• 19 اپریل, 2024

الفضل کی اشاعت کا مقصد

دنیا کے بدلتے ہوئے حالات میں الفضل نے جو نئے مقاصد سامنے رکھے۔ اس کی تفصیل اس کے 35 سال پورے ہونے پر شمارہ میں بایں الفاظ درج تھی۔

روزنا مہ الفضل کاکیا مقصد ہے اور وہ کن عزائم کا علمبردار ہے اس کا جواب الفضل کی 35 سالہ تاریخ کا ایک ایک ورق دے رہا ہے۔

اسلام کے خوبصورت اور حسین چہرہ پر بیگانوں کی عداوت اور اپنوں کی غفلت کی وجہ سے شکوک و شبہات کے جو تاریک پردے پڑ چکے تھے انہیں دور کرکے دنیا کو حقیقی اسلام سے روشناس کرانا اور اسلام کو اس کی عملی شکل میں قائم کرنا یہ وہ عظیم الشان مقدس فریضہ ہے جسے حضرت مرزا غلام احمد مسیح موعود و مہدی مسعودؑ نے جماعت احمدیہ کامقصد وحید قرار دیا ہے اور اسی مقصد کی تکمیل میں اپنی بساط کے مطابق حصہ لینا الفضل کا پہلا اور آخری فرض ہے۔ اس فرض کو حضرت بانی سلسلہ عالیہ احمدیہ کے ارشادات اور ہدایات کی روشنی میں سرانجام دینے کی کوشش کی جائے گی۔ الفضل اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا پر ظاہر کرنے اور اسے اپنی عملی صورت میں دنیا میں قائم کرنے کی کوشش کرے گا۔ الفضل جماعت احمدیہ اور اس کے اندرونی نظام کو حضرت امام جماعت احمدیہ کی ہدایت کی روشنی میں مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی کوشش کرے گا اور احباب جماعت کو سلسلہ کی اہم ضروریات سے آگاہ کرے گا۔کیونکہ یہی نظام دنیا میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ کی بنیاد بننے والا ہے۔

اس وقت مسلمان جس نازک دور میں سے گزر رہے ہیں اور ہندوستان اور پاکستان میں مسلمانوں کے لئے جو اہم اور پیچیدہ مسائل پیدا ہوچکے ہیں ان کے سلسلے میں الفضل حضرت امام جماعت احمدیہ کے اہم اور گرانقدر ارشادات اور ہدایات کوجلد سے جلد اپنے قارئین تک پہنچانے کا فریضہ ادا کرے گا۔ اس وقت ملک میں جو ہولناک فسادات شروع ہیں۔ الفضل انہیں دور کرنے اور امن و امان کی فضا پیدا کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔جماعت احمدیہ کے مسلمہ اصول کے مطابق الفضل قیام امن کے لئے اور دیگر اہم امور کے سلسلہ میں حکومت کے ساتھ پورا پورا تعاون کرے گا اور اس سلسلہ میں حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرے گا۔ احباب سے درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعاکریں کہ الفضل ملک و قوم کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکے اور اپنے اغراض و مقاصد میں کامیاب ہو۔ آمین

پچھلا پڑھیں

اعلان

اگلا پڑھیں

آپ کا اپنا اخبار