• 18 اپریل, 2024

چڑھے دن مبارک

مرے کام سارے ہیں عصیاں کی صورت
تری رحمتیں ابرِ باراں کی صورت

کڑی دھوپ میں جو چلایا ہے تُو نے
وہ جھونکا ہوا کا زمستاں کی صورت

جو گزری سو گزری مگر خوب گزری
مری زندگی عشق پیچاں کی صورت

مہکتا وجود اس کا خوشبو ہی خوشبو
تصور میں ہے نکہتِ جاں کی صورت

وہ اک شخص یوں تو بہت دور مجھ سے
مگر درد دل کا ہے درماں کی صورت

مکاں ایستادہ مکینوں سے خالی
کواڑ ان کے خاموش زنداں کی صورت

پڑاؤ جہاں بھی کیا، چھوڑ آئے
دھواں، راکھ، دل آہِ سوزاں کی صورت

نہ دیکھے گئے، اَب بھی ان منظروں پر
گڑی ہے نظر چشمِ حیراں کی صورت

قدم دو قدم ہی چلے تھے کہ صحرا
بنے نوکِ خارِ مغیلاں کی صورت

بہت خوب صورت خیالِ رُخِ جاں
مگر ایک خوابِ پریشاں کی صورت

کوئی آخرِ شب دعا دے گیا
چڑھے دن مبارک بہاراں کی صورت

(ڈاکٹرعبدالکریم خالد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

خطبہ جمعہ کا خلاصہ فرمودہ 13دسمبر 2019ء بمقام مسجد مبارک اسلام آباد