• 24 اپریل, 2024

آزمودہ نسخے

آج سے قسط واربعض ایسے طبّی نسخوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے جو سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی کتب میں بیان فرمائے۔ اگر قارئین کے پاس آزمودہ نسخے بالخصوص سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہیں تو مستند حوالے کے ساتھ بھجوائے جا سکتے ہیں۔اگر الگ سے مضمون کے طور پر بھجوائیں تو ادارہ الفضل قدر کی نگاہوں سے دیکھے گا۔

مچھلی کی ہڈی گلے میں پھنس جانے کا علاج

جناب نواب صاحب کے لڑکے کے گلے میں ایک ہڈی کا ٹکڑا پھنس گیا تھا۔ مولوی صاحب اس کے علاج کے لئے گئے ہوئے تھے۔ جب نواب صاحب کے ساتھ واپس آئے تو انہوں نے ذکر کیا کہ ہڈی پھنس گئی تھی اور شکر ہے کہ نکل گئی۔

فرمایا:۔ مچھلی کی ہڈی کا علاج تو سہل ہےکہ دہی سرکہ ملا کر پلایا جاوے تو فوراً نکل جاتی ہے۔

اور فرمایا کہ:۔ خدا کا فضل قدم قدم پر انسان کو مطلوب ہے اگر اس کا فضل نہ ہو تو یہ جی نہیں سکتا۔

(ملفوظات جلد3 صفحہ205)

سر درد کا علاج

ایک صاحب نےاٹھ کر عرض کی میرے سر میں درد رہتا ہے اور ہمیشہ گرمی میں تنگ کرتا ہے شام کو جب ٹھنڈ شروع ہوتی ہے تو آرام ہو جاتا ہے ورنہ تمام دن اور گرمی کے وقت مجھے سخت تکلیف رہتی ہے۔ حضرت اقدسؑ نے فرمایا کہ علاج بھی کیا ہے اس نے کہا ہاں۔ وہ ٹکیہ بھی کھائی ہیں جوکہ سر درد کے آرام کے لئے آج کل مشہور ہیں مگر فائدہ نہیں۔

فرمایا کہ:۔ ہڈیوں کا شوربہ پیا کرو۔ ہڈیاں ایسی لیں جن میں کچھ گوشت چمڑا ہو اس کو ابال کر شوربہ ٹھنڈا کرو کہ چربی جم جاوے۔ اس چربی کو نکال دو۔ ایک رومال پانی میں تَر کر کے شوربہ اس میں چھانو کہ چربی اس میں لگ جاوے اور خالص شوربہ رہے وہ پیا کرو اور ہم دعا بھی کریں گے۔

(ملفوظات جلد3 صفحہ406)

سر درد اور متلی کا علاج

نماز ادا کرکے حضرت اقدسؑ تشریف لے جانے لگے تو مفتی محمد صادق صاحب نےسر درد اور کچھ متلی وغیرہ کی شکایت کی۔

حضرت اقدسؑ نے فرمایا کہ:۔
آج شب کو کھانا نہ کھانا اور کل روزہ نہ رکھنا۔ سکنجبین پی کر اس سے قے کردو۔

(ملفوظات جلد3 صفحہ438)

دانت دردکا علاج

ایک صحابی کے دانت میں سخت دردتھی حضرت نے فرمایا کہ:۔
اس کے لئے مجرّب علاج یہ ہے کہ ایک بوٹی بنام کارابارا نہر کے کنارےہوتی ہے بارہا آزمایا ہےکہ جب اسے لے کر منہ میں رکھا اور چبایا اوراس کا اثر دانت پر پہنچاکیسا ہی سخت درد کیوں نہ ہوآرام ہو جاتا ہے۔

ایک ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ کارابارا اور کاربولک ایک ہی شے معلوم ہوتی ہے۔ حضرت نے فرمایا کہ:۔
یہ عربی لفظ قَلَعَ وَ بَرا ہوگا نہ کہ کاربولک۔

(ملفوظات جلد3 صفحہ437 ،438)

طاعون کامفید اور مجرّب علاج

طاعون کے ذکر پر فرمایا کہ
اس کے لئے جونک کا لگانا اور زیادہ مقدار میں مگنیشیا کاجلاب دے کر پھرکیوڑہ اور نربسی وغیرہ مصفّٰی خون ادویہ کا استعمال کرنا بہت مفید اور مجرّب ہے کیونکہ اس میں خونی اور سوداوی مواد ہوتے ہیں۔ یہ ان دونوں کا علاج ہے۔

(ملفوظات جلد3 صفحہ438)

اضطراب کا علاج

مولوی عبداﷲ صاحب کشمیری کی علالت طبع کا ذکر آگیا کہ ان کو اضطراب بہت ہے۔ فرمایا کیوڑہ اور گاؤزبان بہت مفید ہے۔

(ملفوظات جلد3 صفحہ390)

مثانہ سے پتھری کا علاج

بعض وقت مثانہ سے جو کنکر وغیرہ تکلیف دے کرپیشاب کی طرح نکلتے ہیں ان کی نسبت فرمایاکہ:
نربسی 3 رتی اور وائنم اپی کاک کا استعمال اس کے واسطے بہت مفید ہے اور چاول وغیرہ لیسدار اشیاءکا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ یہی لیس منجمد ہو کر کنکربن جاتی ہے۔

پھر فرمایا کہ:۔ میرے والد صاحب کو بھی یہ مرض رہی ہے وہ صِبرکی گولیاں استعمال کرتے تھے۔ بہت مفید ہیں اس میں صِبر، سہاگہ،بزرالنج،فلفل اور دار فلفل وغیرہ ادویہ ہوتی ہیں۔

(ملفوظات جلد4 صفحہ176)

کھانسی کا علاج

26 جنوری 1903ء حضورؑ نے تشریف لا کر مولوی محمد احسن صاحب امروہی کو فرمایا کہ:۔
میں نے رات کو خواب میں دیکھا کہ آپ میرے سامنے جائفل اور ایک گانٹھ نہیں معلوم سپاری کی یا سونٹھ کی پیش کرکے کہتے ہیں کہ یہ کھانسی کا علاج ہے۔ اس کے دیکھنے کے بعدمجھے دو گھنٹہ تک کھانسی سے بالکل آرام رہا حالانکہ اس سے پیشتر مجھے کھانسی دم نہ لینے دیتی تھی۔

(ملفوظات جلد4 صفحہ164)

صرع یعنی مرگی کا علاج

اگر صرع کے مریض کو کونین ، کچلہ، فولاد دیں اور اندر دماغ میں رسولی نہ ہو تو وہ اچھا ہو جاتا ہے۔

(ملفوظات جلد2 صفحہ470)

زخموں کا علاج

ان سب سے بڑھ کرمرہم عیسٰی کا نسخہ ہے جس کو مسلمان ، یہودی، رومی اور عیسائی اور مجوسی طبیبوں نے بالاتفاق لکھا ہے کہ یہ مسیح کے زخموں کے لئے تیار ہوا تھا اور اس کا نام مرہم عیسٰی اور مرہم حواریین اور مرہم رسل اور مرہم شلیخہ وغیرہ بھی رکھا۔ کم از کم ہزار کتاب میں یہ نسخہ موجود ہے۔

(ملفوظات جلد2 صفحہ440)

اکمہ یعنی شب کور کا علاج

اَکمَہ کا لفظ ہے جس کے معنی شب کورکے ہیں اور اب معنی یہ کر لئے جاتے ہیں کہ مادرزاد اندھوں کو شفا دیا کرتے تھے حالانکہ یہ اَکمَہ وہ مرض ہے کہ جس کا علاج بکرے کی کلیجی کھانا بھی ہے اور اس سے بھی یہ اچھے ہو جاتے ہیں۔

(ملفوظات جلد2 صفحہ471)

وضو کے طبّی فوائد

وضو کا کرنا طبّی فوائد بھی اپنے ساتھ رکھتا ہے۔ اطبا٫ کہتے ہیں کہ اگر کوئی ہر روز منہ نہ دھوئے تو آنکھ آجاتی ہے۔ (آنکھ دکھنےلگتی ہے۔ ایڈیٹر) اور یہ نزول الما٫ کا مقدمہ ہے۔ اور بہت سی بیماریاں اس سے پیدا ہوتی ہیں۔ پھر بتلاؤ کہ وضو کرتے ہوئے کیوں موت آتی ہے۔ بظاہر کیسی عمدہ بات ہے۔ منہ میں پانی ڈال کر کلی کرنا ہوتا ہے۔ مسواک کرنے سے منہ کی بدبو دور ہوتی ہے۔ دانت مضبوط ہوجاتے ہیں اور دانتوں کی مضبوطی غذا کے عمدہ طور پر چبانے اور جلد ہضم ہوجانےکا باعث ہوتی ہے۔ پھر ناک صاف کرنا ہوتا ہے۔ ناک میں کوئی بدبو داخل ہو تو دماغ کو پراگندہ کردیتی ہے۔

(ملفوظات جلد2صفحہ41)

(ابوسعید)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 جون 2021