• 24 اپریل, 2024

آج کی دعا

حضرت كَعب بن عُجْرَہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب ہمارے ہاں تشریف لائے تو ہم نے عرض کی کہ اے اللہ کے رسول! ہمیں یہ تومعلوم ہے کہ آپ پر سلام کس طرح بھیجا جائے، لیکن ہمیں یہ پتا نہیں کہ آپ پر درودکیسے بھیجیں؟ ۔آپ ﷺ نے فرمایا

قوُلُوا اللّٰهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ، وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ، إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ، اللّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كَمَا بَارَكْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ، إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ

(صحیح بخاری کتاب الدعوات)

ترجمہ: ’’کہو : اے ہمارےاللہ! تو محمد ﷺ اور ان کی آل پر درود بھیج، جیسے تو نے ابراہیم علیہ السلام کی آل پر درود بھیجا بلاشبہ تو حمدوالا ، عظمتوں والا ہے ۔ اے اللہ! محمد ﷺ اور ان کی آل کوبرکت عطا کر، جیسے تو نے ابراہیم علیہ السلام کی آل کو برکت عطا فرمائی، بلاشبہ تو حمد والا اور عظمتوں والا ہے‘‘۔

ہمارے پیارے امام سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جماعت کو متعدد بار درود شریف پڑھنے کی طرف توجّہ دلائی ہے۔جلسہ سالانہ برطانیہ 3 اگست 2018 کے موقع پر آپ نے فرمایا:
’’دعاؤں کی قبولیت کے لئے جو سب سے ضروری چیز ہے وہ آنحضرتﷺ پر درود کا بھیجا جاناہے۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ جودعا تم مجھ پردرود بھیجے بغیر کرتے ہو وہ زمین اور آسمان کے درمیان معلق ہو جاتی ہے، وہیں رک جاتی ہے۔پس عرش کو ہلانے کے لئے ،اللہ تعالیٰ کی محبت کو، اس کی رحمت کو، اس کی رافت کو جوش میں لانے کے لئے دعاؤں میں سب سے زیادہ ضروری دعا درود شریف ہے، جس کا ورد کرتے رہنا چاہئے۔ اور آنحضرتﷺ پر درود بھیجنے کا حکم تو اللہ تعالیٰ نے ہی ہمیں دیا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

إِنَّ اللّٰهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا ْ

(الاحزاب57)

یقینًا اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر رحمت بھجتے ہیں ۔اے وہ لوگوجو ایمان لائے ہوتم بھی اس پر دروداور خوب سلام بھیجو۔

پس یہ اللہ تعالیٰ کا بھی حکم ہے کہ آنحضرت ﷺ پر درود بھیجا جائے۔

حضرت مسیحِ موعود ؑ نے ایک موقعہ پر فرمایا کہ
’’درود شریف کے فضائل اور تاثیرات اس قدر ہیں کہ بیان سے باہر ہیں۔اس کا عامل نہ صرف ثوابِ عظیم کا مستحق ہوتا ہے بلکہ دنیا میں بھی معزز اور مؤقر ہوتا ہے‘‘۔

(خطاب جلسہ سالانہ برطانیہ 3 اگست 2018)

حضرت مسیحِ موعودؑ فرماتے ہیں

مصطفیٰؐ پر ترا بےحد ہو سلام اور رحمت
اُس سے یہ نور لیا بارِ خدایا ہم نے
ربط ہے جانِ محمدؐ سے میری جاں کو مدام
دل کو وہ جام لبالب ہے پلایا ہم نے

(درثمین صفحہ16)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 09 اگست 2020ء

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 10 اگست 2020ء