• 24 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ بانفورا برکینا فاسو میں عطیہ خون کا پروگرام

جماعت احمدیہ عالمگیر کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے خدمت انسانیت کے میدان میں غیر معمولی خدمت کی توفیق عطا ہو رہی ہے اور اس خدمت میں ذیلی تنظیمیں بھی مسابقت کی روح کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ کے زیر انتظام ہسپتال اور درجنوں ہومیو پیتھک ڈسپنسریوں اور آنکھوں کے فری آپریشنز کے ذریعہ ان گنت لوگوں کے لیے صحت جیسی انمول نعمت کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

خدمتِ خلق کا ایک ذریعہ خون کا عطیہ دینا ہے جس سے زندگیوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جاتا ہے۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے وقتاً فوقتاً برکینا فاسو کےمختلف ریجنز کے خدام کی طرف سے حکومت کے ہسپتالوں کو سینکڑوں یونٹ خون کا عطیہ دیا جاتا ہے۔ حسب ضرورت مقامی حکومت یا محکمہ صحت جماعت سے رابطہ کرکے عطیہ خون کی درخواست کرتا ہے ۔ انہیں بھی معلوم ہے کہ جماعت احمدیہ کے افراد ہمیشہ خدمت خلق کے کاموں میں پیش پیش رہتے بلکہ ایسے مواقع کو غنیمت جانتے ہیں۔

برکینا فاسو کا ایک ریجن بانفورا ہے۔ امسال جولائی کے مہینہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں کے 18خدام نے بانفورا شہرکے گورنمنٹ ہسپتال کو خون کے عطیات دیے تھے ۔ لیکن ایک فوری ضرورت کے تحت مورخہ ستمبر 2020ء کو اسی گورنمنٹ ہسپتال کی طرف سے عطیہ خون کے لئے درخواست آئی ۔چنانچہ مجلس خدام الاحمدیہ بانفورا نے فوری طور پر لبیک کہتے ہوئے عطیات خون کا انتظام کیا۔

مورخہ 25ستمبر 2020ء کو نماز ِ جمعہ کے بعد بانفورا کے ریجنل قائد مکرم Tenderbego seydou صاحب نے خدام کو عطیہ خون دینے کے حوالہ سے توجہ دلائی۔ اگلے روز 26ستمبر کو 36خدام عطیہ خون دینے کے لئے ہسپتال پہنچ گئے ۔ ان میں جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کے 9خدام بھی شامل تھے جو ان دنوں وقف عارضی کے سلسلسہ میں ریجن میں موجود تھے ۔

ہسپتال کی انتظامیہ نے احمدی خدام کے اس فوری رد عمل اور جذبہ قربانی کو بہت سراہا اور اس پر بے حد خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔اللہ تعالیٰ ان خدام کی اس نیکی کو قبول فرمائے اور اس کی جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ: اعجاز احمد ریجنل مربی سلسلہ بانفورا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 نومبر 2020