• 25 اپریل, 2024

شعراء کرام سے ایک ضروری درخواست

روزنامہ الفضل لندن میں شعراء کرام کا منظوم کلام شائع ہوتا ہے۔ جن میں بعض نو آموز شعراء کا کلام بھی شامل ہوتا ہے۔ جس پر بعض مستند شعراء اپنے جذبات اور تحفظات کا کافی اظہار کرتے ہیں۔

خاکسار ان مستند شعراء کی خدمت میں نہایت ادب سے یہ درخواست کرنا چاہتا ہے کہ ’’الفضل‘‘ آغاز سے ہی استاد کا درجہ رکھتا ہے۔ بے شمار، انگنت احمدی احباب و خواتین نے ’’الفضل‘‘ سے ہی لکھنا سیکھاہے ان میں سے بعض نثر نگار بنے اور بعض شعراء کیونکہ الفضل نے ایسے شعراء کی نظمیں اور نثر نگاروں کے مضامین شائع کرکے ان نو آموز لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔ جن کی تعداد اب ہزاروں میں ہے۔

کوئی نثر نگار یا شاعر پیدائشی طور پر نہ تو مضمون لکھنا جانتا ہے اور نہ شعر و شاعری کرنا اور وقت کے ساتھ وہ دھیرے دھیرے ترقی اور بہتری کی منازل طے کرتا ہے۔ کوئی شاعر یا نثر نگار اپنے سابقہ لکھے ہوئے پر نگاہ ڈالے تو ہر انسان سابقہ دور سے اپنے آپ کو بہت بہتر پاتا ہے ۔ خاکسار نے خود ایسے شعراء کا کلام آغاز میں سنا ہوا ہے جب انہوں نے شاعری کہنی شروع کی تو وہ ٹوٹے پھوٹے اشعار ہوتے تھے مگر داد لے لے کر ان کا شمار مستند شعراء میں ہونے لگا ہے۔

میں تو شعرو شاعری سے زیادہ تعلق نہیں رکھتا لیکن جماعت میں موجود روحانی شخصیات و دیگر شعراء کا کلام سن سن کر اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ شاعری میں بحر اور وزن ضرور حیثیت رکھتے ہیں مگر شاعری جذبات کا بھی نام ہے جیسے آجکل کرونا کی وجہ سے احمدی دوستوں کے دل پسیجے جا رہے ہیں اور وہ شاعری کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔ پھر ہم نے آزاد شاعری بھی دیکھی اور سنی ہوئی ہے۔

اس لئے مستند شعراء کو اپنا سابقہ دور سامنے رکھ کر ان نوآموز شعراء کو تنقید کی بجائے داد دینی چاہئے کیونکہ مستقبل میں یہی جماعت کا سرمایہ ہیں۔ جنہوں نے مستند شعراء کی جگہ لینی ہے۔ میری درخواست ہے کہ اگر مستند شعراء کسی کی نظم میں جھول دیکھیں تو ادارہ سے رابطہ کرکے اس نو آموز شاعر کا فون نمبر یا ای میل حاصل کر کے انہیں اپنا شاگرد بنا کر ان کی تربیت کریں یا اپنےآپ کو نوک پلک درست کرنے کے لئے پیش کریں۔

ایڈیٹر کی حیثیت سے خاکسار نے دنیا بھر کے لاکھوں قارئین، مضمون نگاروں اور شعراء کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔ ادارہ ہر ممکن نوک پلک درست کرکے نثر یا منظوم کلام دینے کی کوشش کرتا ہے۔ ادارہ کی پوری ٹیم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھا کریں۔ کَانَ اللّٰہُ مَعَکُم

(ایڈیٹر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ (22 ۔اپریل2020 ء)