• 20 اپریل, 2024

پیشوایانِ مذاہب سیمینار

دنیوی زندگی میں ہر قدم پر توفیق باری تعالیٰ، شرائع، حدود، احکام و اوامر کی ضرورت در پیش رہتی ہے۔اکمال دین اور راہ راست کو اختیار کرنے اور انسانی اعتقاد میں پختگی لانے کے لئے ہر دور میں پیغمبر اور رسول خلق اللہ کے لئے کتب سماوی، وحی یا الہام منجانب اللہ پیش کرتے آئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر گاہ ان نعمتوں کا ذکر خیر کیا جائے اور ان عظیم بندگان الٰہی کی تعلیمات اور نقش قدم پر چلتے ہوئے نعمائے باری تعالیٰ کے وارث بننے کی کوشش کی جائے۔

اسی طرح مغربی ممالک میں رہتے ہوئے دسمبر کے مہینے میں خصوصاً کرسمس اورحضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے متعلق اسلامی تعلیمات اور افراد جماعت کی تعلیم تربیت اور ان کے ذہنوں میں موجود سوالوں کو حل کرنے کے لئے مؤرخہ 18؍ دسمبر 2022ء کو پیشوایانِ مذاہب کے عنوان پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں مقامی افراد کے علاوہ ایک غیر از جماعت دوست نے بھی شرکت کی۔ یہ سیمینار جماعتی سینٹر میں منعقد کیا گیا تاہم مستورات اور بچوں نے اپنی سہولت کے مطابق سکائپ کے ذریعے استفادہ کیا۔

پروگرام کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاو ت قرآن کریم اور اس کے اردو ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت مکرم حافظ وقاص احمد صاحب کو ملی۔ اس سیمینار کی غرض و غایت بیان کرنے کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ بدرگاہ ذیشان عالی مقام’’ محترم ناصر محمود صاحب نے پیش کی۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بے مثال زندگی میں خدا تعالیٰ سے تعلق اور عبادت میں ذوق اور شغف کی عکاسی اردو زبان میں پیش کردہ تقریر میں کی گئی جو کہ مکرم مصور احمد صاحب نے پیش کی اور بتایا کہ کس طرح آنحضرتﷺ کی زندگی کا ہر لمحہ محبت و عشق خداوندی میں گزرتا تھا۔

کیا حضرت عیسیٰ علیہ السلام 25؍دسمبر کو پیدا ہوئے؟ کے عنوان پر عزیزم نعمان عاطف صاحب نے تقریر کی اور مختلف حوالوں سے بیان کیا کہ عیسائیوں کا مروجہ اعتقاد کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام 25؍دسمبر کو پیدا ہوئے درست نہیں ہے۔ قرآن کریم بھی اس بات کی تردید کرتا ہے۔ حضرت مصلح موعودؓکی بیان فرمودہ تفسیر کے مطابق حضرت عیسیٰ ؑ کی پیدائش کھجوروں کے پکنے کے موسم میں ہوئی تھی جو کہ جولائی یا اگست بنتا ہے۔

قرآن کریم کی روشنی میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم علیہ السلام کے مقام کے بارہ میں خاکسار مبلغ سلسلہ مالٹا نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ اسی طرح خاکسار مبلغ سلسلہ مالٹا نے حضرت مریم علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا قرآن مجید میں بیان کردہ مقام و مرتبہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ ماہِ دسمبر اور کرسمس کے حوالہ سے اسلامی روایات کی روشنی میں اہل کتاب سے معاشرتی تعلقات اور معاملات کے اصولوں پر سیر حاصل بحث کی اسی طرح کرسمس کے موقع پر سکولوں میں منعقد کئے جانے پروگراموں کے بارہ میں والدین کی طرف سے موصولہ سوالات پر بھی روشنی ڈالنے کا موقع ملا۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا اور حاضرین کی شیرینی سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ ہماری یہ حقیر کاوش قبول فرمائے اور ہمارے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے۔ آمین

(لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی