• 25 اپریل, 2024

آٹھواں جلسہ سالانہ سینیگال 2019ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و رحم کے ساتھ جماعت احمدیہ سینیگال کو آٹھوا ں جلسہ سالانہ مورخہ 27 تا 29 دسمبر2019ء سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں موجود جماعتی قطعہ پر احمدیہ مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذلک

جماعت احمدیہ سینیگال کے سالانہ کیلنڈر کا اہم ترین پروگرام جلسہ سالانہ ہوتا ہے ۔جلسہ سالانہ سینیگال کی تاریخ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے جلسہ سالانہ قادیان کے ساتھ ہی لی جاتی ہے تا کہ حضور انور کے قادیان جلسہ کے اختتامی خطاب سے اجتماعی طور پر احمدی مستفیض ہو سکیں ۔

امسال فروری کے پہلے ہفتے میں ہی جلسہ سالانہ کی نظامتوں کے افسران کی میٹنگ ہوئی جس میں گزشتہ جلسہ پر پیش آمدہ امور پر بحث کی گئی جو سرخ کتاب میں لکھے گئے تھے بعد ازاں ہر نظامت نے آئندہ سال کے لئے اپنی منصوبہ بندی پیش کی۔ اور دوران سال تیاریوں کے متعلق آگاہ کیا۔اس طرح دوران سال مختلف اوقات میں میٹنگ کر کے جلسہ کے انتظام کی پیش بندی پر منظم عمل درآمد کرنے کی کوششیں کی گئیں۔

امسال جلسہ سالانہ سینیگال کا عنوان ’’اسلام اور شہریوں کی ذمہ داریاں‘‘ تھا۔

جلسہ سالانہ سینیگال 2019 کی ایک خاص بات یہ ہے کہ امسال حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت مکرم کمال زین بروجا کو بطور نمائندہ بھجوایا۔ ان کے علاوہ مکرم محمد احمد نعیم عربی ڈیسک،5 افراد کا وفد الجزائر سے، 4 افراد کا وفد موریطانیہ سے ،4 افراد کا وفد گیمبیا سے، 5 افراد کا وفد گنی بساؤ سے ،ایک نمائندہ جرمنی سے اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ مجموعی طور پر جلسہ سالانہ سینیگال میں 9 ممالک کی نمائندگی ہوئی۔

بیرون ممالک سے آئے مہمانان کے لئے اعلی معیار کا مہمان خانہ تیار کیا گیا۔ اور گزشتہ سال کی نسبت زیادہ رہائشی خیمے بھی تعمیر کئے گئے۔ اور گذشتہ تین ماہ سے مسلسل 20 خدام مختلف ریجنز سے آ کر مستقل جلسہ کی تیاریوں کے لئے وقار عمل کرتے رہے۔

مورخہ 26 دسمبر کو ہی ملک کے طول و عرض سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔اور سب سے لمبا سفر کر کے جو قافلہ پہنچا وہ کولڈا ریجن سے آیا جنہوں نے 700 کلومیٹر سے زائد کا سفر کر کے جلسہ میں شمولیت کی۔ اسی طرح ملک کے تمام ریجنز نے بھرپور نمائندگی کی۔

جلسہ کے تینوں دن جماعتی روایات کے مطابق بھرپور گزرے۔ جن کا آغاز باجماعت نماز تہجد ،نماز فجر اور درس القرآن کے ساتھ ہوتا رہا۔ پہلے دن 27 دسمبر بروز جمعۃ المبارک مکرم امیر صاحب سینیگال نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ پروگرام کے مطابق شام 4:30 بجے حضور انور کے نمائندہ نے لوائے احمدیت لہرایا اور احمدیہ مشن ہاوس کے علاقہ کی کونسل کے وائس مئیر جو 16 افراد کے وفد کے ساتھ جلسہ میں شامل ہوئےتھے انہوں نے سینیگال کا قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد مکرم کمال زین بروجا کی زیر صدارت افتتاحی سیشن ہوا جس کے آخر میں مکرم کمال صاحب نے حضور انور کا محبت بھرا سلام پہنچا کر خلافت کے پروانوں کو تسکیں دلائی اور دعا کروائی۔ بعد از مغرب و عشاء لوکل جلسہجات کا انعقاد ہوا جو ملک کی لوکل زبانوں ،وولف،سیریر،فولا،جولا میں مقررہ جگہوں پر منعقد ہوئے۔

دوسرے روز لجنہ کی طرف علیحدہ سیشن ہوا جب کہ مردانہ جلسہ گاہ میں بھی پروگرام کے مطابق مختلف موضوعات پر مقررین نے تقاریر کیں۔جن میں جلسہ کے عنوان کی مناسبت سے ’’معاشرے کی تعلیم و تربیت‘‘، ’’ماحول کی صفائی‘‘ اور اداروں کا احترام وغیرہ موضوعات پر تقاریر ہوئیں شام کے سیشن کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ جس کے بعد مذکورہ بالا زبانوں میں لوکل جلسے منعقد ہوئے۔

تیسرے روز اختتامی سیشن کی صدارت مکرم محمد احمد نعیم عربی ڈیسک لندن نے کی۔ انہوں نے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ اور اپنے اختتامی خطاب میں صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر مختلف پیراوں سے روشنی ڈالی ۔ اور دعا کے بعد جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ سینیگال میں 9 ممالک کی نمائندگی کے ساتھ کل حاضری 3560 رہی۔ الحمد للہ علی ذلک۔

جلسہ کے اور بہت سی دلچسپیوں میں سے ایک نمائش بھی تھی جسے شاملین جلسہ ، مہمانان کرام او ر زیر تبلیغ افراد نے بکثرت دیکھا ۔نمائش میں عربی اور فرنچ زبان میں تمام لٹریچر آویزاں کیا گیا تھا اس کے علاوہ قرآن کریم کے 30 سے زائد تراجم بھی نمائش کا اہم جزو تھے۔ نیز حضرت مسیح موعود علیہ السلام و خلفائے کرام کی تصاویر بھی ہر نظر کو کھینچتی تھیں۔ نمائش سے خصوصاً، وولف، منڈینگا، اور فولا زبان میں ترجمۃ القرآن بہت سے احباب نےخریدے۔

جلسہ سالانہ پر دیگر معززین علاقہ ،مختلف ریجنز کے مئیرز، وائس مئیرز اور حکام کے نمائندوں نے خطاب کیا اور جماعتی کی دینی اور انسانی خدمات کا اعتراف کر کے تعریفی کلمات کہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام حاضرین کو جلسہ کی برکات سے فائدہ اٹھانے کی توفیق دے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی شاملین جلسہ کے لئے کی گئی تمام دعائیں ہمارے حق میں قبول ہوں۔ آمین

(حافظ مصور احمد مزمل۔سینیگال)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مارچ 2020