• 18 اپریل, 2024

مجلس انصار اللہ کینیڈا کے تحت تعلیمی وظائف کا تعارف

اسلام ہمیں علم حاصل کرنے کی طرف توجہ دلاتا ہے۔ قرآن کریم اپنے ماننے والوں کو سوچنے، غور کرنے اور علم حاصل کرنے کا حکم دیتا ہے تاکہ اس کے نتیجے میں پروردگار اور اُس کی مخلوق سے قریبی تعلق پیدا ہوسکے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ علم اور آگاہی حاصل کرنے کی تڑپ انسانی شعور میں مکمل طور پر سرائیت کر جائے ، قرآن کریم میں اس مضمون کو بار بار دہرایا گیا ہے، ہمارے آقا و مولا ، حضرت محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ ﷺ کو جو پہلی وحی نازل ہوئی وہ بھی اسی مضمون سے تعلق رکھتی ہے، چناچہ سورۃ العلق کی آیات 2تا6 میں اللہ تعالیٰ فر ماتا ہے کہ
’’پڑھ اپنے ربّ کے نام کے ساتھ جس نے پیدا کیا۔ اُس نے انسان کو ایک چمٹ جانے والے لوتھڑے سے پیدا کیا۔ پڑھ، اور تیرا ربّ سب سے زیادہ معزز ہے۔ جس نے قلم کے ذریعہ سکھایا۔ انسان کو وہ کچھ سکھایا جو وہ نہیں جانتا تھا۔‘‘

مسند احمد بن حنبل میں حدیث مروی ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ علم حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے۔

ہم اس بات کے شاہد ہیں کہ آج کے بہت سے علم جدیدہ جن میں سائنس ، ریاضیات ، فلسفہ اور دیگر علوم شامل ہیں کی بنیادوں میں کئی عظیم مسلمانوں کے نام شامل ہیں ، حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے پیش گوئی فرمائی تھی کہ
’’میرے فرقہ کے لوگ علم و معرفت میں کمال حاصل کریں گے‘‘

آپ علیہ السلام نے فرمایا
’’خدا تعالیٰ نے مجھے بار بار خبر دی ہے کہ وہ مجھے بہت عظمت دے گا اور میری محبت دلوں میں بٹھائے گا۔ اور میرے سلسلہ کو تمام زمین میں پھیلائے گا اور سب فرقوں پر میرے فرقہ کو غالب کرے گا۔ اور میرے فرقہ کے لوگ اِس قدر علم اور معرفت میں کمال حاصل کریں گے کہ اپنی سچائی کے نور اور اپنے دلائل اور نشانوں کے رُو سے سب کا مُنہ بند کر دیں گے۔ اور ہر ایک قوم اس چشمہ سے پانی پیئے گی اور یہ سلسلہ زور سے بڑھے گا اور پھولے گا یہاں تک کہ زمین پر محیط ہو جاوے گا۔‘‘

(روحانی خزائن ۔ کمپیوٹرائزڈ: جلد ۲۰- تجلّیات الٰہیۃ: صفحہ ۴۰۹)

حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ ُاللہ علیہ اپنی کتاب ’’الہام ، حقیقت علم اور سچائی‘‘ کے صفحہ ۲۵۵ پر فرماتے ہیں
’’پس مذہب اور عقل ساتھ ساتھ چلتی ہیں وہ ایک دوسرے کا اعتماد علم کے حاصل کرنے سے بناتی ہیں جس کی تعلیم قرآن اور پیارے رسول ﷺ کے ذریعے سے ہم تک پہنچی ہیں‘‘

ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۸ جون ۲۰۰۴ میں طالب علموں کو نصیحت کرتے ہوئے ایک حدیث بیان کی ۔

حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہےکہ آپ ﷺ نے فرمایا
’’علم حاصل کرو، علم حاصل کرنے کے لئے وقار اور سکینت کو اپناؤاور جس سے علم سیکھو اس کی تعظیم تکریم اور ادب سے پیش آؤ۔‘‘

بحوالہ الاسلام ویب سائٹ (الترغیب والترھیب جلد نمبر ۱ صفحہ ۷۸ باب الترغیب فی اکرام العلماء واجلا لھم وتوقیرھم بحوالہ الطبرانی فی الاوسط)

حضور انور کے اسی بابرکت ارشاد گرامی کے تناظر میں مجلس انصاراللہ کینیڈا نے 2019ء سے کینیڈا بھر میں ہونہار احمدی طلبا کے لئے وظائف کا سلسلہ شروع کیا ہے اسکے ساتھ ہی ضرورت مند طلبا کے لئے تعلیمی عطیات کا بھی اہتمام کیا ہے۔ الحمداللہ مجلس انصار اللہ اس عمل سے نہ صرف ایک قدم آگے بڑھی ہے بلکہ ہونہار نوجوان طلبا کہ ہمت افزائی کے ساتھ ساتھ ضرورت مند طلبا کو حصول علم کے لئے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے

2020ء میں اس اسکیم کے دوسرے سال قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ نے جماعت احمدیہ کینیڈا کے شعبہ تعلیم کے ساتھ مل کر دیگر تعلیمی وظائف کا بھی اجرا کیا ہے جو اسکول، یونیورسٹی اور حفظ قرآن سکول کے طلبا و طالبات کے لئے ہیں ۔ان وظائف کےنام معہ تفصیل درج ذیل ہیں۔

ابو بکر۔ ایک ہزار کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، یونیورسٹی میں سائنس کے طلبہ کے لئے۔

عمر فاروق۔ ایک ہزار کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، یونیورسٹی میں غیر سائنس کے طلبہ کے لئے۔

عثمان غنی۔ ایک ہزار کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، بارہویں جماعت کے طلبہ کے لئے۔

آمنہ۔ ایک ہزار کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، بارہویں جماعت کی طالبات کے لئے ۔

خدیجہ۔ ایک ہزار کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، یونیورسٹی میں سائنس کی طالبات کے لئے ۔

نصرت جہاں۔ ایک ہزار کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، یونیورسٹی میں غیر سائنس کی طالبات کے لئے ۔

احمدیہ ایلیمینٹری اسکول کے طلبا کے لئے مندرجہ ذیل وظائف کا اجرا کیا گیا ہے

محمود۔ پانچ سو کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، چوتھے گریڈ میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے ۔

ناصر۔ پانچ سو کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، پانچویں گریڈ میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے۔

طاہر۔ پانچ سو کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، چھٹے گریڈ میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے۔

مسرور۔ پانچ سو کینیڈین ڈالر کے دو وظیفے، ساتویں گریڈ میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے۔

حفظ قرآن اسکول کے طلبہ و طالبات کے لئے مندرجہ ذیل وظائف کا اجرا کیا گیا ہے

نور ۔ پانچ سو ڈالر کا وظیفہ ، کم سے کم مدت میں قرآن کریم حفظ کرنے والے حافظ کے لئے۔

عائشہ ۔ پانچ سو ڈالر کا وظیفہ ، کم سے کم مدت میں قرآن کریم حفظ کرنے والی حافظہ کے لئے۔

حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری کے بعد مجلس انصار اللہ کینیڈا نے امسال ۳۵۰۰۰ کینیڈین ڈالر اس بابرکت تحریک کے لئے مختص کئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان وظائف سے مستفید ہونے والے تمام طلباء اپنی دینی اور دنیوی تعلیم میں اعلیٰ مقام حاصل کریں (آمین)

(داؤد اسماعیل ۔ناظم اعلیٰ پریری ریجن کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 مارچ 2021