• 23 اپریل, 2024

آج کی دعا

لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ

(سنن ترمذی ابواب الدعوات)

ترجمہ: ’’اللہ تعالیٰ ،جو بہت بلند شان اور بڑی عظمت والا ہے، کی مدد کے بغیر نہ مجھ میں برائیوں سے بچنے کی طاقت ہے اور نہ نیکی کرنے کی قدرت‘‘۔

یہ تزکیہ نفس، حفاظتِ الٰہی کے حصار میں آنے کے لئے بہترین ذکرِ الٰہی ہے۔

حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ
ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں تھے ۔۔۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے۔ میں اس وقت زیر لب کہہ رہا تھا ’’لا حول ولا قوة إلا باللّٰہ‘‘۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عبداللہ بن قیس ’’لا حول ولا قوة إلا باللّٰہ‘‘ کہا کر کیونکہ یہ جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے ۔‘‘

(صحیح بخاری كِتَابُ الدَّعَوَاتِ بَابُ الدُّعَاءِ إِذَا عَلَا عَقَبَةً 6384)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں کہ
حضرت طلق رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص حضرت ابودرداء کے پاس آیا اور کہا کہ آ پ کا گھر جل گیا ہے تو آپ نے فرمایا کہ میرا گھر نہیں جلا۔ پھر دوسرا شخص آیا اور اس نے کہا کہ آپ کا گھر جل گیا ہے۔ تو آپ نے فرمایا کہ میرا گھر نہیں جلا۔ پھر تیسرا شخص آیا اور کہا کہ اے ابودرداءؓ! آگ لگی تھی اورجب آپ کے گھر کے قریب پہنچی تو بجھ گئی۔ آپؓ نے فرمایاکہ مجھے معلوم تھا کہ اللہ تعالیٰ ایسا نہیں کرے گا۔

حاضرین مجلس نے حضرت ابودرداء ؓسے کہا کہ آپ ؓ کی دونوں باتیں عجیب ہیں۔ پہلے (یہ کہنا) کہ میرا گھر نہیں جلا اور پھر یہ کہنا کہ مجھے علم تھا کہ اللہ ایسا نہیں کرے گا۔ آپ ؓنے فرمایا کہ یہ مَیں نے ان کلمات کی وجہ سے کہا تھا جو مَیں نے آنحضورﷺسے سنے تھے۔ آپ ؐنے فرمایا تھا کہ جس نے یہ کلمات صبح کے وقت کہے اسے شام تک کوئی مصیبت نہیں پہنچے گی اورجس نے شام کے وقت یہ کلمات کہے اسے صبح تک کوئی مصیبت نہیں پہنچے گی اور وہ کلمات یہ ہیں :

اَللّٰھُمَّ اَنْتَ رَبِّی لَااِلٰـہَ اِلَّا اَنْتَ عَلَیْکَ تَوَکَّلْتُ وَاَنْتَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْم۔ مَاشَاءَاللّٰہُ کَانَ وَلَمْ یشَآء لَمْ یَکُنْ۔ لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّابِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْم۔ اَعْلَمُ اَنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْر۔ وَاَنَّ اللّٰہَ قَدْ اَحَاطَ بِکُلِّ شَیْئٍ عِلْمًا۔ اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّ نَفْسِیْ وَمِنْ شَرِّکُلِّ دَآبَّۃٍ أَنْتَ آخِذٌ بِنَاصِیَتِھَا اِنَّ رَبِّی عَلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْم۔

ترجمہ: یعنی اے میرے اللہ !تو ہی میرارب ہے۔ تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ مَیں تجھ پرہی توکل کرتاہوں اورتو ہی عرش عظیم کا رب ہے۔ اور جو تو نے چاہا ہوگیااور جو نہ چاہا وہ واقعہ نہ ہوا۔ اعلیٰ اور عظمت والے اللہ کے سوا کسی کو کوئی طاقت حاصل نہیں۔ اورمَیں جانتاہوں کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے اور اس کا علم ہرچیزپر حاوی ہے۔ اے اللہ مَیں اپنے نفس کے شر اور ہر اس جاندار کے شر سے جو تیرے قبضہ ٔقدرت میں ہے تیری پناہ میں آتاہوں۔ یقیناً میرارب سیدھے راستہ پرہے۔

(خطبہ جمعہ 15 اگست 2003ء)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اگست 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 12 اگست 2020ء