• 23 اپریل, 2024

آئیوری کوسٹ میں مبلغین ومعلمین کرام کا ریفریشر کورس

خدا تعالیٰ کے فضل سے مبلغین و معلمین کرام کا چار روزہ ریفریشر کورس 9 تا 12 فروری 2020ء کامیابی کے ساتھ مہدی آباد،آبی جان(Abidjan) میں منعقد ہوا۔ چاروں روز نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی ۔ قبل از نماز فجر حسب ذیل عناوین پر درس بھی دیئے گئے:

اطاعت نظام جماعت، خطبات امام کی اہمیت، مدارج صلوٰۃ اور عدل واحسان و ایتاء ذی القربیٰ۔

مکرم لقمان فرید مبلغ سلسلہ و نگران ریفریشر کورس نے ریفریشر کورس کاٹائم ٹیبل مرتب کیا اور اس پر عمل کروانے کے لئے بھرپور کوشش کی۔

ریفریشر کورس کا باقاعدہ افتتاح مکرم عبدالقیوم پاشا امیرو مشنری انچارج آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت و دعا کے بعد افتتاحی تقریر میں خلافت احمدیہ کے تحت نظام جماعت کا تفصیلی خاکہ پیش کیا نیز مختلف جماعتوں میں عہدیداران کے انتخاب اور اس کے طریق کار کے بارہ میں بھی ہدایات دیں اور نظام جماعت کو نافذ کرنے اور اس کی اطاعت کے بارے میں بتایا۔ امیر صاحب کی افتتاحی تقریر کے بعد نیشنل مجلس عاملہ کے مختلف سیکرٹریان کرام نے اپنے شعبہ جات کا تعارف کروایا اوراس میں کام کرنے کے طریق سے آگاہ کیا۔جن میں شعبہ وقف جدید،شعبہ مال اور شعبہ جنرل سیکرٹری شامل تھے۔

امسال پروگرام میں ذیلی تنظیموں کے لائحہ عمل اور دستور اساسی کے بارہ میں لیکچرز کے ذریعے تفصیلی معلومات فراہم کرنا بھی شامل کیا گیا تھا۔ چنانچہ مکرم باسط احمد مبلغ سلسلہ نے 2؍کلاسز میں مجلس انصار اللہ کے دستور اساسی اور لائحہ عمل کے بارہ میں حاضرین کو معلومات فراہم کیں اور سوالات کے جواب بھی دیئے۔ اسی طرح مکرم صادق احمد لطیف مبلغ سلسلہ نے مجلس خدام الاحمدیہ کی تاریخ اور دستور اساسی اور لائحہ عمل کے بارہ میں شاملین کو بتایا نیز سوالات کے جواب بھی دیئے۔ جبکہ مکرم سلطان احمد مبلغ سلسلہ نے لجنہ اماء اللہ کے قیام و تاریخ ،دستور اساسی و لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا اور بعد ازاں شاملین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

چاروں روز بعد از نماز ظہر و طعام کچھ وقت فقہ المسیح کے لئے بھی مختص تھا جس میں فتاویٰ حضرت مسیح موعودؑ اور فتاویٰ حضرت مصلح موعودؓ کے بارہ میں مختلف سوالات کے جواب مکرم باسط احمد، مکرم صادق احمد لطیف اور مکرم سوروالحسن مبلغین سلسلہ نے دیئے۔ ان تمام پروگرامز کا فرنچ سے جولا (Djula) ترجمہ بھی کیا جاتا رہا تاکہ لوکل معلمین بھی بھرپور استفادہ کرسکیں۔

بعد از نماز مغرب حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی مجلس عرفان بزبان فرنچ دکھائی جاتی رہی۔ اسی طرح بعداز نماز عشاءو طعام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے گزشتہ تین خطبات جمعہ بزبان فرنچ سے بھی استفادہ کیا جاتا رہا۔ جبکہ کورس کے آخری روز نظام وصیت کے بارہ میں بھی حاضرین پروگرام کی رہنمائی کی گئی۔

دوران ریفریشر کورس بعد نماز عصر تا مغرب کھیلیں کروائی گئیں جن میں مبلغین کرام کرکٹ جبکہ لوکل معلمین فٹبال سے محظوظ ہوتے رہے۔

ریفریشر کورس کے آخر پر امیر صاحب نے دوران کورس پڑھائے جانے والے نصاب و خطبات کا زبانی امتحان لیا۔ اور بعض مقامات پرمعلمین کی مزید رہنمائی کی۔

امسال ریفریشر کورس میں 18 ریجنز سے آئے 17سنٹرل مبلغین کرام اور 61 لوکل معلمین کرام نے شرکت کی۔ اللہتعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریفریشر کورس کے دور رس اور نیک نتائج ظاہر فرمائے نیز ہم سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات پر کماحقہ عمل کرنے کی توفیق عطا کرے نیز خلافت کے سلطان نصیر بنائے۔ آمین

(رپورٹ :عبدالنور۔ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ