• 23 اپریل, 2024

فرشتے کیوں نظر نہیں آتے ؟

واضح ہو کہ یہ خیال کہ فرشتے کیوں نظر نہیں آتے بالکل عبث ہے۔ فرشتے خدا تعالیٰ کے وجود کی طرح نہایت لطیف وجود رکھتے ہیں۔ پس کس طرح اِن آنکھوں سے نظر آویں۔ کیا خدا تعالیٰ جس کا وجود ان فلسفیوں کے نزدیک بھی مسلم ہے اِن فانی آنکھوں سے نظر آتا ہے؟ ماسوا اس کے یہ بات بھی درست نہیں کہ کِسی طرح نظر ہی نہیں آ سکتے۔ کیونکہ عارف لوگ اپنے مکاشفات کے ذریعہ سے جو اکثر بیداری میں ہوتے ہیں فرشتوں کو رُوحانی آنکھوں سے دیکھ لیتے ہیں اور ان سے باتیں کرتے ہیں اور کئی علوم اُن سے اخذ کرتے ہیں۔ اور مجھے قسم اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اور جو مفتری کذّاب کو بغیر ذلیل اور معذّب کرنے کے نہیں چھوڑتا کہ مَیں اس بیان میں صادق ہوں کہ بارہا عالمِ کشف مَیں نے ملائک کو دیکھا ہے اور اُن سے بعض علوم اخذ کئے ہیں۔ اور اُن سے گذشتہ یا آنے والی خبریں معلوم کی ہیں جو مطابق واقعہ تھیں۔ پھر میں کیونکر کہوں کہ فرشتے کسی کو نظر نہیں آ سکتے۔ بلاشبہ نظر آ سکتے ہیں مگر اَور آنکھوں سے۔ اور جیسے یہ لوگ اِن باتوں پر ہنستے ہیں عارف ان کی حالتوں پر روتے ہیں۔ اگر صحبت میں رہیں تو کشفی طریقوں سے مطمئن ہوسکتے ہیں۔ لیکن مشکل تو یہی ہے کہ ایسے لوگوں کی کھوپری میں ایک قسم کا تکبّر ہوتا ہے۔ وہ تکبّر انہیں اس قدر بھی اجازت نہیں دیتا کہ انکسار اور تذلّل اختیار کر کے طالبِ حق بن کر حاضر ہو جائیں۔

(آئینہ کمالاتِ اسلام۔ روحانی خزائن جلد۵ صفحہ ۱۸۱تا۱۸۳ حاشیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 اپریل 2021