• 19 اپریل, 2024

مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ کے زیر اہتمام پہلا نیشنل قائدین فورم

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ کو مورخہ 15فروری 2020ء کو اپنا پہلا نیشنل قائدین فورم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذٰلک۔ یہ پروگرام مسجد سلام میں منعقد ہوا جس میں خدام الاحمدیہ کی نیشنل مجلس عاملہ کے ممبران اور ناظمین کے علاوہ13 ریجنز سے ریجنل اور مقامی قائدین نے شرکت کی۔ یہ ممبران دارِسلام، کوسٹ ریجن، موروگورو، ڈوڈومہ، ٹانگا، لِنڈی، مٹوارہ، اِرِنگا، مبیا، ٹبورا، سمِیُو، موانزہ اور زنزبار کے ریجنز سے تشریف لائے ہوئےتھے۔

ایک روزہ قائدین فورم کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد خدام الاحمدیہ کاعہد دہرایا گیا۔ مکرم رمضان حسن ناؤجا، صدر مجلس نےافتتاحی تقریر میں مختصراً اس پروگرام کا پس منظر اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فورم کے ذریعہ مجلس خدام الاحمدیہ کے مختلف سطح پر کام کرنے والے عہدیداران کو آپس میں مل بیٹھ کر جماعتی کام کے حوالہ سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ اسی طرح انہوں نے خاص طور پر آج کل کے دور میں خدام سے فعال رابطہ اور انہیں جماعت کا مضبوط رکن بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں مختلف موضوعات پر تقاریر، پریزنٹیشن اور سوال و جواب کے سیشن ہوئے۔ جن میں مجلس خدام الاحمدیہ کا دستورِ اساسی، خدام کا خلافتاحمدیہ سے تعلق، انفاق فی سبیل اللہ، مجلس شوریٰ، اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ، رپورٹس کے نظام کے ذریعہ مرکز سے رابطہ، تجنید اور وقفِ نو کے موضوعات شامل تھے۔ مکرم شیخ عبدالرحمٰن عامے مبلغ سلسلہ نے خلافت احمدیہ سے تعلق کے موضوع پر گفتگو میں خلفائے احمدیت کے تنزانین احمدیوں سے پیار اور شفقت کے واقعات سنائے اور دعاؤں ، دعائیہ خطوط اور MTA کے ذریعہ نوجوانوں کو خلافت سے مضبوط تعلق بنانے پر زور دیا۔

خدام الاحمدیہ کے دستورِ اساسی اور لائحہ عمل کے حوالہ سے ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔ مجلس شوریٰ کے فیصلہ جات کے حوالے سے عملی طور پر مجالس تک فالواَپ کروانے کا جائزہ لیا گیا۔ خدام میں انفاق فی سبیل اللہ کا شعور پہلے سے بڑھ کر پیدا کرنے پر زور دیا گیا۔ اسی طرح مرکز سے رابطہ برقرار رکھنے کے لئے رپورٹس کے نظام کو فعال بنانے پر زور دیا گیا۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ماہِ دسمبر 2019ء میں سیکرٹریان وقفِ نو کے انٹرنیشنل ریفریشر کورس سے خطاب کے دوران واقفین ِنو کی تربیت کے حوالہ سے خصوصی ہدایات عطا فرمائی ہیں۔مکرم امیری عبیدی کلوٹا (نیشنل سیکرٹری وقفِ نو) نے قائدین کے اس فورم سے خطاب کرتے ہوئے تحریک وقفِ نو کی اہمیت بیان کی اور مختلف ریجنز میں خدام الاحمدیہ کو واقفین نو کی تربیت کے کام میں آگے آنے کی طرف توجہ دلائی۔

بعد نماز عصر مکرم طاہر محمود چوہدری (امیر و مشنری انچارج) اس پروگرام میں تشریف لائے۔ آپ نے اختتامی تقریر میں مجلس خدام الاحمدیہ کی اہمیت بیان فرمائی۔ نیز مجلس خدام الاحمدیہ کے عہدیداران کو تقویٰ، نیک نیتی اور عملی نمونہ دکھاتے ہوئے ہر سطح پر فعال کام کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ پروگرام کے آخر میں امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی اور تمام حاضرین کے ساتھ گروپ فوٹوہوئی۔

مجموعی طور پر 63 افراد اس فورم میں شامل ہوئے۔ دور کی مجالس سے آئے ہوئے عہدیداران کی رہائش کا انتظام بھی مسجد سلام کے احاطہ میں ہی کیا گیا تھا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس فورم کے بابرکت ثمرات پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شہاب احمد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ