• 25 اپریل, 2024

مسرور فٹ بال ٹورنامنٹ پہلا ایڈیشن

مسرور فٹ بال ٹورنامنٹ پہلا ایڈیشن
زیراہتمام مجلس خدام الاحمدیہ کا یاریجن، برکینافاسو

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو تبلیغ اسلام کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتی ہے، جیساکہ قرآن کریم کا حکم ہے کہ ادْفَعْ بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ کہ بہترین طریقہ سے اسلام کا دفاع کیا جائے۔ چنانچہ اس مادی دور میں دنیادار لوگوں کو اسلام احمدیت کی طرف لانے اور ان تک اسلام کا پیغام اور تعارف کروانے کے لیے برکینا فاسو کےریجن کایا میں مجلس خدام الاحمدیہ کایا کی سرکردگی میں ایک فٹ بال کا ٹورنامنٹ کروایا گیا۔ یہ ٹورنامنٹ مورخہ 18 مارچ تا 20 مارچ کو منعقدکروایا گیا۔

ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے حافظ عطاء النعیم صاحب ریجنل مشنری کایا کی سرکردگی میں کمیٹی بنائی گئی جنہوں نے ریجنل قائد جیاندے بشیر صاحب کے ساتھ مل کر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی۔ مورخہ 7 مارچ کو پورے شہر کا یا میں بذریعہ سوشل میڈیا، انفرادی رابطہ اور لاؤڈ سپیکر اعلان کروایا گیا اور مختلف کلبز کو اپنی اپنی ٹیمیں جمع کروانے کے لیے 12 مارچ تک کی تاریخ دی گئی۔چنانچہ 12 کلبز نے اپنی ٹیمیں بھیجیں۔مورخہ 15 مارچ کو ان بارہ ٹیموں کو قرعہ اندازی کے ذریعے 4 احزاب میں تقسیم کیا گیا ہر حزب میں تین ٹیمیں شامل کی گئیں۔

افتتاحی تقریب

ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز مورخہ 18 مارچ بروز جمعۃ المبارک شام چار بجے پرچم کشائی کے ذریعے کیا گیا۔ مکرم ساواڈوگوسلیمان صاحب ریجنل صدر جماعت احمدیہ کایا نے لوائے احمدیت لہرایا اور برکینافاسو کا پرچم ڈائریکٹرآف سپورٹس صوبہ North Center نے لہرایا۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے سورگو عمر صاحب نے کیا۔ بعد ازاں مختصر افتتاحی رپورٹ پیش کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں شہر کے میئر کے نمائندہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پندرہ افراد شامل ہوئے اور شائقین کی بہت بڑی تعداد بھی اس تقریب میں شامل ہوئی۔بعد ازاں ڈائریکٹر سپورٹس نے فٹ بال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ اس ٹورنامنٹ کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز، افتتاحی و اختتامی تقاریب YOUTUBE پر براہ راست دکھائی گئیں۔

پہلے راؤنڈ میں تمام ٹیموں نے اپنے اپنے حزب کی تمام ٹیموں کے ساتھ میچ کھیلا۔ ہر حزب سے پہلی دو ٹیموں نے دوسرے راؤنڈ کےلئے کوالیفائی کیا اور اس طرح دوسرے راؤنڈ کے لیے 8 ٹیموں نے کوالیفائی کیا۔دوسرا راؤنڈ کوارٹرفائنل پر مشتمل تھا کوارٹر فائنل جیتنے کے بعد چار ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلا سیمی فائنل Jama’at Islamique Ahmadiyya kaya team B اور Jesnesse d’orée کے مابین ہوا جسے بہت ہی سنسنی خیز مقابلے کے بعد Jesnesse d’oréeکی ٹیم نے جیت لیا۔ دوسرا سیمی فائنل Assoumi soumyalgre serviceاور Foïtei F.C کے مابین ہوا جسے Foïtei F.C نے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔

فائنل

فائنل میچ Jesnesse d’orée اور Foïtei F.C کے مابین ہوا۔فائنل دیکھنے کے لیے پورے شہر سے بہت بڑی تعداد میں بچے بوڑھے جوان تشریف لائے۔ایک بہت سنسنی خیز مقابلے کے بعد Foïtei F.C نے مسرور فٹ بال ٹورنامنٹ سال2022 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اختتامی تقریب

اختتامی تقریب مورخہ 20 مارچ 2022 کو بیت الھدیٰ کا یا شہر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم و محترم سانفو شمس الدین صاحب مہتمم صحت و جسمانی مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو تھے۔اس کے علاوہ حکومتی عہدیداران کی دس کے قریب مختلف شخصیات نے شرکت کی اور اعزاز پانے والے کھلاڑیوں اور ٹیم کو انعامات سے نوازا۔

ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لیے صبح شام سینکڑوں کی تعدادمیں شہر بھر سے افراد شامل ہوتے رہے۔چنانچہ ایک محتاط اندازہ کے مطابق 7000 کے قریب پورے شہر سے افراد فٹ بال میچز دیکھنے کے لیے شامل ہوتے رہے۔1721 افراد نے YOUTUBE پر لائیو میچز دیکھے۔

ان میچز سے جماعت کا تعارف بھی کافی بڑھا اور اسلام احمدیہ کا پرامن پیغام غیر مسلموں تک پہنچانے کی توفیق ملی۔اس ریجن میں کچھ عرصہ سے جہادی گروپوں کے کافی حملے ہورہے ہیں جن کی وجہ سے اسلام کا نام بدنام ہورہا ہے چنانچہ اس ٹورنامنٹ کی وجہ سے اسلام کی معتد ل تعلیم غیر مسلموں تک پہنچانے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جلد از جلد ریجن کی سعید روحیں اسلام احمدیت کی آغوش میں آتی چلی جائیں۔

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل آن لائن برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ