• 25 اپریل, 2024

اپنے بھائىوں کى پردہ پوشى کرو

’’اىک چھوٹى سى کتاب مىں لکھا دىکھا ہے کہ اىک بادشاہ قرآن لکھا کرتا تھا ۔ اىک مُلّاں نے کہا کہ ىہ آىت غلط لکھى ہے۔ بادشاہ نے اُس وقت اس آىت پر دائرہ کھىنچ دىا کہ اس کو کاٹ دىا جائے گا۔ جب وہ چلا گىا تو اس دائرہ کو کاٹ دىا۔ جب بادشاہ سے پوچھا کہ اىسا کىوں کىاتو اس نے کہا کہ دراصل وہ  غلطى پر تھا مگر مَىں نے اس وقت دائرہ کھىنچ دىا کہ اس کى دلجوئى ہو جاوے۔

ىہ بڑى رعونت کى جڑ اور بىمارى ہے کہ دوسرے کى خطا پکڑ کر اشتہار دے دىا جاوے۔ اىسے امور سے نفس خراب ہو جاتا ہے اس سے پرہىز کرنا چاہئے۔ غرض ىہ سب امور تقوىٰ مىں داخل ہىں اور اندرونى بىرونى امور مىں تقوىٰ سے کام لىنے والا فرشتوں مىں داخل کىا جاتا ہے کىونکہ اس مىں کوئى سرکشى باقى نہىں رہ جاتى ۔ تقوىٰ حاصل کرو کىونکہ تقوىٰ کے بعد ہى خدا تعالىٰ کى برکتىں آتى ہىں۔ متقى دنىا کى بلاؤں سے بچاىا جاتا ہے ۔ خدا ان کا پردہ پوش ہو جاتا ہے۔ جب تک ىہ طرىق اختىار نہ کىا جاوے کچھ فائدہ نہىں۔ اىسے لوگ مىرى بىعت سے کوئى فائدہ نہىں اٹھا سکتے۔ فائدہ ہو بھى تو کس طرح جبکہ اىک ظلم تو اندر ہى رہا۔ اگر وہى جوش، رعونت، تکبر، عُجب، رىاکارى، سرىع الغضب ہونا باقى ہے جو دوسروں مىں بھى ہے تو پھر فرق ہى کىا ہے؟ سعىد اگر اىک ہى ہو اور وہ سارے گاؤں مىں اىک ہى ہو تو لوگ کرامت کى طرح اس سے متأثر ہوں گے۔ نىک انسان جو اللہ تعالىٰ سے ڈر کر نىکى اختىار کرتا ہے اس مىں اىک ربّانى رعب ہوتا ہے اور دلوں مىں پڑ جاتا ہے کہ ىہ باخدا ہے۔ ىہ بالکل سچى بات ہے کہ جو خداتعالىٰ کى طرف سے آتا ہے خداتعالىٰ اپنى عظمت سے اس کو حصہ دىتا ہے اور ىہى طرىق نىک بختى کا ہے۔

پس ىاد رکھو کہ چھوٹى چھوٹى باتوں مىں بھائىوں کو دکھ دىنا ٹھىک نہىں ہے۔ آنحضرتﷺ جمىع اخلاق کے مُتَمِّمْ ہىں۔ اور اس وقت خدا تعالىٰ نے آخرى نمونہ آپؐ کے اخلاق کا قائم کىا ہے۔ اس وقت بھى اگر وہى درندگى رہى تو پھر سخت افسوس اور کم نصىبى ہے ۔ پس دوسروں پر عىب نہ لگاؤ کىونکہ بعض اوقات انسان دوسروں پر عىب لگا کر خود اس مىں گرفتار ہو جاتا ہے اگر وہ عىب اس مىں نہىں۔ لىکن اگر وہ عىب سچ مچ اس مىں ہے تو اس کا معاملہ پھر خداتعالىٰ سے ہے۔

بہت سے آدمىوں کى عادت ہوتى ہے کہ اپنے بھائىوں پر معاً ناپاک الزام لگادىتے ہىں ۔ ان باتوں سے پرہىز کرو۔ بنى نوع انسان کو فائدہ پہنچاؤ اور اپنے بھائىوں سے ہمدردى، ہمساىوں سے نىک سلوک کرو اور اپنے بھائىوں سے نىک معاشرت کرو اور سب سے پہلے شرک سے بچو کہ ىہ تقوىٰ کى ابتدائى اىنٹ ہے۔‘‘

 (ملفوظات جلد سوم صفحہ572 ۔573 اىڈىشن 1988ء)

پچھلا پڑھیں

مجلس انصاراللہ جرمنی کے 2 روزہ چالیسویں سالانہ اجتماع کا پہلا دن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ