشیر صاحب ڈاکٹر انچارج احمدیہ پولی کلینکموروگورو، مکرم شعبان عثمان شنڈا صاحب مبلغ سلسلہ، جملہ اسٹاف ایم ٹی اے اسٹوڈیوز تنزانیہ اور مقامی مجلس عاملہ کے اراکین شامل ہیں۔

تقریب کے آخر میں محترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے اظہار تشکر کیا اور طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ:۔ ’’ہماری زندگی اور سلامتی آسمانی نظام یعنی نظام خلافت کی اطاعت میں ہے۔‘‘

اس تقریب کا اہتمام بعد نماز مغرب و عشاء جامعہ کے باغیچہ میں کیا گیا۔ جس کے لئے قبل از وقت خصوصی وقارعمل کے ذریعہ تزئین و آرائش، مناسب روشنی اور تیاری اسٹیج وغیرہ امور سر انجام دئیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ وہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو اپنےخاص فضلوں سے نوازے۔ اور اس میں خدمت سر انجام دینے والوں کو جزائے خیردے اور اس ادارے سے پاس ہو کرمیدان عمل میں خدمت بجا لانے والوں کا حامی و ناصر ہو۔ اور ہم سب کو وقف کی روح کو سمجھنے والا اور وقف کے تقاضوں کوپورا کرنے والا بنائے۔ اور خلافت احمدیہ کا سچا خادم اور وفادار بنائے اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہم سے وابستہ توقعات پر کما حقہ ُ پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)

(رپورٹ: ڈاکٹر فضل الرحمٰن بشیر۔تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 فروری 2022

اگلا پڑھیں

آج کی دعا