• 25 اپریل, 2024

لگزمبرگ (Luxembourg) میں پہلی کامیاب پبلک تبلیغی سرگرمی

650000 نفوس پر مشتمل جرمنی فرانس اور بیلجئیم کے درمیان گھرے ہوئے نہایت چھوٹے سے ملک لگزمبرگ کا شمار مغربی یورپ کے امیر ترین ملکوں میں ہوتا ہے جہاں مذہب سے لگاؤ نہ ہونے کے برابر ہے۔ عیسائی قوم ہونے کے باوجود اکثریت دہریت کا شکار ہے۔ مسلمانوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہم نے یہاں تبلیغ سٹال لگانے، اتھارٹیز سے مل کر پیغام پہنچانے سمیت ہر جہت سے اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ہر دفعہ اتھارٹیز کی طرف سے اجازت نہیں ملتی تھی۔ مگر خدا تعالی کا حضرت مسیح موعود ؑ سے وعدہ کہ میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا کے سامان بھی اللہ تعالیٰ خود ہی مہیا فرمادیا کرتا ہے۔ ہمارا رابطہ ایک ایسے شخص سے ہوا جسکا نام ’’فرانسِسکو‘‘ Fransisco ہے۔ یہ ایک فلاحی تنظیم Stem vun der Stroos کے ڈائرکٹر ہیں جہاں غرباء کو مفت کھانا دیا جاتا ہے۔ ہم نے انھیں درخواست کی کہ جماعت کی طرف سے غرباء کو ایک وقت کا کھانا پیش کرنا چاہتے ہیں۔

حدیث شریف میں جو آتا ہے کہ ’’میرا بندا میری طرف ایک قدم بڑھائے تو میں دو قدم اسکی طرف آتا ہوں‘‘۔ اس معاملہ میں بھی اللہ نے ہم سے یہی سلوک فرمایا۔ فرانسسکو صاحب سے ہم اس نیت سے ملے کہ وہ ہماری طرف سے غرباء کو کھانا دے دیں۔ اکثر یوں دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ اسلامی تنظیم کا نام دیکھتے ہی وہ ادھر ادھر کے بہانے بنا کر ٹال دیا کرتے ہیں مگر جب یہ پروجیکٹ ہم نے فرانسسکو صاحب کے سامنے رکھا تو ہم نے انھیں انتہائی کھلی طبیعت کے ساتھ ساتھ حقائق پر گہری نظر رکھنے والے انسان پایا اور انکے جواب نے ہمیں حیران کر دیا فرمانے لگے کہ میں بہت سی مذہبی تنظیموں کو جانتا ہوں وہ صرف پیسہ لینا جانتی ہیں۔ اگر آپ لوگ حقیقت میں کچھ خرچ کرنا چاہتے ہیں تو یہ میرے لئے خوشی کی بات ہے۔ اس لئے مجھے پرواہ نہیں آپ کا تعلق کس مذہب سے ہے۔ بلکہ میں آپ کو یہ کہوں گا کہ نہ صرف آپ لوگوں کو کھانا دینے کی اجازت ہے بلکہ آپ مجھے اپنا پورا پلان بتائیں میں آپ کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہوں۔ ہم نے انھیں مورخہ 18 اپریل بروز اتوار کا پلان دیا تو انھوں نے کہا کہ اتوار والے دن تو میس بند ہوتا ہے۔ مگر کچھ توقف کے بعد اتوار کا دن مقرر کرنے کی وجہ پوچھی تو ہم نے بتایا کہ چونکہ ہمارے سارے کارکن رضاکارانہ کام کرتے ہیں اس لئے عام دنوں میں وہ لوگ کام پر ہوتے ہیں اتوار کو ہی بآسانی وہ یہ خدمت بجا لاسکتے ہیں اس پر وہ اور بھی حیران ہوئے کہ ہفتہ کا ایک دن چھٹی کا ہوتا ہے وہ بھی آپ لوگ انسانیت کی خدمت کے لئے صرف کرنا چاہتے ہیں۔ اور کہنے لگے کہ اب مجھ پر بھی واجب ہے کہ آپ لوگوں کے ساتھ میں بھی اتوار کے دن کی قربانی کروں۔ اتوار والے دن میں آپ لوگوں کے لئے بطور خاص میس کھولوں گا۔ یوں ہمارا پروگرام فائنل ہو گیا۔

اگلی میٹنگ مورخہ 2 اپریل ہونا طے پائی جس میں انھیں کھانے کے مینیو سے مطلع کرنا تھا۔ اس میٹنگ میں بھی ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے نظارے اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ دل اللہ تعالیٰ کی حمد سے لبریز ہو گئے جب انھوں نے ایک اشتہار نکال کر ہمارے سامنے رکھ دیا جس پر نہ صرف جلی حروف سے احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن لکھا تھا بلکہ مینارہ المسیح کی تصویر بھی آویزاں تھی۔ ہم نے ان سے پوچھا کہ یہ تصویر آپ کو کیسے ملی۔ تو انھوں نے بتایا کہ آپ لوگوں کی فرنچ ویب سائٹ کا میں نے بغور مطالعہ کیا ہے آپ کے متعلق پڑھ کر مجھے پتہ چلا ہے کہ آپ لوگ تو ساری دنیا میں فلاحی خدمت بجا لارہے ہیں جو بہت ہی قابل قدر ہے۔ وہیں سے ہی مجھے آپ کی جماعت کا یہ لوگو ملا ہے۔ اب اس اشتہار کو شہر کی اہم اہم جگہوں اور دفاتر میں آویزاں کروں گا تا زیادہ سے زیادہ غرباء اس دن کھانے میں شامل ہوں۔ مزید میں چاہتا ہوں کہ آپ لو گ خود کھانا پیش کریں تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ مسلمان وہ نہیں ہیں جو میڈیا میں دکھائے جاتے ہیں بلکہ حقیقت میں مسلمان آپ جیسے ہوتے ہیں۔ جوں جوں وہ یہ باتیں کرتے جاتے تھے توں توں دل اللہ تعالیٰ کی حمد اور شکر سے لبریز ہوتا جاتا تھا کہ کہاں ہم صرف کھانا دینے کی کوشش میں تھے کہاں سارے شہر میں اشتہار بانٹے جارہے ہیں اور جماعت کے نام پر خود کھانا پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

میٹنگ کے بعد خاکسار نے محترم حافظ فرید احمد صاحب خالد نیشنل سیکرٹری تبلیغ جرمنی سے رابطہ کیا۔ یہاں بتاتا چلوں کہ لگزمبرگ کا ملک اگست 2019ء تک جماعت فرانس کی زیر نگرانی تھا بعد ازاں حضور انور نے ازرہ شفقت خاکسار کی تقرری بطور پہلے باقاعدہ مبلغ سلسلہ لگزمبرگ کرتے ہوئے اسے جماعت جرمنی کے سپرد فرما دیا۔ چنانچہ خاکسار نے محترم حافظ صاحب سے درخواست کی کہ چونکہ لگزمبرگ میں وسائل کی کمی کے باعث اتنی بڑی مقدار میں کھانا بنانا ممکن نہیں اس لئے ہماری مدد کی جائے تو الحمد للہ انھوں نے شعبہ تبلیغ کی ضیافت ٹیم کے ذریعہ سارے انتظامات کئے۔ فجزااللہ تعالیٰ۔

18 اپریل کی صبح 6 بجے خاکسار اپنی گاڑی کے ذریعہ تیار شدہ کھانا لینے بیت القیوم فرنکفرٹ پہنچ گیا۔ کھانا لادنے کے بعد مکرم افضل خان صاحب کی قیادت میں 9 احباب جماعت کی ضیافت ٹیم کے لئے خاکسار نے اجتماعی دعا کرائی اور وہاں سے روانہ ہوگئے۔

چونکہ لگزمبرگ میں ہمارےمرد احباب کی تعداد صرف 3 ہے اس لئے شعبہ تبلیغ کی مقرر کردہ ٹیم مکرم محمود احمد ناصر انچارج متفرق تبلیغ ڈیسک جرمنی 3 رکنی ٹیم کے ہمراہ ہماری مدد کے لئے لگزمبرگ پہنچے۔ اللہ تعالی ہمارے ان تمام فدائی بھائیوں کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

اس پروگرام میں اللہ تعالیٰ کے احسانوں اور تبلیغ میں آسانی کے سامانوں میں ایک سامان یہ بھی ہوا کہ ان غرباء کو کھانا ’’ایش سیور آلسیت‘‘ شہر کے مرکزی گرجہ گھر کے ایک ہال میں پیش کیا جاتا ہے اور ایسے پادری جن سے بارہا ملاقات کی کوشش کے باوجود وقت نہیں ملتا تھا ہمیں وہاں مل گئے۔ مزید یہ کہ شہر کی انتظامیہ بھی ہم سے پہلو تہی کرتی تھی مگراس پروگرام میں اپنی ڈیوٹی پوری کرنے شہر کے مئیر کی نمائندہ خاتون اپنے خاوند سمیت وہاں موجود تھیں۔

گیارہ بج کر پینتالیس منٹ پر کھانا شروع کرنے کا پروگرام تھا الحمدللہ ہم وقت سے ڈیڑھ گھنٹہ پہلے تمام انتظامات کرنے پہنچ چکے تھے۔ اور وقت سے دس منٹ پہلے ہم سب تیار تھے۔ ایک ایک کر کے لوگ ہال میں داخل ہونے لگے اور حضرت مسیح موعود ؑ کا لنگر جو 130 سال قبل قادیان جیسی غریب اور بے نام بستی سے شروع ہوا تھا آج یورپ سے مہنگے اور امیر ترین ملک میں تقسیم ہوتا دیکھ کردل حضرت مسیح موعود ؑ کی صداقت کے ترانے گاتا جارہا تھا۔ الحمد للہ یہ پروگرام ڈھائی بجے تک جاری رہا اور 120 افراد کو حضرت مسیح موعود ؑ کے لنگر جس میں جماعت کی روایتی دال یعنی لنگر دال کے علاوہ آلو چکن، چاول، نان، سلاد اور کھیر شامل تھے، سے مستفید ہونے کی توفیق عطا ہوئی۔ لوگوں نے سب سے زیادہ لنگر دال کو سراہا۔

انتظامیہ کی طرف سے مستقبل میں دوبارہ ایسے پروگرام کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔ وہاں کھانا کھانے کے لئے آنے والے ایک صاحب نے ایک تبصرہ کیا جو نہایت ہی قابل قدر تھا اور ہمارے لئے فخر کا باعث تھا وہ یہ کہ ’’مسلمانوں کی طرف سے ایسے اقدام نہایت ہی قابل قدر ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ان پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘‘

آخر پر انتظامیہ کے ڈائرکٹر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جلد ہی ہم اگلے پروگرام کا شیڈیول بھی تیار کریں گے۔ اس سلسلہ میں میری طرف سے ہر قسم کا تعاون آپ کو ملتا رہے گا۔

شام 4 بجے کے قریب ہم وہاں سے انکے ہال کی صفائی میں مدد کرانے کے بعد فرنکفرٹ کی طرف روانہ ہوئے۔

لگزمبرگ میں پورے پروگرام کو آرگنائز کرنے میں نیشنل صدر صاحب لگزمبرک محترم خالد لارگیٹ اور جرمنی میں تمام انتظامات نہایت احسن رنگ میں مکمل کرنے میں نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم حافظ فرید خالد صاحب نے انتھک کاوشیں کیں اللہ تعالیٰ ان ہر دو احباب کے ساتھ ان تمام احباب کو جزاء خیر عطا فرمائے جنھوں نے کسی بھی رنگ میں اس تاریخی کام کےسرانجام دینے میں ہماری مدد فرمائی۔ فجزاھم للہ احسن الجزاء

(رپورٹ: محمد ظفر اللہ سلام مربی سلسلہ لگزمبرگ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 جون 2021

اگلا پڑھیں

ایڈیٹر کے نام ڈاک