• 25 اپریل, 2024

سیرالیون میں رمضان اور عید الفطر کی رونقیں

جماعت مومنین کو رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کا سارا سال انتظار رہتا ہے۔ امسال سیرالیون میں رمضان المبارک کا آغاز 2۔ اپریل 2022ء کو ہوا۔ رمضان المبارک کے دوران مبلغین کرام، لوکل مشنریز، معلمین کرام اور ائمہ مساجد رمضان بھر میں پنجوقتہ نمازوں کےساتھ ساتھ نمازِ تراویح کا اہتمام کرتے رہے اور درس القرآن و حدیث کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جامعة المبشرین کے سالِ اول و دوم کے طلباء نے بھی وقفِ عارضی کے تحت اپنے اپنے ریجنز کی مفوضہ جماعتوں میں یہ سلسلہ جاری رکھا۔ اسی طرح آخری دس ایام میں تراویح کے ساتھ ساتھ نمازِ تہجد باجماعت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ مساجد میں حاضری بہتر رہی اور مرد و خواتین، بچے و بچیوں نے رمضان المبارک کے ایام سے خوب استفادہ کیا۔ اطفال، خدام، ناصرات، لجنہ، انصار نے قرآن کریم کے ایک یا دو دور مکمل کئے۔ مساجد میں نمازِ ظہر یا عصر کے بعد تلاوتِ قرآن کریم کی جاتی رہی اور کئی مقامات پر دور مکمل ہوا۔ مقامی روایت کے مطابق احباب نے مساجد میں کُلُوْا جَمِیْعاً کے طور پر مل جل کر افطار کرتے رہے۔ مزید برآں آخری دس روز بعض مقامات پر اسی طرح سحر ی کا انتظام بھی کیا گیا۔ خشک موسم کے سبب رمضان المبارک کے دوران عمومی موسم نسبتاً گرم رہا لیکن بعض ایام میں روزہ داروں کو ابر رحمت کے برسنے سے تسکین و راحت بھی حاصل ہوئی۔

رمضان المبارک کے گزرنے کے بعد عید الفطر کا تہوار روزہ داروں کے لئے خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک تحفہ اور انعام ہے۔ دیگر مسلم ممالک کی طرح مغربی افریقی ملک سیرالیون میں بھی عید الفطر کا تہوار بھی جوش و خروش سے منائی گئی۔ امسال رمضان المبارک کے 30 روزے ہوئے اور عید الفطر 2 مئی 2022ء بروز پیر کو منائی گئی۔ اس حوالہ سے سیرالیون بھر میں جماعت احمدیہ کے زیر انتظام نمازِ عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ بعض مقامات پر نماز عید سے قبل یا بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

دار الحکومت فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز سمیت تمام ریجنل ہیڈکواٹرز کی جانب سے مساجد، احمدیہ سکول کے کھلے میدانوں یا عیدگاہوں میں نمازِ عید کے متعدد بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال، خدام اور انصار نے ایک روز قبل ان عیدگاہوں کو وقارِ عمل کے ذریعہ تیار کیا تھا۔ ان کے علاوہ تمام جماعتوں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ ریجنز کے مرکزی اجتماعات میں اوسطاً حاضری ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار رہی۔ جبکہ جماعتوں کی اوسطاً حاضری چار صد سے آٹھ صد رہی جن میں احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ نماز عید کے بعد خطبہ عید میں احبابِ جماعت کو رمضان کی برکات کے جاری رکھنے، عید سے حقیقی فیض اٹھانے، حضور انور کی صحت وسلامتی اور خلا فت احمدیہ کے استخام اور اطاعت و محبت میں بڑھنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے حالات کے حوالہ سے خصوصی دعاؤں کی تحریک کی گئی۔ اکثر مقامات پر نمازِ عید کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔ نمازِ عید کے اجتماعات کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے۔

سیرالیون میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع بوریجن میں مرکزی اجتماع بو احمدیہ کمپاؤنڈ میں ہواجہاں قریباً اڑھائی ہزار افراد شامل ہوئے۔ جبکہ ریجن بھر میں 70 مقامات پر نمازِ عید ادا کی گئی۔ بو احمدیہ ریڈیو کے ذریعہ ریجنل مبلغ صاحب کا خطبہ عید اور کارروائی لائیو نشر کی گئی۔ اس موقع پر نیشنل ٹی وی SLBC نے بھی کوریج کی۔

فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز میں 28 مقامات پر اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ سب سے بڑا مرکزی اجتماع مسجد بیت السبوح میں ہوا جس میں اندازاً ڈھائی سے تین ہزار افراد شامل ہوئے۔ باقی ہر جگہ بھی ہزار، ڈیڑھ ہزار سے زائد احباب شامل ہوئے۔ ریجنٹ جماعت میں نماز عید کے بعد اخباری نمائندگان نے مبلغ صاحب سے عید کے حوالہ سے سوال و جواب کئے۔

کینیما ریجن کے 8 سرکٹس میں 43 مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے۔ مرکزی اجتماع ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوا۔ جس میں 13 سو سے زائد احباب شامل ہوئے۔ کینما شہر میں ایک اور جگہ عید کا اجتماع ہوا جہاں چند ماہ قبل نئی مسجد کا افتتاح ہوا تھا جہاں 120 نومبائعین اور قریباً 50 غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔

مکینی ریجن میں 80 مقامات پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماع ہوئے۔ مکینی شہر میں 15 مساجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ بونکوبانہ جماعت میں ایک ہزار سے زائد افراد، مگبورکا جماعت میں 9صد سے زائد افراد نے نماز عید ادا کی۔

پورٹ لوکو ریجن کی تمام جماعتوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ 6 مقامات پر بڑے اجتماعات ہوئے جہاں 55-100 سے زائد افراد شامل ہوئے۔

میامبا ریجن کی تمام جماعتوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ سب سے بڑ ااجتماع سیمبے ہوں میں ہوا۔ جہاں ساڑھے نوصد احباب شامل ہوئے۔

مشاکا ریجن میں 40 مقامات پر نمازِ عید کے اجتماع ہوئے اور مرکزی اجتماع ریجنل ہیڈ کوارٹر میں ہوا جہاں ایک ہزار سے زائد افراد شامل ہوئے۔

دارو ریجن کی 25 جماعتوں میں اجتماع ہوئے مرکزی اجتماع دارو میں ہوا جہاں 450 احباب شامل ہوئے۔

واٹر لو کی 18 جماعتوں میں عید کے اجتماع ہوئے۔ روکوپر ریجن میں شدید بارش کے باعث مرکزی اجتماع ملتوی کرنا پڑا اور مساجد میں نمازِ عید ادا کی گئیں۔ اسی طرح مائل 91 میں 10 مقامات پر اور لُن سر ریجن کی بھی تمام جماعتوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک عرصہ بعد سیرا لیون اور یورپ میں ایک ہی دن عید ہوئی۔ خطبہ جمعہ کی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ عید احمدیہ مسلم ریڈیوز کے ذریعہ 3 زبانوں میں لائیو نشر ہوا جو احباب جماعت نے سنا اور دعا میں شامل ہوئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام احمدیوں کے ایمان و ایقان کو جلا بخشے اور رمضان اور عید کے حقیقی مقصد کو جاری وساری رکھنے اور حضرت امیر المومنین کی خواہشات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے والا بنائے۔ آمین

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین مئی 2022ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ