• 25 اپریل, 2024

پھول تم پر فرشتے نچھاور کریں

پھول تم پر فرشتے نچھاور کریں
(کلام حضرت خلیفة المسیح الرابعؒ)

آئے وہ دن کہ ہم جن کی چاہت میں گنتے تھے دن اَپنی تسکینِ جاں کے لئے
پھر وہ چہرے ہویدا ہوئے جن کی یادیں قیامت تھیں قلبِ تپاں کے لئے

جن کے اخلاص اور پیار کی ہر اَدا، بے غرض، بے ریا، دل نشیں، دل رُبا
بے صدا جن کی آنکھوں کا کرب و بلا، کربلا ہے دل ِعاشقاں کے لئے

پیار کے پھول دل میں سجائے ہوئے، نورِ ایماں کی شمعیں اٹھائے ہوئے
قافلے دُور دیسوں سے آئے ہوئے، غمزدہ اک بدیس آشیاں کے لئے

دیر کے بعد اے دُور کی راہ سے آنے والو ! تمہارے قدم کیوں نہ لیں
میری ترسی نگاہیں کہ تھیں منتظر، اِک زمانے سے اِس کارواں کے لئے

پھول تم پر فرشتے نچھاور کریں اور کشادہ ترقی کی راہیں کریں
آرزوئیں مری جو دُعائیں کریں، رنگ لائیں مرے مہمان کے لئے

میرے آنسو تمہیں دیں رَمِ زندگی، دور تم سے کریں ہر غمِ زندگی
مہمان کو ملے جو دمِ زندگی، وہی اَمرت بنے میزباں کے لئے

نور کی شاہراہوں پہ آگے بڑھو، سال کے فاصلے لمحوں میں طے کرو
خوں بڑھے میرا تم جو ترقی کرو، قرۃ العین ہو سارباں کے لئے

(کلام طاہر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ