• 19 اپریل, 2024

اِک شخص

باغِ احمد میں مثالِ عندلیب اک شخص ہے
جس کے گُن گاتے ہیں شاعر اور ادیب اک شخص ہے

سردیوں کی دھوپ ہے وہ گرمیوں کی چاندنی
ہر کسی موسم میں ہر دل کے قریب اک شخص ہے

لاکھ کوشش سے بھی جن کی تشنگی بجھتی نہیں
ایسی روحوں کا مسیحا اور طبیب اک شخص ہے

پیار ہے سب سے اسے نفرت کسی سے بھی نہیں
اس زمانے میں بھی وہ ایسا نجیب اک شخص ہے

جس کے اک اک لفظ سے مسرور ہو جاتی ہے جاں
ایسا خوش گفتار، محفل میں خطیب اک شخص ہے

جو بڑے ہیں اس کی خاطر دست بستہ ہیں کھڑے
اور چھوٹوں کے دلوں کے بھی قریب اک شخص ہے

دور رہ کر بھی تو اس سے روز مل لیتا ہے تو
تو مبارک احمد عابدؔ خوش نصیب اک شخص ہے

(پروفیسر مبارک احمد عابدؔ۔امریکہ)

پچھلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جنوری 2020