• 20 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم مبارک احمد طاہر، سیکرٹری مجلس نصرت جہاں یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں کہ:
مجلس نصرت جہاں کے تحت گیمبیا میں خدمت بجالانے والے ایک مخلص اور وفادار خادم سلسلہ مکرم شیخ تنویر احمد ابن مکرم محمود احمد مرحوم 14مئی 2022ء کو بوجہ ہارٹ اٹیک وفات پا گئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔

مرحوم تقریباً 12 سال جماعت احمدیہ کے نظام تعلیم سے وابستہ رہے۔ پہلے مرکز میں ناصر ہائیر سیکنڈری سکول میں 2010ء تا2012ء پڑھاتے رہے اور طلباء و سٹاف میں یکساں ہر دلعزیز تھے۔ نظارت تعلیم کی رپورٹ کے مطابق محنت کرنے والے استاد تھے۔ طلباء کو محنت اور توجہ سے پڑھاتے تھے اور تعاون کرنے والے تھے۔ بعد میں انہوں نے مجلس نصرت جہاں کے تحت پانچ سالہ وقف پیش کیا اور دوران خدمت ہی زندگی وقف کردی جسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العز یز نے از راہ شفقت منظور فرمایا۔ اپنی محنت اور خداداد صلاحیتوں کے باعث انہیں جلد ہی مسرور احمدیہ سینیر سیکنڈری سکول ،بانجل ،گیمبیا کا وائس پرنسپل بناد یا گیا اور انہوں نےبھرپور رنگ میں خدمت کی توفیق پائی۔

اگست2012ء سے آپ گیمبیا میں بطور استاد خدمت پر مامور تھے۔محنت اورمحبت سے اپنے فرائض انجام دیتے تھے اور یہاں بھی سٹاف اور طلباء میں یکساں مقبول تھے۔سکول کے علاوہ دیگر جماعتی سرگرمیوں میں بھی پورے شوق اور لگن سے حصہ لینے والے مجلس انصار اللہ کے فعال رکن رہے۔ جلسہ سالانہ گیمبیا کے موقع پر ان کی ڈیوٹی نمائش اور تصاویر پر لگائی جاتی تھی۔

آپ خود اور آپ کی اہلیہ عطیۃ الحبیب صاحبہ بھی بڑی ہمت اور کوشش سے نمائش سجاتے اور داد تحسین وصول کرتے۔ جماعت کے وقار عمل اور جلسہ گاہ کی تیاری اور سڑکوں کی صفائی وغیرہ احباب جماعت کے ساتھ مل کر کرتے اور خدا کا شکر اداکرتے کہ اللہ تعالیٰ بھرپور رنگ میں ہر میدان میں خدمت کی سعادت عطاء کررہاہے۔ ان دنوں موصوف مع فیملی مرکز میں مقیم تھے۔ 14مئی کی صبح غسل کے لیے گئے جب غسلخانہ سے نکلنے میں تاخیرہوئی تو اہل خانہ کو تشویش ہوئی اور دروازہ کھولنے پر علم ہواکہ وفات ہو چکی ہے۔ مرحوم خداتعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ بہشتی مقبرہ میں تدفین ہوئی۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور بیوی بچوں کا خود کفیل ہو۔ ہرلحاظ سے ان کا حامی وناصر اور معین و مددگار ہو۔ آمین۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بچے یادگار چھوڑے ہیں۔ مکرم شیخ تنویر احمد مکرم عبدالمنان فیاض کے داماد تھے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ