• 20 اپریل, 2024

حضرت مسیح موعودؑ کی حج بیت اللہ کے لئے دعا

1886ء میں جب حضرت صوفی احمد جان صاحبؓ حج بیت اللہ کے لئے تشریف لے جانے لگے تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آپ کو ایک خط میں لکھا:
ا س عاجز ناکارہ کی ایک عاجزانہ التماس یاد رکھیں کہ جب آپ کو بیت اللہ کی زیارت بفضل اللہ تعالیٰ میسر ہو تو اس مقام محمود مبارک میں اس احقر عباد اللہ کی طرف سے انہیں لفظوں سے مسکنت وغربت کے ہاتھ بحضور اُٹھا کرگزارش کریں کہ:۔
اے اَرْحَمُ الرَّاحِمِیْن! ایک تیرا بندہ عاجزا و ر ناکارہ، پُر خطا اور نالائق غلام احمد جوتیر ی زمین ملک ہند میں ہے۔ اس کی یہ غرض ہے کہ اے اَرْحَمُ الرَّاحِمِیْن! تو مجھ سے راضی ہو اور میری خطیئات اور گناہوں کو بخش کہ تو غفورو رحیم ہے اور مجھ سے وہ کام کرا، جس سے تو بہت ہی راضی ہوجائے۔مجھ میں اور میرے نفس میں مشرق اور مغرب کی دوری ڈال اورمیری زندگی اور میری موت اور میری ہر یک قوت اور جو مجھے حاصل ہے اپنی ہی راہ میں کراور اپنی ہی محبت میں مجھے زندہ رکھ اور اپنی ہی محبت میں مجھے مار اور اپنے ہی کامل متبعین میں مجھے اُٹھا۔ اے اَرْحَمُ الرَّاحِمِیْن! جس کام کی اشاعت کے لئے تونے مجھے مامور کیا ہے اور جس خدمت کے لئے تونے میرے دل میں جوش ڈالا ہے اس کو اپنے ہی فضل سے انجام تک پہنچا اور اس عاجز کے ہاتھ سے حجتِ اسلام مخالفین پر اور ان سب پر جو اب تک اسلام کی خوبیوں سے بے خبر ہیں پوری کر اور اس عاجز اور اس عاجز کے تمام دوستوں اور مخلصوں اور ہم مشربوں کو مغفرت اور مہربانی کی نظر سے اپنے ظلِّ حمایت میں رکھ کر دین و دنیا میں آپ ان کامتکفل اور متولی ہوجا اور سب کو اپنی دارالرضا میں پہنچا اورا پنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور اس کی آل اوراصحاب پر زیادہ سے زیادہ درود و سلام و برکات نازل کر۔ آمین یَارَبَّ الْعٰلَمِیْنَ

(مکتوبات احمدیہ جلد3 صفحہ27-28 جدید ایڈیشن)

پچھلا پڑھیں

بنیادی مسائل کے جوابات (قسط 24)

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جولائی 2022