• 25 اپریل, 2024

بانجل (گیمبیا) میں فری میڈیکل کیمپ

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے گیمبیا میں مجلس نصرت جہاں سکیم کے تحت خدمت انسانیت کرتے ہوئے جماعتی ہسپتال احمدیہ مسلم ہسپتال، ٹلنڈنگ (بانجل) کو مؤرخہ 15 اگست 2022ء بروز پیر فری میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علٰی ذٰلک۔

یہ فری میڈیکل کیمپ خصوصاً ان غریب احباب کے لئے لگایا گیا جو حالیہ بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے متاثرین ہیں اور بھوک کے ساتھ ساتھ بیماریوں میں بھی مبتلاء ہیں۔ مذکورہ سیلاب سے صرف اس علاقہ میں ایک اندازہ کے مطابق ساٹھ خاندان اور تین سو کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں۔ یہ کیمپ ملک کے دارالخلافہ بانجل کے متاثرہ علاقہ میں لگایا گیا۔

مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ گیمبیا سے منظوری حاصل کرنے کے بعد پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعا کی درخواست کی گئی۔

کیمپ میں دو ڈاکٹرز، مکرم صاحبزادہ رفیع احمد خان (ڈاکٹر انچارج احمدیہ مسلم ہسپتال ٹلنڈنگ) اور خاکسار حافظ محمد آصف (ایڈمنسٹریٹر)، پیرا میڈیکل سٹاف اور مددگاروں سمیت کل نو افراد شامل ہوئے۔ یہ کیمپ صبح گیارہ بج کر تیس منٹ پر شروع ہوا اور سہ پہر چار بج کر تیس منٹ پر اس کا اختتام ہوا۔ اس دوران کل ایک سو پندرہ 115 افراد کو چیک کیا گیا اور مفت ادویات دی گئیں۔ خصوصاً شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو ایک ایک ماہ کی دوائی مفت دی گئی۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین کو نہ صرف ایک ماہ کی دوائی دی گئی بلکہ انکو فری اینٹی نیٹل کارڈ اورمستقل طور پر مفت سکیننگ کی سہولت بھی دی گئی۔ جن مریضوں کو مزید علاج یا ٹیسٹ کی ضرورت تھی، انکو مستقل علاج کے لئے ہسپتال آنے کے لیے کہا گیا۔

اس کیمپ میں لوکل کرنسی کے حساب سے کل پچاس ہزار ڈلاسی اخراجات آئے، جوکہ تقریباً ایک لاکھ پینسٹھ ہزار روپے بنتے ہیں۔

دوران کیمپ نائب امیر اول و مشنری انچارج جماعت احمدیہ گیمبیا مکرم محمود احمد طاہر نے بھی دورہ کیا اور نیک تمناؤں کے ساتھ کیمپ کی کامیابی اور مفید ہونے کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے حضور حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا کہ یہ مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بھائیوں کی تکالیف دور کرے۔ اس لئے ہم یہ محض آپ ﷺ کی نصیحت پر عمل کرنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ممبر آف نیشنل اسمبلی مکرم موڈو لامین تورے، کونسلر مکرم بِنٹن ایس۔ایم جاٹے، ریڈ کراس کا نمائندہ، میئر آف بانجل کا نمائندہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کا نمائندہ بھی موجود تھا۔ ان کے علاوہ دوسرے بااثر افراد نے بھی کیمپ میں شرکت کی اور جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا۔ اورکہا کہ دوسرے طبی اداروں کو بھی جماعت کی اس مثال کی پیروی کرنی چاہئے۔

ممبر آف نیشنل اسمبلی مکرم موڈو لامین تورے نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ہم جماعت احمدیہ کی ہمارے ملک میں اس خدمت انسانیت کو سراہتے ہیں۔ اور جماعت احمدیہ اور تمام ڈاکٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس پر ڈاکٹر رفیع احمد خان صاحب انچارج ہسپتال نے ان کو یقین دہانی کرائی کہ نہ صرف ہم ایسے کیمپس جاری رکھیں گے، بلکہ ملک کے طول و عرض میں ایسی دور دراز جگہوں پربھی جائیں گے جہاں پر طب کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔

اس کیمپ کے موقع پر میڈیا کی طرف سے GRTS National TV Station) اور جماعتی ریڈیو چینل LightFM کے نمائندے بھی موجود تھے۔ انہوں نے نہ صرف اس کیمپ کی کوریج کی بلکہ وہاں پر موجود مختلف افراد کے انٹرویو بھی لئے۔ بعدازاں جی۔آر۔ٹی۔ایس ٹی۔وی چینل نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ کی طرف سے یہ بہت احسن قدم ہے اور ہم جماعت احمدیہ کے شکرگزار ہیں۔ یقیناً یہ کیمپ جماعت اس موٹو کا عملاً اظہار ہے، محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس کیمپ کوہر لحاظ سےبابرکت فرمائے۔ احمدی ڈاکٹرز کے ہاتھ میں شفاء رکھے اور تمام بیماروں کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطاء فرمائے۔ اوردکھی انسانیت کی خدمت کے ایسے پروگرام آئندہ میں منعقد کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

(حافظ محمد آصف۔ ایڈمنسٹریٹر احمدیہ مسلم ہسپتال۔ ٹلنڈنگ،بانجل، گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ