• 24 اپریل, 2024

افتتاح مسجد کاسری ریجن کایا برکینا فاسو

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کسی بھی جگہ اسلام کی ترقی کے لیے مسجد کی تعمیر کو بہت اہمیت دی ہے۔ چنانچہ ایک جگہ حضرت مسیح موعود ؑ فرماتے ہیں کہ
’’اس وقت ہماری جماعت کو مساجد کی بڑی ضرورت ہے۔ یہ خانہ خدا ہوتا ہے۔ جس گاؤں یا شہر میں ہماری جماعت کی مسجد قائم ہو گئی تو سمجھو کہ جماعت کی ترقی کی بنیاد پڑ گئی۔ اگر کوئی ایسا گاؤں ہو یا شہر جہاں مسلمان کم ہوں یا نہ ہوں اور وہاں اسلام کی ترقی کرنی ہو تو ایک مسجد بنا دینی چاہئے پھر خدا خود مسلمانوں کو کھینچ لاوے گا۔ لیکن شرط یہ ہے کہ قیام مسجد میں نیّت بہ اخلاص ہو۔ محض للہ اسے کیا جاوے۔ نفسانی اغراض یا کسی شر کو ہرگز دخل نہ ہو تب خدا برکت دے گا۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ غرضیکہ جماعت کی اپنی مسجد ہونی چاہئے جس میں اپنی جماعت کا امام ہو اور وعظ وغیرہ کرے۔ اور جماعت کے لوگوں کو چاہئے کہ سب مل کر اسی مسجد میں نماز باجماعت ادا کیا کریں جماعت اور اتفاق میں بڑی برکت ہے۔ پراگندگی سے پھوٹ پیدا ہوتی ہے۔‘‘

(ملفوظات جلدہفتم صفحہ119 ایڈیشن1984ء مطبوعہ انگلستان)

پس اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اور بنی نوع انسان کو اپنے خالق کی طرف لانے کے لیے جماعت احمدیہ کو ہر سال پوری دنیا میں سینکڑوں نئی مساجد تعمیر کرنے کی توفیق ملتی ہے۔ چنانچہ جماعت احمدیہ برکینا فاسو میں بھی ہر سال بیسیوں مساجد کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو اس سال ریجن کایا صوبہ Sanmtenga کے کاسری گاؤں میں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ یہ گاؤ ں مئی 2017 کو احمدیت کی آغوش میں آیا اور بہت جلد اس گاؤں کے لوگ اخلاص و وفا میں بڑھتے چلے گئے۔ چنانچہ اس سال یہاں مسجد تعمیر کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔

سنگ بنیاد

مسجد کا سنگ بنیاد 27اگست 2021 بروز جمعۃ المبارک کو بعد نماز جمعہ رکھا گیا۔ سنگ بنیاد کی پہلی اینٹ حافظ عطاء النعیم صاحب ریجنل مشنری کایا نے رکھی۔ اس کے بعد ریجنل صدر صاحب نے انیٹ رکھی بعد ازاں مقامی چیف، میئر، صدر جماعت اور ایک طفل نے سنگ بنیاد کی اینٹیں رکھنے کی توفیق پائی۔ اس موقع پر ایک بکرا صدقہ بھی دیا گیا تاکہ تمام کام خوش اسلوبی سے انجام پذیر ہو اور کسی قسم کی تعمیر کے درمیان مشکل پیش نہ آئے۔ اس موقع پر ریجنل مشنری صاحب نے مقامی میئر اور چیف کو فرینچ زبان میں قرآن کریم اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ تحفہ میں دی۔

مسجد کی تعمیر میں افراد جماعت کا جو ش و ولولہ

مسجد کی تعمیر کے مختلف مراحل میں گاؤں کے افراد میں خوب جو ش و ولولہ دیکھا گیا۔ تمام خدام و اطفال اور انصار نے کسی نہ کسی طرح وقارعمل میں حصہ لیکر اس مسجد کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا۔ مسجد کی تعمیر کے لیے گاؤں کے افراد نے ریت اور پتھر وغیرہ کا انتظام اپنے ذمہ لیا۔ نیز تعمیر کے لیے پانی کا انتظام بھی گا ؤں کے فراد نے کیا۔ اس علاقہ میں پانی کا حصول انتہائی مشکل ہوتا ہے چنانچہ گاؤں کے افراد گھریلوں استعمال کے لیے بھی پانی کئی کئی کلو میٹر کا سفر طے کر کے لاتے ہیں۔ اس لیے مسجد کے لیے پانی کا مہیا کرنا بھی ان کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ جس کو انھوں نے بڑے شوق اور جذبہ سے پورا کیا۔ اللہ تعالیٰ انھیں اس کی جزا دے۔ آمین

مسجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد گاؤں کے افراد سے میٹنگ کر کے مسجد کے افتتاح کی تاریخ 17 دسمبر 2021 کو رکھی گئی۔ افتتاح کے لیے مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر و مشنری انچارج برکینا فاسو ایک بہت بڑے وفد کے ساتھ تشریف لائے۔ اس وفد میں مکرم امیر صاحب کے علاوہ نائب امیر و نیشنل صدر انصاراللہ کابورے سلیمان صاحب، نیشنل صدر خدام الاحمدیہ کونے داؤدا صاحب، اہلیہ مکرم امیر صاحب برکینافاسو بطور نمائندہ صدر لجنہ برکینا فاسو، نیز دیگر ممبران نیشنل عاملہ و مہمانان شامل تھے۔

چنانچہ 17دسمبر 2021 بروز جمعہ کو یہ وفد بارہ بجے کاسری جماعت میں پہنچا۔ وفد کے استقبال کے لیے گاؤں سے کئی کلومیٹر باہر خدام موٹر سائیکلو ں پر موجود تھے۔ گاؤں میں افراد جماعت نے جوش و خروش اور محبت سے استقبال کیا۔ نماز جمعہ سے پہلے مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریباً دس مقامی چیف بھی موجود تھے۔ نیز اس علاقہ کے میئر بھی شامل ہوئے۔ مکرم امیر صاحب نے اپنے خطبہ میں مسجد کی اہمیت اور عبادات بجا لانے پر توجہ دلائی اور غیر احمدی افراد کے لیے جماعت احمدیہ کا تعارف بھی پیش کیا۔ جمعہ کی نماز کے بعد مقامی چیف اور میٔر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازا ں مہمانان کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ارد گرد کے گاؤں سے ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس تقریب میں 800 کے قریب مردو خواتین شامل ہوئے۔ یہ تقریب جماعت احمدیہ کی تبلیغ کا باعث بھی بنی۔ پروگرام کے بعدوفد امیر صاحب اور مقامی چیف و میئر کا یادگاری گروپ فوٹو کھینچا گیا۔ اس مسجد میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے سولر سسٹم کے ذریعہ بجلی کا انتظام بھی کیا گیا ہے نیز ایم ٹی اے اور ساؤنڈ سسٹم بھی لگایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مسجد کی تعمیر سے افراد جماعت کا تعلق اللہ تعالیٰ سے مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جائے نیز افراد جماعت اخلاص و وفا میں بڑھتے چلے جائیں۔ آمین

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ