• 20 اپریل, 2024

اِنِّی قریب کہہ کے مرا منتظر ہے وہ

واقف ہے میرے حال سے، سب باخبر ہے وہ
دل کی مرے پاتال تک رکھتا نظر ہے وہ

دستک جو دے رہا ہے مرے دل پہ بار بار
اِنِّی قریب کہہ کے مرا منتظر ہے وہ

ڈھارس بندھائی دل کی یہ کہہ کر کبھی کبھی
اُس نے کہا تو سچ ہے بڑا معتبر ہے وہ

پائے گا اب جہاں میں کہاں کس جگہ اماں
درِ یار کو جو چھوڑے ہوا دربدر ہے وہ

دُشمن ستم گری کی لکھے جب بھی داستاں
ہر بار حوصلے کو بنا چارہ گر ہے وہ

بیٹھے ہیں جس پہ آکے پرندے جہان کے
جس کو خدا نے آپ لگایا شجر ہے وہ

دل مطمئن سا ہو گیا سُن کر جسے مرا
طیور کی زبانی آئی خبر ہے وہ

تم پھر رہے ہو ڈھونڈتے طارق کہاں اسے
حبلِ ورید سے تری نزدیک تر ہے وہ

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 9 جون 2020ء