• 17 اپریل, 2024

جلسہ یومِ مصلح موعودؓ جامعۃ المبشرین گھانا

مؤرخہ 20 فروری 2020ء کو جامعۃ المبشرین میں جلسہ یومِ مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ ہال کومختلف بینرز سے سجایا گیا جن میں حضرت مصلح موعودؓ کی زندگی کے حالات سالبہ سال تصاویر کے ساتھ درج کئے گئے تھے۔ مہمان ِ خصوصی مکرم حافظ عبد الہادی طارق استاذجامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا تھے۔ طلباء جامعہ اور طلباء مدرسۃ الحفظ 9:30 بجے جامعہ کے یونیفارم میں ملبوس اپنی نشستوں پر بیٹھ چکے تھے اورکورس میں نظمیں پڑھ رہے تھے۔ 10:15 بجے مہمان خصوصی جامعہ ہال میں تشریف لائے۔طلباء نے کھڑے ہوکر استقبال کیا اور گھانا کے روایتی انداز میں نعرہ ہائےتکبیر لگائے اور لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہ مُحَمَّدُالرَّسُوْلُ اللّٰہ ترنم سے پڑھا۔ مکرم رضوان کوثر انچارج مجلس ارشاد نے جلسہ یومِ مصلح موعودؓ کی مختصر طور پر غرض و غایت بیان کی اور مہمانِ خصوصی کا تعارف کروایا۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیز واہریرے ارمزان آف یوگنڈا نے کی۔ انہوں نے سورۃ جمعہ کی ابتدائی آیات کی تلاوت انگریزی ترجمہ کے ساتھ کی۔ عزیز اوسئی یوسف نورالدین جو گھانا سے ہیں نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام ’’بشارت دی کہ اک بیٹا ہے تیرا‘‘ مترنم آواز میں پڑھا اور بعد میں انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔ پہلی تقریر جلال ایسل نے کی جو گھانا سے ہیں اور تیسرے سال کے طالب علم ہیں۔ ان کی تقریر کا عنوان تھا ’’حضرت مصلح موعودؓ کی خدمتِ قرآن‘‘ عزیزان محمد بن اسماعیل سینئر اور جونیئر نے اپنے ساتھیوں سمیت لوکل زبان میں کورس کی صورت میں نظم پڑھی۔ دوسری تقریر جامعۃ المبشرین کے استاذ مکرم طاہر احمد ظفر نے کی۔ ان کی تقریر کا عنوان تھا ’’حضرت مصلح موعودؓ کے عالمی دنیا کی بہبود کے لئے مساعی‘‘ عزیزان علی ٹیمبینی اور ان کے ساتھیوں نے کورس کی صورت میں جولا زبان میں نظم پڑھی۔ مہمان خصوصی نے طلباء کو حضرت مصلح موعودؓ کے الفاظ میں نصائح پڑھ کر سنائیں۔ مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے بھی لوکل زبان میں Songs of Praise پیش کئے۔ آخر پر پرنسپل صاحب نے مکرم مہمانِ خصوصی اور جلسہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم مہمان خصوصی نے دعاکروا کر جلسہ کا اختتام کیا۔

طلباء کو ہال ہی میں ریفریشمنٹ دی گئی اور مہمان خصوصی اور اساتذہ کو سٹاف روم میں ریفریشمنٹ دی گئی۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کی غرض و غایت پوری فرمائے اورنیک نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(فہیم احمد خادم۔گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ