• 20 اپریل, 2024

آپ کے وعدے کسی کل سے بندھے رہتے ہیں

آپ کے وعدے کسی کل سے بندھے رہتے ہیں
چاہنے والے اسی پل سے بندھے رہتے ہیں

تنگ آ جاتی ہیں پلو سے لگی گرہیں بھی
کیسے رشتے ہیں جو ململ سے بندھے رہتے ہیں

صبح کی شبنمی پلکوں کو مسلتے ہوئے ہاتھ
اک نئے خواب کی کونپل سے بندھے رہتے ہیں

کھٹی میٹھی سی کوئی بات لبوں میں لے کر
منہ کو ڈھانپے ہوئے آنچل سے بندھے رہتے ہیں

صرف میرے ہی بیاباں پہ پڑی اوس نہیں
اشک دریا کے بھی بادل سے بندھے رہتے ہیں

شام کی زلفیں بکھرنے سے عیاں ہوتا ہے
کتنے جگنو ہیں جو کاجل سے بندھے رہتے ہیں

زندگی سونے کی مہلت نہیں دیتی ہے دیاؔ
خواب تعبیر کے آنچل سے بندھے رہتے ہیں

(دیا جیم۔ فیجی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ