• 20 اپریل, 2024

آج کی دعا

رَبِّ زِدْنِیْ عِلْمًا

(سورۃ طٰہ: 151)

ترجمہ: اے میرے !رب مجھے علم میں بڑھا دے۔

یہ پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی علم میں اضافے اور ترقی کی دعا ہے۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ (جن کے بارے میں رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ ’’میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہے جو علم کا قصد کرے وہ اس کے دروازے پر آئے‘‘) بیان کرتے ہیں:
’’کہ صحیح اور حقیقی فقیہ وہ ہےجو لوگوں کو اللہ تعالی کی رحمت سے نا امید نہیں ہونے دیتا اور ان کے لئے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کا جواز بھی مہیا نہیں کرتا اور نہ ان کو اللہ تعالیٰ کے عذاب اور اس کی پکڑ سے بے خوف بناتا ہے۔ قرآنِ کریم سے ان کی توجہُّ ہٹا کرکسی اور کی طرف انہیں راغب کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔یادرکھو!علم کے بغیر عبادت میں کوئی بھلائی نہیں اور سمجھ کے بغیر علم کا دعویٰ درست نہیں اور تدبُّر اور غوروفکر کے بغیر محض قرات کا کچھ فائدہ نہیں‘‘۔

پیارے امام سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہُ اللہ تعالیٰ بنصرِہ العزیز حصولِ علم کی طرف توجہُّ دلاتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’آج یہ ذمہ داری ہم احمدیوں پر سب سے زیادہ ہے کہ علم کے حصول کی خاطر زیادہ سےزیادہ محنت کریں۔زیادہ سے زیادہ کوشش کریں کیونکہ حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کو بھی قرآنِ کریم کے علوم و معارف دئے گئے ہیں اور آپ کے ماننے والوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ کاوعدہ ہے کہ میں انہیں علم ومعرفت اور دلائل عطاکرو ں گا۔ تو اس کے لئے کوشش اور علم حاصل کرنے کا شوق اور دعا کہ

’’اے میرے اللہ! اے میرے رب! میرے علم کو بڑھا‘‘

بہت ضروری ہے۔ گھر بیٹھے یہ سب علوم و معارف نہیں مل جائینگے۔ اور پھر اس کے لئے کوئی عمر کی شرط بھی نہیں ہے۔ تو سب سے پہلے تو قرآنِ مجید کا علم حاصل کرنے کے لئے، دینی علم حاصل کرنے کے لئے ہمیں حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ نے جو بے بہا خزانے مہیا فرمائے ہیں ان کو دیکھنا ہوگا، ان کی طرف رجوع کریں۔ ان کو پڑھیں۔ کیونکہ آپ نے ہمیں ہماری سوچوں کے لئے راستے دکھا دئے ہیں۔ ان پر چل کر ہم دینی علم میں اور قرآن کے علم میں ترقی حاصل کرسکتے ہیں، اور پھر اس قرآنی علم سے دنیاوی علم اور تحقیق کے بھی راستے کھل جاتے ہیں‘‘۔

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 اگست 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2020