• 25 اپریل, 2024

اسلام نے صفائی کے مؤثر طریقوں سے آگاہ کیا

جوں جوں دنیا بھر میں آبادی بڑھنے سے معاشرے میں خامیوں، کمزوریوں، بُرائیوں اور بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے توں توں دنیا کی مختلف تنظیمیں اہم دن منا کر ان بیماریوں، کمزوریوں اور بُرائیوں سے آگاہی دے رہی ہیں۔ ان میں سے 19 نومبر کو بیت الخلاء کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس دن دنیا بھر کے ٹی وی چینلز، اخبارات، رسائل اور سوشل میڈیا وغیرہ اس حوالہ سے آگاہی دیتے ہیں کہ وہ کون کون سے ذرائع استعمال کئے جائیں جن سے انسان بیماریوں سے مبرا ہوسکتا ہے کیونکہ آج کل ایڈز اور کئی دوسری بیماریاں ایسی ہیں جو لیٹرین اور اپنے جسم کو صاف نہ کرنے اور رکھنے سے پیدا ہوتی ہیں۔
میں قربان جاؤں اپنے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفی ﷺ پر جنہوں نے آج سے 1400 سال قبل (جب دنیا اتنی مہذب بھی نہ تھی) اس حوالہ سے سبھی باریک سے باریک باتیں سمجھا دیں۔ اس پر ہی تو ایک یہودی نے حضرت سلمان فارسیؓ کو طعنہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمہارا رسول تو چھوٹی چھوٹی باتیں بھی تمہیں سکھلاتا ہے۔ اس کا کہنے کا مقصد یہ تھا کہ تم اتنے غیرمہذب ہو کہ تمہارا نبی تمہیں چھوٹی سے چھوٹی بات بھی سکھلاتا ہے۔ جس پر آپؓ نے اسے فرمایا کہ ہاں میرا نبی مجھے تو پاخانہ پھرنا بھی سکھلاتا ہے۔
ہمارے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ نے ہمیں سمجھایا کہ جب تم پاخانہ کرنے جاؤ تو اپنی اس جگہ کو صاف ستھرا رکھو۔ غسل خانے کی زمین پر پیشاب کرنے سے پرہیز کرو۔ خصوصاً جب غسل خانے کی زمین کچی ہو۔ قبلہ رخ ہو کر یا قبلہ کی طرف پشت کرکے نہ بیٹھو۔ فراغت کے بعد مٹی کے ڈھیلے سے یا صاف پانی سے استنجا کرو۔ خشک لید، ہڈی یا کوئلے وغیرہ سے استنجا نہ کرو۔ اس سے بیماریاں پھیلتی ہیں اور جہاں صابن نہ ہو تو اپنے ہاتھوں کو مٹی سے خوب اچھی طرح مل کر دھولیا کرو۔ آج کل تو صابن اور Saniitizers وغیرہ مل جاتے ہیں۔
پیشاب بیٹھ کر کرنے کو ترجیح دیا کرو۔ اگر بیٹھنے سے مزید گندگی کا احتمال ہو تو جگہ کو اپنی کونڈی سے نرم کرلیا کرو تا چھینٹیں اپنے پر نہ پڑیں۔
واش روم میں جاتے وقت یہ دعا کیا کرو۔
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبَائِث (بخاری)
کہ اے اللہ! میں تیری مذکر و مؤنث شیطانوں سے پناہ چاہتا ہوں۔
اور پاخانہ سے فارغ ہو کر واش روم سے باہر آتے ہوئے یہ دعا کریں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَذْھَبَ عَنِّیْ الْاَذیٰ وَعاَفاَنِیْ (ابن ماجہ)
کہ شکر ہے اُس خدا کا جس نے مجھ سے تکلیف دُور فرمائی اور مجھے عافیت بخشی۔
اور ایک روایت میں غُفْرَانَکَ کی دعا بھی پڑھنے کی تلقین ملتی ہے۔
ہمیں یاد ہے کہ جب لیٹرینیں گھروں سے باہر ہوتی تھیں تو ہم یہ دعائیں پڑھا کرتے تھے۔ ہمارے والدین ہمیں یاد بھی کرواتے تھے۔ مگر جب سے لیٹرین، باتھ روم اور پھر واش روم میں تبدیل ہوئی اور ہر کمرے کے ساتھ Attach Bathroom کا رواج آیا تو یہ سمجھا جانے لگا کہ یہ تو گھر کا حصہ ہے۔ ہم آہستہ آہستہ ان دعاؤں کو بھول گئے اور والدین نے بھی بچوں کو یاد کروانی چھوڑ دیں اور نہ ہی توجہ دلائی۔
آج دیکھیں کہ یہود و نصاریٰ ہر 19 نومبر کو بیت الخلاء کا عالمی دن منا کر ہمیں اسلوب و آداب سکھلانے جارہے ہیں جبکہ آج سے 1400 سال قبل انہی نصاریٰ و یہود نے اس سلسلہ میں آنحضور ﷺ پر طعنہ زنی کی تھی۔جبکہ ہمارے پیارے رسولؐ نے باتھ روم جانے سے پہلے خبائث سے پناہ مانگی ہے اور نکلتے ہوئے اس خدائے عزوجل کا شکر ادا کرنے کی تلقین فرمائی۔ جس نے اس رذیلہ مادہ کو جسم سے نکال کر تسلی کا ماحول پیدا کیا ہے۔ ذرا ان لوگوں سے اس تکلیف دہ کیفیت کا دریافت کریں جن کو قبض کی شکایت ہوتی ہے اور وہ کرب اور تکلیف میں وقت گزارتے ہیں۔ اس لئے ہمارے رسولؐ نے خدا کا شکر ادا کرنے کی تلقین کی اور باتھ روم کے ماحول کو پاک صاف رکھنے اور پانی کے استعمال کی تلقین فرمائی تا بیماریوں سے بچا جاسکے۔ یورپ میں جو لوگ پانی کی جگہ ٹشو استعمال کرتے ہیں ان میں اکثر بیمار ہی رہتے ہیں۔اسی لئے یورپ میں الرجی کی بیماری بہت زیادہ پائی جاتی ہے۔ ان تمام امور کو مدنظر رکھ کر ہم تو یہی کہہ سکتے ہیں۔

بھیج درود اس محسن پر تُو دن میں سو سو بار
پاک محمد مصطفیؐ سب نبیوں کا سردار

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 دسمبر 2019