• 19 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ نائیجیریا کا 67 واں جلسہ سالانہ

محض اللہ کے فضل و کرم سے ہر سال کی طرح امسال بھی احمدیہ مسلم جماعت نائیجیریا کو اپنا جلسہ سالانہ 20 تا 22 دسمبر 2019ء منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ الحمدللہ

یہ جماعت احمدیہ نائیجریا کا 67 واں جلسہ سالانہ تھا۔ جس کی تیاری سارےسال پر محیط رہی۔امیر صاحب کی طرف سے قائم کردہ جلسہ سالانہ کمیٹی نے بھر پور طریقے سے اپنا کام کیا۔

جلسے کا آغاز دعاؤں اور اجتماعی صدقات سے کیا گیا۔ پورے ملک سے لوگ قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ تشریف لائے جو OGUN STATE, ILARO میں واقع ہے۔

جلسے کا آغاز 20 دسمبر بروز جمعۃ المبارک اجتماعی تہجد سے کیا گیا۔جس میں جلسے کی کامیابی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین جلسہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطبہ جمعہ سنا۔ پہلے سیشن کا آغاز 4 بجے ہوا۔امیر صاحب اور محترم مشنری انچارج نے پرچم کشائی کی۔ بعد ازاں تلاوت قرآن کریم کے بعد مہمانان کرام کا تعارف کروایا گیا۔ حضرت مسیح موعودؑ کا عربی قصیدہ سنانے کے بعد مقررین نے خطابات کئے۔ یہ خطابات چونکہ انگریزی زبان میں تھے اس لئے لوکل زبانوں Housa اور Yoruba میں تراجم بھی کئے گئے۔ اس موقع پر امیر صاحب نائیجیریا نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا حاضرین جلسہ کےلئے پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ نماز مغرب اور عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں ۔ اس کے بعد کھانا ہوا۔ اس طرح جلسے کے پہلےدن کا اختتام ہوا۔

21 دسمبر بروز ہفتہ جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ’’نظام وصیت‘‘ کی اہمیت پر درس دیا گیا۔ جس کی Housa اور Yorubaزبانوں میں translation کی گئی۔ 10 بجے پہلے سیشن کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مشنری انچارج افضال احمد رؤف نے سیرت النبی ﷺ کے پہلو پر روشنی ڈالی ۔ اس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی تقاریر کیں۔ جن کا لوکل زبانوں میں ترجمہ بھی کیا گیا۔ جلسے کے دوسرے دن سیمینار ہال میں ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں معزز مہمانان نے بہت دلچسپی کا اظہار کیا۔ نمائش میں جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف اور مختلف تصاویر ی دستاویزات شامل تھیں۔ بعد ازاں مہمانان کرام نے مختصر خطابات بھی کئے۔ دوسرے روز کے اختتام سے قبل نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کو پریس کے مختلف نمائندگان نے کوریج دی۔ ریڈیو، اخبارات اور ٹی وی کے نمائندگان نے انٹرویوز کئے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت سی حکومتی اور دوسری نامورشخصیات نے بھی جلسے میں شرکت کی۔ مختلف اسٹیٹس کے گورنرز اور منسٹرز نے جلسے میں شمولیت اختیار کی۔ نائیجیریا کے نائب صدر نے خصوصی طور پر اپنا نمائندہ بھیجا جس نے صدر مملکت کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر جلسہ اورجماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔ جلسے سے چند روز قبل امیر صاحب نے پریس کانفرنس کی جس میں مختلف ٹی وی نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

راجہ اطہر قدوس۔نائیجیریا

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 جنوری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 جنوری 2020